اضلاع کی خبریں 29.6.2013

انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت کا نصب العین عوام کی سچی خدمت ہے
گوجرانوالہ (جی پی آئی) وزیر مملکت برائے نجکاری انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت کا نصب العین عوام کی سچی خدمت ہے، عوام کے لئے دل اور گھر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں،مسلم لیگ ن عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کے لئے د ن رات سرتوڑ کو شش کر رہی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ ہم بلا امتیاز رنگ،نسل ،مذہب و سیاسی جماعت کے ہر شہری کی تکلیف کا ازالہ کرکے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور سابق حکمرانوں کی جانب سے ملک و قوم پر ڈھائے جانے والے مظالم کے اثرات کو زائل کر کے ملک سے لوڈ شیڈنگ ،غربت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے نئی پالیسیاں ترتیب دے رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کی حقیقی اور عوامی قیادت نے پچھلے پانچ سال میں ایک نیا گوجرانوالہ تعمیر کر کے دکھا دیا جہاں آج انفرا سٹرکچر ،صحت اور تعلیم کی بہتر سہولیات موجود ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف کی کامیابی دراصل پاکستان کے عوام کی کامیابی ہے اور عوام کو بہت جلد اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی نظر آنے لگے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرمملکت برائے نجکاری انجینئر خرم دستگیر خان آج دن ایک بجے لارڈز ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے
گوجرانوالہ(جی پی آئی) وزیرمملکت برائے نجکاری انجینئر خرم دستگیر خان آج دن ایک بجے لارڈز ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے ،اس موقع پر ق لیگ پنجاب کے جائنٹ سیکرٹری میاں عمر بشیر، ضلعی نائب صدور خواجہ ناصر محمود ،ملک اقبال،شفیق احمد ناگی،ضلعی جائینٹ سیکرٹری امیر حمزہ بٹ اور دیگر رہنما ق لیگ چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان بھی کریں گے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت مشرف اور مرحوم جنرل ضیاء الحق کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت ٹرائل کرے:ثمینہ خالد گھرکی
لاہور( جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اپنے ہمدردوں کو تحفظ دینے کے لئے حکومت12 اکتو بر کی بجائے 3 نومبر سے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کر نا چاہتی ہے حکومت مشرف اور مرحوم جنرل ضیاء الحق کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت ٹرائل کرے تاکہ جس جس نے آئین شکنی کی اس کو سزا مل سکے اور آئندہ کسی کو بھی جمہوریت پر شب خون مارنے کی جراًت نہ ہو انہوں نے کہا کہ حکومت آئین شکنی کرنے والوں اور منتخب حکومتوں کا تختہ الٹا نے والوں کے کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت ٹرائل اور کارروائی کا اعلان کرے، تاکہ ان کی غیر جانبداری عوام کو نظر آئے ، انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف کے خلاف مقدمہ سے ملک کے سیاسی نظام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔اس کے بعد کوئی شخص یا ادارے کا سربراہ آئین شکنی کی جرات نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سخت دور سے گزر رہا ہے کسی محاز آرائی کو متحمل نہیں ہو سکتا اس لئے سیاسی جماعتوں کو محاز آرائی سے گریز کرنا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بجٹ امیر دوست ہے اور نہ غریب دوست بلکہ پاکستان دوست ہے:پروفیسر ساجد میر
لاہور (جی پی آئی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستا ن کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے ملکی معیشت کا چہرہ مسخ کر کے رکھ دیا ، اسے بحال کرنے میں وقت لگے گا، منظور ہونے والا وفاقی بجٹ امیر دوست ہے اور نہ غریب دوست بلکہ پاکستان دوست ہے۔ عوام کوایک دو مزید سخت بجٹ برداشت کرنا پڑیں گے تب جا کر ملکی معیشت کی سمت درست ہو گی۔ 16ہزار ارب ڈالر قرضوں میں جکڑی معیشت کے باعث حکومت کو بعض غیر مقبول فیصلے کرنا پڑے۔مرکزی دفترمیں کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہونی چاہیے کہ ماضی کی طرح آئینی اداروں میں کشیدگی اور تصادم کی فضا کا تاثرنہ پیدا ہو اور نہ ہی چیلنجوں سے عہدہ برا ہونے کیلئے عوام کو مایوس ہونے دے ۔انہوںنے کہا کہ اضافی جی ایس ٹی کے 13 جون سے نفاذ کے فیصلہ پر عدالتی قانونی اور آئینی حلقوں کی جانب سے حکومت کو پریشانی اٹھانا پڑ سکتی ہے ۔اس اضافے کے نتیجہ میں روزمرہ استعمال کی کم و بیش تمام اشیااور پٹرولیم نرخوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا ہو گا۔ خصوصا ماہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردنی میں شتربے مہار اضافہ کا بھی واضح امکان موجود ہے ۔ناجائز منافع خوروں پر کسی قسم کے حکومتی انتظامی چیک کا کوئی تصور ہی نہیں رہا اس لئے یہ مہنگائی بھی حکومت ہی کے گلے پڑیگی۔ حکومت کی جانب سے اپنا پیش کردہ بجٹ منظور کرانا یقینا اس کیلئے ایک بڑا کارنامہ ہے مگر اس بجٹ کے ذریعہ مختلف طبقات پر پڑنے والے ٹیکسوں کے اضافی بوجھ سے حکومت کیلئے جو پریشانی پیدا ہو گی اس کا سامنا کرنے کیلئے بھی حکمرانوں کو تیار رہنا پڑے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ن نے نئی توانائی پالیسی کی منظوری دے کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ قوم کو ریلیف دینا چاہتی ہے:شوکت عزیز بھٹی
لاہور( جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت عزیز بھٹی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے نئی توانائی پالیسی کی منظوری دے کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ قوم کو ریلیف دینا چاہتی ہے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے حکومت بجلی کی پیداوار 1500 میگاواٹ فوری طور پر بڑھانے، وفاقی اور صوبائی اداروں سے 300 ارب کے واجبات کی فوری وصولی، بجلی چوروں کے خلاف قانون سخت بنانے، پاور پلانٹس کیلئے گیس نرخ یکساں کرنے، پاور پلانٹس کو ترجیحی بنیادوں پر گیس مہیا کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ لائن لاسز کو چار سال میں 2 فیصد تک لایا جائیگا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ توانائی بحران سے عوام مشکلات کا شکار ہیں، نئی توانائی پالیسی سے بحران ختم ہوجائیگا، حکومت توانائی بحران کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، عوام کی مشکلات حل کرنے میں توانائی پالیسی اہم کردار ادا کریگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پولٹری میڈیسن کمپنیاں اپنی پروڈکٹ کا فارمولا پیکنگ پر لگائیں:رانا عبدالستار
لاہور(جی پی آئی) پاکستان برائلر فارمرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رانا عبدالستار نے کیا ہے کہ پولٹری میڈیسن کمپنیاں اپنی پروڈکٹ کا فارمولا پیکنگ پر لگائیں، متعلقہ حکام میڈیسن ناقص ثابت ہونے کی صورت میں کمپنی مالکان کو قرار واقعی سزا دیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میڈیسن ناقص ہونے کی وجہ سے پولٹری فارمر کو بہت نقصان ہو رہا ہے مرغی کی بیماریوں کو کنٹرول کرنے کے لئے میڈیسن کے ٹیسٹ لیبارٹری سے کروائے جائیں ناقص میڈیسن صحت مند گوشت مہیا کرنے کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ میڈیسن کے ریٹ بھی مقرر کئے جائیں میڈیسن کمپنیاں منہ مانگے دام لے کر مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافے کا سبب بنتی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رمضان سے قبل ذخیرہ اندوزی ، ق لیگ نے اسمبلی میں تحریک جمع کروا دی
لاہور (جی پی آئی)ق لیگ پنجاب کے اراکین صوبائی اسمبلی عامر سلطان چیمہ اور ثمینہ خاور حیات نے رمضان المبارک سے قبل وسیع پیمانے پر ذخیرہ اندوزی اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کے متعلق اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوائے کار جمع کروائی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ماہ مقدس میں قیمتوں پر موثر کنٹرول کے لیے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے ، اراکین اسمبلی نے کہا کہ حکومت خفیہ ٹیکسیشن اور دوکاندار ناجائز منافع خوری میں مصروف ہیں ، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ، عامر سلطان چیمہ نے کہا کہ ناجائز منافع خور حکومت کی مقررہ کردہ قیمتوں کے تحریری احکامات بھی ہوا میں اڑا رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت لاہور کی طرف سے 3 یوم قبل چھوٹے گوشت کی قیمت 500 روپے کلو ، بڑے گوشت کی قیمت 250 روپے کلو مقر ر کی مگر چھوٹا گوشت 650 روپے اور بڑا گوشت 350 روپے کلو تک دھڑلے سے بیچا جارہا ہے اسی طرح دودھ ، دہی والوں کی قیمتیں بھی فی کلو 5 سے 10 روپے تک بڑھ چکی ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
“الہ آباد ،میرے حلقہ میں انتقامی کارروائیوںکی انتہا کردی گئی”
لاہور(جی پی آئی) پنجاب اسمبلی میںق لیگ کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سردار وقاص حسن موکل نے پنجاب اسمبلی اپوزیشن چیمبر میں اخبار نویسوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الہ آباد (ٹھینگ موڑ) میں ٹی ایم چونیاں کے افسران اہلکاروں نے میرے حلقہ میں انتقامی کارروائیوں کی انتہا کردی ہے،بمشکل سو دو سو روپے یومیہ کمانے والے چھابڑی فروشوں کو تجاوزات ہٹانے کی آڑ میں بے روزگار کیا جارہا ہے اور مجھے ووٹ دینے کی انہیں سزا دی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ الہ آبادبازار میں درجنوں غریب خوانچہ فروش عرصہ بیس سال سے کاروبار کر رہے ہیں اور اپنے بیوی بچوں کا پیٹ پال رہے ہیں جب سے میری جیت کا اعلان ہوا ہے ۔مختلف حیلوں بہانوں سے حلقہ کے عوام کو تنگ کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ ٹی ایم چونیاں والے اپنا قبلہ درست کرلیں اور غریب مزدوروں کی روزی روٹی چھیننے سے باز آجائیں ،انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب حکومت کی پالیسی روزگار دینا ہے تو پھر روزگار چھیننے والوں کا نوٹس لے، انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں بھی اٹھائوں گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ن لیگ کی حکومت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا ۔۔۔ملک احسان گنجیال
لاہور (جی پی آئی) مسلم لیگ ن کے رہنما سابق صدر اے آڑ ڈی کسان کمیٹی پاکستان ملک احسان گنجیال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نواز شریف نے اقتدار سنبھالنے کے بعد عوام کو ریلیف دینا شروع کر دیا ہے میاں نواز شریف کی حکومت نے توانانی بحران پر کافی حد تک قابو پالیا ہے۔ سابق حکومتوں نے ملک کو لوٹنے کے سوا کوئی بھی کام نہیں کیا۔ سابق دور میں جو گند پھیلایا گیا ہے اس کو صاف کرنے میں کافی وقت لگے گا تاہم میاں نواز شریف ملک کو بحرانوں سے ضرور نکال لیں گے۔انہوں نے کہا کہ بعض قوتیں میاں نواز شریف کی حکومت کو ناکام بنانے کیلئے دہشت گردی کا سہارا لے رہی ہیں جو کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے دہشت ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ان خیالات کا اظہار اپنے رہائش گاہ میں مسلم لیگ ن کے مقامی رہنمائوو کارکنوں سے ملاقات میں کیا انہوں نے حکومت پنجاب کے عوام دوست بجٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب نے گذشتہ پانچ سالوں میں عوامی بہبودکے منصوبے بناکر عوام کے دل جیت لئے ہیں پانچ سالوں لوٹ مار کی وجہ ملکی معیشت تباہی کے دہانے پرپہنچ چکی تھی۔تاہم پنجاب حکومت نے بھی وفاق کی طرح عوام پر کم سے کم بوجھ ڈال کر ملکی معیشت کی بحالی کی طرف پہلاقدم اٹھایا ہے جس کے اثرات جلد ظاہر ہونے شروع ہوجائیں گے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب کائٹ فلائنگ انڈسٹری سے وابستہ خواتین کی بحالی کے پلان کا اعلان کریں
لاہور(جی پی آئی) آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن ،آل پاکستان کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن اور خواتین کے حقوق کی علمبردار این جی او ہوم نیٹ فائونڈیشن نے ایک مشترکہ اجلا س میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف پر زور دیا ہے کہ کائٹ فلائنگ انڈسٹری سے وابستہ لوگوں بالخصوص خواتین کے لیے بحالی پلان کا اعلان کریں۔ شہر سے دور علاقوں میں کائٹ فلائنگ زون قائم کرکے ہر سال نہ صرف لاکھوں سیاحوں کو پنجاب آنے کی ترغیب دی جاسکتی ہے جس سے انتہائی قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا جبکہ اُن لوگوں کو روزگار بھی مل جائے گا جو کائٹ فلائنگ پر پابندی کی وجہ سے فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ اجلاس سے آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور کائٹ فلائنگ فیسٹیول کے بانی خواجہ ندیم سعید وائیں، ہوم نیٹ این جی او کی عہدیدار خواتین، کرنل (ر) سعید خان، پروفیسر خالد ملک، محمد طلحہ یعقوب، محمد فہد، حسن عبداللہ و دیگر نے خطاب کیا جبکہ پتنگ سازی پر پابندی کی وجہ سے بے روزگار ہونے والے افراد سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد اجلاس میں موجود تھی۔ آپما کے نائب صدر خواجہ ندیم سعید وائیں نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف صوبے کو تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنانے اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی توجہ پنجاب کی جانب مبذول کرانے کے لیے انتھک کوششیں کررہے ہیں جن کے ثمرات پتنگ سازی سے وابستہ لوگوں تک بھی پہنچنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ، گوجرانوالہ میں ایک لاکھ اور قصور میں اسّی ہزار افراد کائٹ فلائنگ فیسٹیول پر پابندی کی وجہ سے روزگار سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کی بحالی کے لیے پلان کے اعلان سے بہترین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، مخصوص علاقوں میں کائٹ فلائنگ زون قائم کرکے نہ صرف ہزاروں خواتین گھر بیٹھے روزگار حاصل کرسکیں گی جبکہ غیرملکی سیاحوں کی آمد سے صوبہ پنجاب کی ساکھ دنیا بھر میں بہتر ہوگی۔ خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا کہ وہ شروع ہی سے زور دیتے آئے ہیں کہ شہری آبادی میں پتنگ بازی بند کرکے شہر سے باہر کائٹ فلائنگ زون قائم کردئیے جائیں لیکن اُن کی تجویز پر کسی نے غور نہیں کیا جس کی وجہ سے بہت سی قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں ۔ اگر اس تجویز پر عمل درآمد کرلیا جاتا تو نہ صرف قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جاسکتا تھا بلکہ اس شعبے سے وابستہ افراد کو بھی فاقہ کشی سے بچایا جاسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کائٹ فلائنگ انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کی وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے گہری امیدیں وابستہ ہیں اور وہ توقع کرتے ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب اُن کی بحالی کے منصوبے کا جلد اعلان کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کرکے اس حوالے سے بھر پور آواز اٹھائی جائے گی:ڈاکٹر سید وسیم اختر
لاہور(جی پی آئی) ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے پنجاب اسمبلی میں ضمنی بجٹ پر بحث کرتے ہوئے کہا ہے کہ چولستان میں نان فارمل ایجوکیشن کے تحت جو ادارے قائم کیے گئے جن کے کوئی عمارت بھی نہیں جہاں مرد و خواتین، اساتذہ، جونیئر ٹیچر 2500 ماہوار اورسینئر ٹیچر5000ماہوار پر کام کررہی ہیں۔ان سکولز میں کم و بیش پانچ ہزار طلبہ وطالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ان کو حکومت پنجاب بند کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ تعلیم دشمنی اور چولستان کے پانچ ہزار طلبہ و طالبات کا تعلیمی مستقبل تباہ کرنے کے مترادف ہے۔دریں اثنا ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاہے کہ پنجاب اسمبلی میں ان مسائل پر جماعت اسلامی کی طرف سے تحریک التواء بھی پیش کی جائے گی۔اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لے کر اسمبلی میں ان ایشوز پر بھر پور آواز اٹھائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ان سکولوں کو جاری رکھا جائے اورپنجاب کے دیگرسکولوں کی طرح انہیںاور اساتذہ کو بھی ریگولر کیاجائے اور ان کا معاوضہ بھی پنجاب کے دیگر اساتذہ کی طرح مقرر کیا جائے ۔نیز دانش سکول بنانے ہیں توپھر چولستان میں رحیم یار خان،بہاولنگر،بہاولپور سے ملحق چولستان میں ایک ایک دانش سکول بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں میںکیٹ واکس اور موسیقی کے بیہودہ اور فحش پروگرامات ہمیں کس طرف لے کر جارہے ہیں اس کوسختی سے چیک کیے جانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ یونیوورسٹیزاور میڈیکل کالجز میں داخلوں کے حوالے سے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی ہدایات جوکہ نیوورلڈ کاحصہ ہیں ماننے کی بجائے ملکی ضروریات کو سامنے رکھ کر ان اداروں میں طلبہ کے داخلوں کی پالیسی بنائی جائے۔اس وقت70فیصدطالبات ہیں30فیصد طلبہ ہیں۔پنجاب اورملک کی کیا ضرورت ہیں اس کو طے کیا جائے اور پھرداخلہ پالیسی مرتب کی جائے۔