جمہوریت کا مستقبل مخدوش دکھائی دے رہا ہے عمران چنگیزی

کراچی : دنیا کی تاریخ بتاتی ہے کہ جمہوریت ہی کسی بھی ملک اور قوم کو ترقی ‘ تعمیر اور تہذیب و شائستگی کی جانب گامزن کرتی اور آگے کی جانب لیکر جاتی ہے مگر بد قسمتی سے پاکستان میں چونکہ جاگیردارانہ نظام رائج ہے اسلئے جمہوریت جب بھی آتی ہے جاگیرداریت کے پنجوں تلی دبی رہتی ہے۔

جس کے نتیجے میں عوامی مفادات کو قربان کرکے گروہی مفادات کی بجا آوری کیلئے وطن عزیز کی جڑوں پر ضرب کاری روایت رہی ہے اور اگر اس روایت کو برقرار رکھا گیا تو شاید آنے والا وقت ہمیں متحد نہ دیکھ پائے اور ہم ایکبار پھر1971ء جیسے کسی سانحہ سے دوچار ہوجائیں۔

نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین عمران چنگیزی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدانوں کا رویہ روایت پرستی کا ثبوت دے رہا ہے اور سیاسی مفادات کیلئے قومی وعوامی مفاد سے اجتناب سیاسی جماعتوں کے طرز عمل سے ظاہر ہے اس لئے جمہوریت کا مستقبل بھی مخدوش دکھائی دے رہا ہے اور آنے والا وقت بھی قوم کیلئے کچھ سازگار اور بہتر دکھائی نہیں دیتا۔

اب وہ وقت آچکا ہے کہ قوم رب سے لو لگاکر اس سے بہتری دعا مانگے اور اگر سوئے اتفاق انتخابات ہوں تو پھر قوم کے ہر فرد کو حقیقی بہتری اور تبدیلی کیلئے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے شخصیت پرستی تفرقہ بازی اور لسانیت و تعصب سے بالاتر ہوکر اپنی نسلوں کی بہتری اور محفوظ مستقبل کیلئے درست فیصلہ کرنا ہوگا۔