جمہوریت کے نام پر ملک میں آمریت قائم ہے، شہاب الدین حسینی

karachi

karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے آرگنائزنگ سیکریٹری شاہد قریشی اور ترجمان وسیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید نے اے پی ایم ایل سندھ کے چیف آرگنائزر و سینئر مسلم لیگی رہنما اور سابق ممبر قومی اسمبلی شہاب الدین شاہ حسینی کیخلاف حکومتی انتقامی کاروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جمہوریت کا نام لیکرعوامی مینڈیٹ پر شبخون اور دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آنے والے فسطائی ہتھکنڈوں ریاستی جبر اور سازشوں کے ذریعے نہ تو عوام کو حسینیت کی تقلید وپیروکاری سے روک سکتے ہیں اور نہ مشرف کو عوام کے دلوں سے نکال سکتے ہیں۔

اس موقع پر آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے چیف آرگنائزر سید شہاب الدین شاہ حسینی نے بتایا کہ اے پی ایم ایل کو سندھ میں آرگنائز کرنے کی پاداش میں جہاں حکومتی اہلکار مسلسل مجھے پریشان و ہراساں کررہے ہیں وہیں انتقامی کاروائی کرتے ہوئے حکمرانوں کی ایماء پر میری زمین پر پانی چھوڑ کر 50ایکڑ پر کھڑی لوبیا کی تیار فصل اور 100ایکڑ پر کھڑی گنے کی تیار فصل کو تباہ کرکے مجھے کروڑوں کا نقصان پہنچایا گیا ہے مگر میں حکمرانوں کو بتادینا چاہتا ہوں کہ فسطائی ہتھکنڈوں سے نہ میرے حوصلوں کو زیر کیا جا سکتا ہے نہ عوام کے دلوں سے پرویز مشرف کی محبت کو نکالا جاسکتا ہے اور نہ ہی آل پاکستان مسلم لیگ کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت کو مقید کیا جاسکتا ہے۔

اے پی ایم ایل رہنماؤں نے چیف جسٹس سے حکومتی ذمہ داران کی انتقامی کاروائیوں اور مخالفین کی زمینوں پر پانی چھوڑ کر انہیں برباد کرنے کی سازشوں کا ازخود نوٹس لیکر متاثرین کو انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ نہ تو موجودہ حکومت جمہوری ہے اور نہ ہی حکمرانوں کا کردار محبانہ ہے بلکہ عوام کو یرغمال بنانے والے جمہوریت کے نام پر ظلم و جبر کی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔