اُمید بہار رکھ

Pakistan

Pakistan

تحریر: پروفیسر رفعت مظہر

عشروں سے اقتدار پر قابض وہی سٹیٹس کو کے نمائندے ہیں جن کے اجداد یا تو پاکستان کے مخالف تھے یا پھر حصولِ پاکستان کی جدوجہد سے لاتعلق۔ اسی بنا پر قومی سیاست میں ”سٹیٹس کو”مضبوط سے مضبوط تر اور جمہوریت کمزور سے کمزور تر ہوتی چلی جا رہی ہے۔ ہم لاکھ آزادیٔ جمہور کے ترانے گائیں، تلخ حقیقت تویہی ہے کہ اب جمہوریت اور آمریت میں تمیز کرنا مشکل ہوگیا ہے۔آمریتیں بھی آتی رہیں اور آمرانہ جمہوریتیں بھی لیکن بھوکوں مرتے عوام کا بھلا کسی کے ہاتھوں نہ ہوا ۔مایوسیاں اُگتی رہیں، محرومیاں پَلتی رہیں اور اشرف المخلوقات کی حالت یہ کہ
فرشتوں نے جسے سجدہ کیا تھا
وہ کَل فُٹ پاتھ پہ مُردہ پڑا تھا

پھرسٹیٹس کو کے خلاف ایک توانا آواز اُٹھی اور حالات کے کچلے انسانوں ،خصوصاََ نوجوانوں نے اُس آوازپر والہانہ لبیک بھی کہاکہ وہ اپنے خون سے پَلنے والی جونکوں کو مزید مہلت دینے کے لیے تیار نہیں تھے ۔یہ توانا آواز عمران خاں صاحب کی تھی جو 1992ء کا ورلڈ کپ جیتنے کے بعد قومی ہیرو کا درجہ حاصل کر چکے تھے۔ورلڈ کپ تو ہر چار سال بعد عالمی برادری کاکوئی نہ کوئی کپتان جیت ہی جاتا ہے لیکن عمران خاں صاحب کا اصل کارنامہ تو شوکت خانم کینسر ہسپتال اور نَمل یونیورسٹی ہے ۔یہ کارنامے ایسے ہیں کہ جن کی جتنی بھی تحسین کی جائے کم ہے۔قوم نے سوچا کہ اگر ایک تنہا شخص اپنے عزمِ صمیم کے ساتھ ایسے کارنامے سر انجام دے سکتا ہے تو یقیناََ قوم کی تقدیر بھی بدل سکتا ہے۔

لاریب اُس وقت خاںصاحب کی مقبولیت سمندروں سے وسیع اور ہمالیہ سے اونچی تھی لیکن گَڑ بَڑ وہاں ہوئی جہاں ”سٹیٹس کو”کے نمائندوں اور فصلی بٹیروں نے دھڑادھڑ تحریکِ انصاف میں شمولیت اختیار کرنا شروع کی اور خاں صاحب کا رویہ ہر کسی کے لیے کچھ یوں کہ ”میرا دَر کھُلا ہے ،کھُلا ہی رہے گا تُمہارے لیے”۔تَب اذہان وقلوب میں شَک کے سنپولیے رینگنے لگے اور سوچوں کا محور یہ کہ ”کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے”۔اِس کے باوجود بھی لوگوں نے سوچا کہ خاں صاحب کی قَدآور شخصیت سٹیٹس کو کے اِن نمائندوں کو سیدھا کر دے گی خاں صاحب نے بھی باربار یہ کہا کہ اگر سَربراہ دیانتدار ہوتو کوئی بَددیانتی کی جرأت نہیں کر سکتا۔ شخصی خامیوں کے بارے میں لوگ یہی کہتے تھے کہ معصوم عن الخطا تو کوئی بھی نہیں ہوتا۔

اسی لیے قوم نے 2013ء کے انتخابات میں تحریکِ انصاف کو پاکستان کی دوسری بڑی سیاسی جماعت کے درجے پر فائز کر دیا ۔تحریکِ انصاف کو خیبرپختونخوا کی حکومت بھی ملی اور پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کی حزبِ اختلاف کی قیادت بھی ۔پہلے پہل تو اپنی اِس کامیابی پر کپتان صاحب مطمعن بھی نظر آئے لیکن پھر ”صلاح کاروں”کے ایسے ہتھے چڑھے کہ ”نے ہاتھ باگ پر ہے نہ پا ہے رکاب میں”کی سی کیفیت ہوگئی ۔وہ کپتان کہ جنکے بارے میں ہم وثوق سے کہا کرتے تھے کہ اُن کی باتیں سچائی کی مہکار سے لبریز ہیں ،اُسی کپتان نے اتنے یوٹرن لیے اور ایسی زبان استعمال کرنا شروع کی کہ ندامت محسوس ہونے لگی ۔ایچی سَن اور آکسفورڈ کے پڑھے عمران خاں ایسے تو ہرگز نہ تھے جیسے اب ہیں،پتہ نہیں یہ زہراُگلتی زبان کس کی ہے۔ کہا جا سکتا ہے کہ یہ اُس صحبت کا اثر ہے جو آجکل خاںصاحب کو میسرہے۔اسی لیے تو کہا جاتا ہے

با بداں کم نشیں کہ صحبتِ بَد
گَر چہ تُو پاکی ترا پلید کنند

Sheikh Rashid

Sheikh Rashid

خاں صاحب کے پہلو میں براجماں شیخ رشید نامی ایک فصلی بٹیرے کو تو ہم بھی جانتے ہیںجو انتخابات سے پہلے تک نوازلیگ میں واپسی کے لیے ہر کسی کے تَلوے چاٹتا رہا لیکن جب کسی نے گھاس نہ ڈالی تو کپتان صاحب کی ”چوکیداری”میں ہی عافیت ڈھونڈلی ۔ننکانہ صاحب کے جلسے میں اُس نے اپنی بَدزبانی اور بَدکلامی کی انتہا کر دی ۔پیپلزپارٹی پرگرجتے ہوئے اُس نے کہا ”قائم علی شاہ کہتے ہیں کہ مِٹھی میں بچے بھوک سے نہیں مرے ،قائم علی شاہ کو شرم سے ڈوب مرنا چاہیے ۔اگر یورپ میں کوئی کُتے یا بِلّی کا بچہ بھی بھوک سے مرتا ہے تو حکومت ختم ہوجاتی ہے ”۔بالکل بجا کہ عین اسلام یہی ہے اور حضرت عمر تو اِس بات سے بھی لرزہ بَراندام تھے کہ اگر دریائے فرات کے کنارے بھوک سے ایک کُتا بھی مَر گیا تو روزِقیامت اُن کی پُرسش ہوگی ۔

سوال مگر یہ ہے کہ شیخ صاحب کا اپنا کردار کیاہے؟۔اُن کے مربی و محسن آمرمشرف کے دَور میں مظلوموں، مجبوروں اور مقہوروں کے ساتھ کون سا ظلم ہے جو روا نہیں رکھا گیا،کتنے بے گناہ قتل ہوئے اور کتنے پاکستانیوں کو عالمی دہشت گردامریکہ کے ہاتھوں بیچاگیالیکن اُس وقت تو شیخ صاحب بڑے فخرسے کہا کرتے تھے کہ پرویز مشرف کی والدہ نے اُن کواپنا بیٹا بنارکھا ہے ۔اگر شیخ صاحب میں ذراسی بھی شرم ہوتی تو بھلے ڈوب نہ مرتے ،کم از کم وزارت سے چمٹے تو نہ رہتے ۔ننکانہ صاحب میں شیخ صاحب نے بڑھکیں لگاتے ہوئے کہا ”عوام کرپٹ ،چور ،ڈاکو ،بے ایمان ،کمینے ،کمینی حکومت کے خلاف 30 نومبر کو باہر نکلیں ، ماریں ،مَرجائیں ،جلاؤ گھیراؤ کریں”۔ قوم کو حکومت کے خلاف بغاوت پر اکسانے والایہ پیغام تحریکِ انصاف کے پلیٹ فارم سے دیاگیا

اِس لیے لامحالہ یہی سمجھاجائے گا کہ تحریکِ انصاف قوم کو بغاوت پر اکسا رہی ہے ۔میں نے ذاتی طور پر تحریکِ انصاف کے چند لوگوں سے رابطہ کرکے استفسار کیا کہ کیا تحریکِ انصاف شیخ رشید کے اِس بیان کی ذمہ داری قبول کرتی ہے ؟۔مجھے خوشی ہے کہ سبھی نے اِس سے بیزاری کا اظہار کیا اور اب تو محترم عمران خاںصاحب نے بھی بہ اندازِ حکیمانہ شیخ رشید صاحب کے اِس بیان سے یہ کہہ کر لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے کہ ”30 نومبر کے بعد حکومت کے خلاف جو کچھ کریں گے وہ پُرامن ہی ہوگا”۔اکابرینِ تحریکِ انصاف بھی”ٹاک شوز”میں شیخ صاحب کی بڑھکوں سے لاتعلقی کا اظہار ہی کرتے نظرآتے ہیںاِس لیے ہم اب بھی تحریکِ انصاف سے نا اُمید نہیں۔ اگر خاںصاحب شخ رشید جیسے فصلی بٹیروں سے جان چھڑالیں تو وثوق سے کہا جا سکتا ہے کہ وہ ملکی سیاسی تاریخ کا اثاثہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ اسی بنا پرہم کہتے ہیںکہ اُمیدِ بہاررکھنے میں ہرج ہی کیا ہے۔

Prof Riffat Mazhar

Prof Riffat Mazhar

تحریر: پروفیسر رفعت مظہر