ڈاکٹرعافیہ کی رہائی سفارشات وزیراعظم کو بھجوا دی گئیں

Dr. Aafia

Dr. Aafia

اسلام آباد (جیوڈیسک) ڈاکٹر عافیہ کی پاکستان حوالگی سے متعلق ٹاسک فورس کی سفارشات وزارت قانون اور دفتر خارجہ نے درست قرار دیتے ہوئے حتمی منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھجوا دی ہیں۔ اسلام آباد ذرائع کا کہنا ہے کہ عید سے قبل ہی ڈاکٹر عافیہ کی حوالگی سے متعلق امریکہ کو خط لکھ دیا جائیگا۔ وزارت داخلہ نے ڈاکٹر عافیہ کو واپس پاکستان لانے کے لئے ڈائریکٹر جنرل نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل طارق لودھی کی سربراہی میں تین رکنی ٹاسک فورس تشکیل دی تھی۔ ٹاسک فورس کو اپنی سفارشات مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ٹاسک فورس نے عافیہ صدیقی کی واپسی سے متعلق چودہ سفارشات وزیر داخلہ کو پیش کیں جنہیں درست قرار دیتے ہوئے حتمی منظوری کیلئے وزیراعظم میاں نواز شریف کو بھجوا دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹاسک فورس نے امریکہ کی جانب سے 2009 میں پاکستان کو لکھے جانیوالے خط کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سفارشات مرتب کیں جس میں پاکستان کو کہا گیا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ کی پاکستان حوالگی سے قبل پاکستان کو امریکہ سے مجرموں کے تبادلے کے دو معاہدے کرنا ہونگے۔

ان میں انٹر امریکن کنونشن آن سرونگ کرمنل سینٹینسز ابراڈ 1993 اور کونسل آف یورپین کنونشن آن ٹرانسفر آف سینٹینسڈ پرسنز شامل ہیں۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق امریکی حکام سے بات چیت کیلئے ایک خصوصی وفد جلد امریکہ کا دورہ کرے گا اور امریکن سول لیبر یونین کے نمائندوں سے ملاقات کرے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ڈاکٹرعافیہ کی پاکستان حوالگی کے لیے امریکی صدر براک اوباما کو ٹیلی فون بھی کریں گے۔