ملک میں جاری طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ حکمرانوں کی دھوکہ دیہی کا نتیجہ ہے، حلیم عادل شیخ

Karachi

Karachi

کراچی : مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ ملک میں جاری طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ حکمرانوں کی دھوکہ دیہی کا نتیجہ ہے۔جمعہ الوادع کا رحمتوں اور برکتوں سے بھرا دن شہریوں نے پانی اور بجلی کی آس میں گزار دیا۔پورے رمضان عوام نے پانی اور بجلی کے لئے ترستے ہوئے گزار ے ہیں اس پر عوام میں حکومت کے خلاف جو احتجاج کی لہر پیدا ہورہی ہے۔

اس کی تپش پڑتے ہی حکمران رفو چکر ہوجائیں گے کیونکہ حکومت کے ایک سال میں عوام کو ایک منٹ بھی سکھ کا سانس نصیب نہیں ہوا ہے۔ رمضان المبارک میں انہوں نے ایک ایک پل عوام کو بونس کے طور پر بجلی، مہنگائی اور بدامنی کے تحفے دیئے ہیں۔ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے لوگ بے روزگاری کی تصویر بن چکے ہیں۔ یہ حکمران جان لیں عید کے بعد بپھری ہوئی عوام ہمارے احتجاج میں شامل ہوکر حکمرانوں کے ناک میں دم کردے گی۔

عوام سے منہ موڑنے کی بناء پر سندھ میں پیپلز پارٹی اور پنجاب میں ن لیگ والے مشکلات کا شکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ لائر ونگ کے وفد سے صوبائی سیکرٹریٹ میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی میں آپریشن کے باوجود عوام میں بے چینی کا پایا جانا صوبہ سندھ اور وفاقی حکومت کے لئے سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ ہمارے سیکورٹی ادارے اپنی جان جوکھوںمیں ڈال کر عوام کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر اس وقت پولیس شہریوں کا کیا تحفظ کرے گی وہ خود ہی مشکلات اور تحفظات کا شکار ہے۔ کئی کئی سو مجرموں کو پکڑنے کے باوجود انہیں سزائیں نہیں مل پاتیں دن دیہاڑے وارداتیں کرنے والے بلاخوف اس لئے شہر میں دندناتے پھرتے ہیں کیونکہ ان دہشت گردوں کو سزائوں کا خوف نہیں ہے۔ اس وقت ملک میں کرپشن اور بیڈ گورنس کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں۔

ملک کو مشکلات میں چھوڑ کر بھاگ جانا حکمرانوں کے لئے کوئی نئی بات نہیں ہے مگر نام نہاد حکمرانوں کی ان عادات کو اب عوام کو بھی سمجھ لینا چاہئے تاکہ اچھے اور برے حکمرانوں میں تمیز کرنے میں کوئی مشکل نہ ہو۔ اس موقع پر مسلم لیگ ملیر کے صدر نعیم شیخ، ریاض پالاری، فرحان شاہ، محمد عرفان، جاوید اعوان اور دیگر بھی موجود تھے۔ لائر ونگز کے رہنمائوں نے مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ سے موجود ہ صورتحال پر گفت و شنید کی اس پر حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ رینجرز کی جانب سے اخبارات میں یہ شکوہ پڑھنے کا موقع ملا کہ ہم ملزمان پکڑ تو لیتے ہیں مگر حکومت انہیں چھوڑ دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اپنے سیکورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کررہی ہے اسی انداز میں سندھ حکومت کو پولیس اور رینجرز کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا کیونکہ یہ اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر شہریوں کی حفاظت پر مامور ہیں۔