ملک و قوم سے نہ تو کل کے حکمران مخلص تھے اور نہ ہی آج کے حکمران وفادار ہیں، امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) خواتین پر تشدد کے عالمی دن کے موقع پر لاہور میں 5 سالہ بچی کے بعد از اجتماعی زیادتی قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے روشن پاکستان پارٹی کے قائد امیر علی پٹی والا، وائس چیئرمین اسلم خان، صدر محمد سلیمان سولنگی، نائب صدر حاجی امیر علی خواجہ، محمد یونس سایانی،اقبال ٹائیگر ،محمد اقبال چاند ،میڈم انیتا ایڈوکیٹ، تبسم ناز،ایوب صدیقی اور راجہ انوار ایڈوکیٹ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان میں آئین پر عدم عملدرآمد اور قانون کی عدم پاسداری کے باعث پاکستان میں جنگل کا نظام رائج ہے ہر جانب ظلم، استحصال، جبر اور بربریت کی آگ لگی ہوئی ہے کسی کو بھی امان و تحفظ حاصل نہیں ہے۔

بالخصوص طبقاتی تضاد اور صنفی امتیازات کا شکار پاکستانی معاشرے میں خواتین کی حالت و حالات انتہائی خراب ہیں صرف اس سال ملک میں خواتین پر تشدد کے 5 ہزار سے زائد واقعات منظر پرآچکے ہیں مگر اب تک نہ تو مجرم کیفر کردار تک پہنچائے گئے ہیں اور نہ ہی مظلومین کی دادرسی یا انہیں حصول انصاف ممکن ہوسکا ہے جبکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ ملک و قوم کو مسائل و مصائب سے نکالنے اور عوام کو تحفظ، امن و خوشحالی کی فراہمی کے حوالے سے نہ تو کل کے حکمران مخلص تھے اور نہ ہی آج کے حکمران سنجیدہ ہیں۔

تنظیم محب وطن روشن پاکستان وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو نعروں اور دعووں کی سیاست کی بجائے حقیقی معنوں میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے مصروف عمل ہے اور پاکستان کو مسائل و مصائب سے نکال کر عوام کو تحفظ، امن اور خوشحالی کی ضمانت فراہم کرنے والا قابل عمل فارمولہ پیش کرچکی ہے اوراب اس فارمولے کے مطابق عوام کو اختیار و اقتدار میں شراکت اور حق احتساب کی فراہمی کے ذرےعے استحصال و ناانصافی کا خاتمہ اور قانون و مساوات کے معاشرے کے قیام کے ذریعے پاکستان و عوام کے پر امن، محفوظ اور خوشحال مستقبل کیلئے سیاسی و جمہوری جدوجہد میں مصروف ہے۔