ملک میں مون سون بارشوں میں شدت کا امکان، طغیانی کا خدشہ

Monsoon Rains

Monsoon Rains

اسلام آباد (جیوڈیسک) پنجاب کے کئی شہروں میں ایک بار پر بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے آج ملک میں مون سون بارشوں میں شدت کا امکان ظاہر کرتے ہوئے ندی، نالوں اور دریاوں میں سیلابی صورت حال کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارش جاری ہے۔ فیصل آبادشہر میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ چنیوٹ میں موسلا دھار بارش نے گرمی اور حبس کا زور توڑ دیا۔ مظفر آباد میں ہلکی اور تیز بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا یہ سسٹم بدھ تک پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر کے بیشتر علاقوں میں فعال رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے پیر سے بدھ کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالا، لاہور، پشاور، کوہاٹ، مردان، ڈیرا اسماعیل خان، سبی، ژوب اور نصیر آباد میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی ہے۔

ڈیرہ غازی خان اور ہزارہ ڈویژن میں پہاڑی علاقوں سے آنے والے پانی سے ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہیاور عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی، زیرں سندھ، جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور گلگت بلتستان، قلات، مکران ڈویژن میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔