ڈیلس : امریکا میں جوپزیرائی ملی ہمیشہ یاد رہے گی ، سلیم آفریدی

Saleem Afridi

Saleem Afridi

ڈیلس (جیوڈیسک) پاکستان میں طنز و مزاح کے ذریعے بھرپور نام پیدا کرنے والے معروف مزاحیہ فنکار سلیم آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لوگوں میں بڑا ٹیلنٹ موجود ہے۔

اس وقت بھی مزاح کے حوالے سے بڑے بڑے فنکاروں کا تعلق پاکستان سے ہی ہے امریکہ بھر میں جو پذیرائی ملی ہے اور لوگوں نے جو محبت دی ہےوہ ان کو ہمیشہ یاد رہے گی۔ ڈیلس میں اپنے ایک شو کے بعد جنگ/ جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ جب بھی ملک سے باہر جاتے ہیں تو دیسی کمیونٹی چاہے وہ پاکستان سے ہویا بھارت سے‘ وہ جوق در جوق ایسے شوز میں آتی ہے اور بھرپور تفریح حاصل کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فلم انڈسٹری ایک بڑی انڈسٹری ہے۔

تاہم اگر آپ اب بھی نظر دوڑائیں تو پاکستان کے خصوصاً طنز و مزاح کے حوالے سے وابستہ فنکار اب بھی اپنا ایک بڑا مقام رکھتے ہیں جس کو ہر کوئی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں فن اور فنکار کی وہ اہمیت نہیں لیکن دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے شائقین کی جانب سے جو پذیرائی ان کو ملتی ہے اس سے اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ لوگ فن اور اس سے وابستہ لوگوں کو کس قدر پذیرائی دیتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے فنکار بھی اپنے ملک کا نام روشن کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں انہوں نے کہاکہ امریکہ میں جو شوزبھی منعقد کئے گئے اُن میں بھی لوگوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی جس پر وہ ان کے شکرگزار اور ممنون ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ آئندہ بھی امریکہ آئیں گے اس وقت بھی ان کو کئی جگہوں سے پروگراموں میں شرکت کی دعوت دی گئی مگر ویزے کی پابندیوں کے سبب انہوں نے مزید پروگرام نہیں کئے۔ اس موقع پر معروف کمیونٹی رہنماء عمران لائلپوری‘ محمد رانا اور نسیم حسین بھی موجود تھے۔