ملک بھر میں7 ویں محرم کے ماتمی جلوس برآمد ہونا شروع

Muharram Mourning Processions

Muharram Mourning Processions

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر میں ساتویں محرم الحرام کے ماتمی جلوس برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں، جلوسوں کی نگرانی کیلئے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ساتویں محرم الحرام کے جلوس نکالے جائیں گے، کراچی میں ساتویں محرم کا جلوس امام بارگاہ شاہ نجف سے دوپہر تین بجے برآمد ہوکرنشترپارک میں اختتام پذیر ہو گا، جلوس کی سیکیورٹی کے لئے پولیس کے ہمراہ رینجرز کے دستے بھی تعینات ہوں گے۔ فوج کو بھی اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے، پنجاب کے مختلف شہروں جھنگ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، خانیوال، مظفرگڑھ اور دیگر میں ساتویں محرم کے حوالے سے علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جا رہے ہیں، لاہور میں ماتمی جلوس آج شام اسلام پورہ سے برآمد ہوکر خیمہ سادات پہنچے گا، اس موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ پاک فوج کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

پشاور میں ساتویں محرم الحرام کا ماتمی جلوس امام بارگاہ سید عالم شاہ سے برآمد ہو گا، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اسی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا،کوئٹہ میں ساتویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہو گا، جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا واپس علمدار روڈ پر اختتام پذیر ہو گا، جلوس کی سیکیورٹی پر تین ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔