اضلاع کی خبریں (جی پی آئی)14-02-2013

کنجاہ (جی پی آئی)معروف شخصیت ممتاز حسین کی اہلیہ محترمہ اور کنجاہ پریس کلب کے سابق صدر یاور عباس کی خوش دامن کے ایصال ثواب کے لیے ختم قل کی محفل کا انعقاد کیا گیا ۔ ختم قل کی محفل پاک سے مجلس وحدت مسلمین ضلع گجرات کے جنرل سیکرٹری علامہ ڈاکٹر سید تنویر حسین رضوی نے خطاب کیا اور فلسفہ موت و حیات کے ساتھ شان عظمت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم بیان کی۔ ختم قل کی محفل پاک میں چیف آفیسر بلدیہ کنجاہ سید نوید حیدر شاہ ، صدر پریس کلب کنجاہ شہباز سرور بٹ ، گورنمنٹ پبلک ہائر سیکنڈری سکول کنجاہ کے پرنسپل (ر) چوہدری محمد شریف سندرانہ ، سابق کونسلر بلدیہ کنجاہ مرزا محمد عارف،سابق نائب ناظم کنجاہ چوہدری نصر اللہ خاں نصر ایڈووکیٹ، محفل نعت کمیٹی کنجاہ کے صدر عبدالقیوم بھٹہ ، سید رشید حسین شاہ ، سید نذیر حسین شاہ ، ڈاکٹر امجد حسین ، رانا الطاف حسین ، رانا گلزار حسین ، ضیغم حسین ، حاجی غلام رسول آرائیں ، ضیغم عباس، منیر احمد ، سابقہ کونسلر بلدیہ کنجاہ علی بہادر، مرزا خالد بیگ، کنجاہ پریس کلب کے سابق جنرل سیکرٹری احسان فیصل کنجاہی ، سید علی رضا گجرات، سید اشفاق حیدر ناگریانوالہ ، محمد علی آرائیں ، شیخ محمد ادریس، محمد اسلم انصاری ، مشتاق احمد کلاتھ مرچنٹ، مہر جاوید آرائیں ، خالد محمود صدیقی ، خورشید احمدسمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
۔۔۔
کنجاہ (جی پی آئی)معروف شخصیت ممتاز حسین کی اہلیہ محترمہ اور کنجاہ پریس کلب کے سابق صدریاورعباس کی خوش دامن کی وفات پر جامعتہ المجتبیٰ گجرات کے پرنسپل علامہ مولانا محمد زمان حسینی، وائس پرنسپل علامہ مولانا سید ناظم حسین شاہ اور دیگر نے ان کی رہائش گاہ پر آکر تعزیت کا اظہار کیا۔ مرحومہ مغفورہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اورانکی مغفرت کی دعائے کرتے ہوئے اﷲ تعالیٰ سے دعا کی کہ مرحومہ کو صدقہ محمد ۖو آل محمد جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
۔۔۔
کنجاہ (جی پی آئی)معروف شخصیت ممتاز حسین کی اہلیہ محترمہ اور کنجاہ پریس کلب کے سابق صدریاورعباس کی خوش دامن کی وفات پراہم شخصیات نے اظہار تعزیت کیا ہے ۔ اظہار تعزیت کرنے والوں میں مینجنگ ایڈیٹر روزنامہ جذبہ راجہ طارق محمود، پاکستان مسلم لیگ ق یوتھ ونگ حلقہ پی پی 110گجرات کے صدر چوہدری جاوید اقبال ماجرہ ، پاکستان پیپلز الائنس اوورسیز کے چیئرمین اعتاق احمد کھٹانہ ، کنجاہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن یوکے کے چیئرمین ڈاکٹر رب نواز وڑائچ، نیوز الرٹ ایجنسی گجرات کے چیف ایڈیٹر فرحان مرزا، ڈاکٹر عمران اعوان کڑیانوالہ ، محمد علی منہاس ایڈووکیٹ، مہر نثار احمد ، عبدالحفیظ صراف نے تعزیت کا اظہار کیا۔ مرحومہ مغفورہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اورانکی مغفرت کی دعائے کرتے ہوئے اﷲ تعالیٰ سے دعا کی کہ مرحومہ کوجنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کی تعمیر اپنے آخری مراحل میں داخل ہو گئی
وزیرآباد(جی پی آئی) وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کی تعمیر اپنے آخری مراحل میں داخل ہو گئی۔بلڈنگ کی اندرونی تزین و آرائش کا کام زور شور سے جاری ہے۔صحافیوں نے اچانک کارڈیالوجہ ہسپتال کا دورہ کیا تو معلوم ہوا کہ صرف سیوریج اور اے سی پلانٹ پر کام باقی ہے رنگ و روغن اور ڈسٹمپر کا کام ہو رہا تھا۔ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر نثار احمدچیمہ نے فون پر صحافیوں کو بتایا کہ کارڈیالوجی سنٹر کو جنرل ہسپتال میں تبدیل کرنے کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں اس منصبہ کو سوچی سمجھی سازش کے تحت سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ(ق) کے تمام حلقوں میں از سر نو باڈیاں تشکیل دینے کا فیصلہ تمام ناراض کارکنوں کو اکٹھا کر کے ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے پر غور
وزیرآباد(جی پی آئی)مسلم لیگ(ق) کے تمام حلقوں میں از سر نو باڈیاں تشکیل دینے کا فیصلہ تمام ناراض کارکنوں کو اکٹھا کر کے ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے پر غور۔مسلم لیگ(ق)کے رہنماء مرزا ندیم بیگ کی رہائش گاہ پر ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں مسلم لیگ(ق)کے امیدوار قومی اسمبلی ساجد حسین چٹھہ،چوہدری ارشاد وڑائچ سمیت مسلم لیگ کے کارکنون نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر کارکنون کے اتحاد اور مشترکہ جدوجہد کرنے پر اور اگلے چند روز کے دوران تحصیل بھر کی تمام یونین کونسل سطح پر از سر نو باڈیاں تشکیل دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا تاکہ عوامی رابطے میں آسانیاں پیدا ہو سکیں۔ اجلاس میں ساجد چٹھہ نے کہا کہ ہمیں مثبت فیصلے کرنے چاہیے اور سیاسی طور پر مضبوط ہونا چاہیے تب ہی ہم بہتر انداز میں عوام کی خدمت کر سکتے ہیں۔اجلاس میں وزیرآباد کے حوالے سے مرزا ندیم بیگ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد کارڈیالوجی سنٹر ہی تعمیر ہو رہا ہے : ملک شہباز
وزیرآباد(جی پی آئی) وزیرآباد کارڈیالوجی سنٹر ہی تعمیر ہو رہا ہے عوام سنی سنائی باتوں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔کمزور امیدوار الیکشن مہم میں جان پیدا کرنے کیلئے کارڈیالوجی ہسپتال کا ایشو کھڑا کر رہے ہیں،ہسپتال تعمیر کے آخری مراحل میں ہے اندرونی تذین و آرائش اور رنگ و روغن کا کام جاری ہے۔یہ بات مسلم لیگ کے سٹی صدر ملک شہباز اور مہر طاہرجاوید مٹھو نے صحافیوں کو بتائی ۔انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال بننا ہوتا تو وہ چند سال پہلے بن چکا ہوتا۔کارڈیالوجی سنٹر کی ایک ایک اینٹ کارڈیالوجی کے نکتہ نظر سے نصب کی گئی ہے اس منصوبے کا بیشتر کال میاں شہباز شریف کے دور ہی میں مکمل ہوا ہے انہوں نے کہا کارڈیالوجی سنٹر کی بنیاد رکھنے کا دعویٰ کرنے والوں سے شہری پوچھتے ہیں کہ پانچ سال صوبائی اسمبلی کا ممبر رہنے اور پارٹی چیئرمین ہونے کے باوجود انہوں نے کوئی دلچسپی کیوں نہیں لی۔جسٹس(ر) افتخار احمدچیمہ اور چوہدری شوکت منظور چیمہ نے اسمبلی فلور پر اس منصوبہ کے حق میں وکالت کی،ملک شہباز نے کہا کہ دینی جماعتوں کو خاص طور پر یاد رکھنا چاہیے کہ جب تک کسی خبر کی تصدیق نہ کر لی جائے اس پر یقین نہیں کرنا چاہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی)ایک سال قبل سپیشل پرسنز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہونے والے آل پاکستان مقابلہ نعت خوانی میں اول آنے پر حج پیکج جیتنے والے نابیناطالبعلم کو حج کروانے کا وعدہ پورا نہیں ہوسکا، عوامی، سماجی مذہبی حلقوں کا مقابلہ نعت خوانی کی انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج۔ متاثرہ خاندان کا سپریم کورٹ سے بااثر افراد کیخلاف از خود نوٹس لینے کا مطالبہ۔گزشتہ برس جناح کنونشن سینٹر میں منعقدہ آل پاکستان مقابلہ نعت خوانی کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر کے بصارت سے محروم خصوصی بچوں نے شرکت کی،انتظامیہ کی طرف سے مقابلہ میں اول آنے والے بچے کیلئے والدین سمیت حج پر جانے کا انعام مقرر تھا۔ وزیرآباد کے نواحی علاقہ ویروکی کے رہائشی غریب شخص محمد ریاض کے تین بیٹے ہیں اور تینوں پیدائشی طور پر بصارت کی نعمت سے محروم ہیںکے 14سالہ بڑے بیٹے حسن ریاض نے محفل نعت میں حصہ لیا اور موقعہ پر موجود ججز کے فیصلہ کے مطابق اول انعام کا حقدار ٹھہرا جس کے مطابق محفل نعت انتظامیہ نے گزشتہ حج میں حسن ریاض کو والدین سمیت حج پر بھجوانا تھا مگر محفل کی انتظامیہ نے حج کے ایام سے قبل مسلسل جھوٹ کا سہارا لیکرٹال مٹول سے کام لیا اور حج پر جانے کے ایام گزر جانے کے بعد امیدوار حسن ریاض اور اس کے والدین سے رابطہ منقطع کرلیا۔ بااثر افراد، کاروباری اداروں کے اس طرز عمل پر نابینا حسن ریاض اور اس کا خاندان سخت ترین اضطراب میں مبتلا ہے ۔ عوامی،سماجی حلقوں ،متاثرہ خاندان نے انتظامیہ کی طرف سے اس دھوکہ دہی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ از خود نوٹس لیکر انتظامیہ سے مقابلہ کے انعام کے وعدہ کو پورا کروایا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی)مسلم لیگ ن وومین ونگ وزیر آباد سٹی صدر عاصمہ جاوید ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان اﷲ تعالیٰ نے بے پناہ خصوصیات سے مالا مال زرخیز زمین عطاء کی ہے اور پر عزم پاکستانی محنتی عوام کا شمار پوری دنیا کے کسی کونے میں نہیں پایا جاتا ،لیکن اس کے باوجود بر سر اقتدار موجودہ حکومت نے اپنی ناقص پالیسیاں کی وجہ سے ملک و قوم کو بیکاری بنا کر رکھ دیا ہے ،روٹی کپڑا مکان کا نعرہ مارنے والی حکومت نے زندگی کی یہ بنیادی سہولیتں چھین کر پتھر کے زمانے میں دھکیل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی غیور عوام کی تمام صلاحیتوں کو سلب کر خود کشیوں کا راستہ ہموار کر رہی ہے ۔ موجودہ حالات میں پریشان حال عوام کو جرات مند قیادت کی ضرورت ہے اس لئے ہر باشعور پاکستانی کی نظریں میاں برادران کی طرف اٹکی ہوئی ہیں۔وزیر اعلی ٰپنجاب میاں شہباز شریف نے میٹر بس کا تحفہ دے کرعوام کے دل جیت لئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی)انجمن طلباء اسلام کے صوبائی راہنما شکیل اعوان نے کہا کہ نیو ائیر نائٹ اور ویلنٹائن کے نام پر اسلامی جمہوریہ پاکستان میں فحاشی پھیلائی جا رہی ہے اور مغربی افکار کی ترویج کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ مغربی کلچر نوجوانون کے لئے زہر قاتل ہے مغربی کلچر کی اس بڑھتی ہوئی یلغار کو روکنے کے لئے مسلم نوجوانوں کو عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے ملک کے حکمران ایسے فحاشی کے اقدامات کو روک نہیں سکتے تو پاکستان کو اسلامی جمہوریہ کی بجائے کوئی اور نام سے پکارا کریں۔ فحاشی اور عریانی پھیلانے میں میڈیا بالخصوص ٹی وی چینلز اور موبائل کمپنیاں پوری طرح ملوث ہیں ان کے غیر اخلاقی اقدامات کا سدباب ہونا چاہیئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر آباد (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنماء اور بار ایسوسی ایشن وزیرآباد کے سیکرٹری جنرل مرزا ظہیر انجم بیگ ایڈووکیٹ نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کی کامیابی میں بہت سے مخلص افراد کا ہاتھ ہوتا ہے اور سیاسی جماعتوں کیلئے کارکن بنیادی حیثیت رکھتے ہیں،ان سیاسی کارکنوں کی اپنی پارٹیوں سے عقیدت اور محبت کے نتیجہ میں ہی پارٹیاں اقتدار میں آتی ہیں۔ان سیاسی کارکنوں کے مقاصد اور نظریات علاقہ اور لوگوں کے مسائل کے حل کیساتھ ساتھ مجموعی طور پر ملکی صورتحال میں بہتری سے وابستہ ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک کارنر میٹنگ میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف ہی ملک پاکستان کے وہ واحد لیڈر ہیں جن میں ملک پاکستان کودرپیش ہر طرح کے مسائل اور مصائب سے نکالنے کی تمام تر قائدانہ صلاحیتیں موجود ہیں جبکہ ان کے مدمقابل امیدواروںکے پاس سوائے مخالفت در مخالفت کے کوئی ایجنڈہ نہیں۔ظہیر انجم بیگ کا کہنا ہے کہ اسلام دشمن بیرونی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ نواز شریف پاکستان جیسی ایٹمی مملکت کا اقتدار سنبھالیں کیونکہ نواز شریف کی قیادت میں بیرونی دنیا کے مذموم مقاصد پورے نہیں ہوسکتے۔میاں برادران کے ترقیاتی منصوبوں میں وزیر آباد کا کارڈیالوجی سنٹر بھی ترقی وخوشحالی کا ضامن ہے۔جو وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی بھر پور کوششوں سے بہت جلد شروع کیا جا رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گوجرانوالہ (جی پی آئی) پیپلزپارٹی کے ضلعی راہنما و سابق ٹائون ناظم رائو اکرام خاں نے کہا ہے کہ انتخابات بر وقت ہونے سے غیر جمہوری عناصر کمزور ہو جائیں گے، جمہوریت کے خلاف ان غیر جمہوری عناصرکی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی، جمہوری نظام کے تحفظ کے لئے پیپلز پارٹی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منڈیالہ وڑائچ میں اپنی رہائشگاہ پر ملنے آئے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وفد کی قیادت چودھری مشتاق گجر اور رانا محمد فیاض نے کی، رائو اکرام خاں نے کہا کہ پیپلزپارٹی بروقت انتخابات منعقد کر کے عوام کے مسائل حل کرے گی، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی اور وفاق سمیت تمام صوبوں میں حکومت بنائے گی، انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کے منشور کو آگے لے کر چلیں گے اور جمہوری اقدار کی بالادستی قائم کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔
گوجرانوالہ (جی پی آئی) سٹی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ق) خواجہ وقار حسن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ق) کی کارکردگی اس سے بڑھ کر نہیں ہوسکتی کہ ہماری جماعت میں کوئی کرپشن نہیں ہے، (ق) لیگ آج عوامی خدمت گزاروں کی جماعت کی شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی سیکرٹریٹ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سخت حالات اور ملک کو بچانے کیلئے پی پی پی سے اتحاد کیا، تبدیلی بہت چھوٹا لفظ ہے، پاکستان کی موجودہ حالت پر ہم اس کی بحالی کے خواہاں ہیں، ہم حالت جنگ میں ہیں، ریڑھی والے سے لیکر اوپر تک سب کے سب سسٹم کی خرابی کے ذمہ دار ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
گوجرانوالہ (جی پی آئی) مسلم لیگ (ن) کے راہنما عامر یعقوب وڑائچ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی قیادت اقتدار اور موقعہ پرست ہے اس کو ملک اورقوم کی کوئی فکر نہیں، پاکستان کو بچانے کیلئے میاں نوازشر یف کو ملک کو وزیر اعظم بنانا ناگزیز ہو چکا ہے، علامہ اقبال ٹائون میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف اور اسکے حواریوں کا صفایاہو جا ئیگا، موجودہ حکمرانوں نے جتنی کر پشن کی ہے ماضی میں اسکی مثال نہیں ملتی، عامر یعقوب وڑائچ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی اور عوامی جما عت بن چکی ہے اور آنیوالی حکو مت (ن) لیگ کی ہو گی۔اجلاس سے میاں محمد شبیر، اخلاق احمد خان، سردار محمد اشرف، محمد نواز چٹھہ، شیخ محمد آصف، عبدالمجید، سیٹ محمد اعظم و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔
گوجرانوالہ (جی پی آئی) امیر جماعت اسلامی زون پی پی 92 چودھری رضوان چیمہ نے کہا ہے کہ ویلنٹائن ڈے غیر اسلامی و غیر اخلاقی تہوار ہے، غیر مسلموں نے مسلمانوں کی غیرت کو کمزور کرنے کیلئے اس تہوار کو مسلم معاشرے میں فروغ دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھیالی شاہ پور میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، میٹنگ سے طارق جاوید بٹ، محمد یحییٰ بٹ و دیگر نے بھی خطاب کیا، چودھری رضوان چیمہ نے کہا کہ اہل مغرب کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ انسان سے شرم و حیاء کی چادر کو چھین کر اس کو بے شرمی و بے حیائی کی دہلیز پر کھڑا کر دیا جا ئے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی معاشرہ غیروں کی تقلید میں اسوہ حسنہ کو چھوڑ کر اسلام دشمن کلچر کو اپنانے کی دوڑ میں لگا ہوا ہے ، ایسے لوگوں کو رسول رحمتۖ کا فرمان یاد رکھنا چاہئے کہ جس کسی نے جس قوم کی مشابہت اختیار کی وہ انہیں میں سے ہو گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گوجرانوالہ(جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے راہنما صوبائی پارلیمانی سیکرری عمران خالد بٹ نے کہا ہے کہ عوام ملکی حالات کو تبدیل کرنے کیلئے صحیح راستے پر چل پڑے ہیں عام انتخابات ملتوی کرانے والوں کے عزائم خاک میں مل جائینگے کیونکہ تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہیں مگر چند شر پسند عناصر اور جمہوریت دشمن عناصر غیر ملکی اشاروں پر عام انتخابات ملتوی کرانا چاہتے ہیں انہوں نے کہاکہ اگر انتخابات وقت پر نہ ہوئے تو پاکستان کے حالات موجودہ حالات سے بھی بدترین ہو جائینگے تمام سیاسی قائدین اور عوام تیہہ کر لیں اور عام انتخابات رکوانے کے سامنے سینہ سپرہوجائیں تو ملک کے نہ صرف حالات بہتر ہوجائینگے بلکہ جمہوریت کا سلسلہ بھی جاری وساری رہے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔
گوجرانوالہ(جی پی آئی)قبضہ مافیا نے غریب محنت کش ہر عرصہ حیات تنگ کر دیا’پولیس نے ملزمان سے مبینہ طور پر ساز باز کرکے مقدمہ خارج کر دیا۔مدعی مقدمہ اللہ دتہ’آر پی او اورکمشنر گوجرانوالہ سے معاملہ کی کسی ایماندار افسر سے دوبارہ انکوائری کرانے کی اپیل۔تفصیلات کے مطابق تھانہ ککرالی کے علاقہ سونیٹری کے محنت کش اللہ دتہ نے گردونواح کے دیہاتوں کے سینکڑوں مکینوں کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے ”میڈیا” کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گائوں کے چند بااثر افراد خادم حسین’ناصر’اعظم’مظہر وغیرہ اسکی اراضی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں میں نے متعدد مرتبہ مقامی پولیس کو اطلاع دی مگر میری کوئی شنوائی نہ ہوئی تقریبا دو ماہ پہلے میری اراضی خسرہ نمبر462سے ملزمان نے مٹی نکال کر اپنی زیر تعمیر کوٹھی میں ڈالنا شروع کر دی میں نے تھانہ ککرالی جا کر اطلاع دی مگر پولیس نے کوئی کاروائی نہ کی اور کہا کہ جب تک محکمہ مال رپورٹ نہ کریگا کہ مذکورہ اراضی تمہاری ملکیت ہے مقدمہ درج نہ ہوگا بعد میں محکمہ مال کے پٹواری ‘گرداور اور مقامی پولیس کی موجودگی میں اراضی کی پیمائش ہوئی اور محکمہ مال کی رپورٹ میں واضح ہو گیا کہ مٹی خسرہ نمبر462سے نکالی گئی ہے اور وہ میری ملکیت ثابت ہوگئی تو پولیس نے میرا مقدمہ نمبر18/13تھانہ ککرالی میں درج تو ہو گیا مگر پولیس نے مقدمہ صرف چوری کی دفعہ لگا کر درج کیا اس میں اراضی پر قبضہ کی دفعات نہ لگائی گئیں چوری کے مقدمہ میں تفتیشی افسر مختار گوندل نے ملزمان کو گرفتار کرکے بعد میں مبینہ طور پر بھاری رشوت وصول کرکے بیگناہ کر دیا اور چوری میں استعمال ہونیوالی ٹریکٹر ٹرالی اور دوسرا سامان ہرگز برآمد نہ کیا حالانکہ میں ان چیزوں کی نشاندہی بھی کراچکا تھا بعد میں تفتیشی افسر مختار گوندل کے محکمہ مال کی رپورٹ کو بالکل مسترد کرتے ہوئے گرفتار شدہ ملزمان اور ایک ریٹائرڈ پٹواری کے ہمراہ خود ہی جگہ کی پیمائش کرکے مجھے کہا کہ مذکورہ اراضی تمہاری ملکیت نہ ہے اور عدالت میں ملزمان کے حق میں بیان دیکر ملزمان کی ضمانت کروا دی انکوائری کے سلسلہ میں جب میں تھانہ جاتا ہوں تو مجھے انکوائری کے نام پر ذلیل وخوار کیا جاتا ہے اور گرفتارملزمان کو تھانہ میں کھلا چھوڑ کر سرکاری مہمان بنا رکھا تھا اب ملزمان ضمانت پر رہا ہونے کے بعد مجھے خطرناک نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور میرے گھر کے سامنے والے راستے پر بھی قبضہ کرنا چاہتے ہیں لہذا میری وزیراعلیٰ پنجاب ‘کمشنر گوجرانوالہ اور آر پی او ‘ڈی پی او سمیت تمام اعلی حکام سے اپیل ہے کہ کیس کی انکوائری کسی ایماندار افسر سے کرائی جائے اور مجھے تحفظ فراہم کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔
ہنگو بم دھماکے کی مذمت
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ہنگو تھانے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک درجن افراد کی ہلاکت پر شدید رنج وافسوس کا اظہار کیاہے ۔ اپنے بیان میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے کہاہے کہ غیر ملکی طاقتیں اور خفیہ ایجنسیاں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے بم دھماکے اور حملے کر رہی ہیں ۔ حکومت انہیں روکنے میں ناکام ہے ۔ انہوں نے مرحومین کی مغفرت ، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیاہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کا اندرون سندھ سے بھی صفایا ہو جائے گا:سید زعیم حسین
لاہور(جی پی آئی)معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کا اندرون سندھ سے بھی صفایا ہو جائے گا جس کے بعد وہ ملکی تاریخ میں سیاسی دبائو بڑھانے کے لئے کبھی سندھ کارڈ استعمال نہیں کر سکے گی۔ شرجیل میمن کے اس بیان پر کہ پنجاب کے لوگ بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں’تبصرہ کرتے ہوئے سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ شرجیل میمن اگر ٹارگٹ کلنگ’ اغوا برائے تاوان’ کرپشن’ بھتہ خوری اور اقرباء پروری کو بنیادی سہولیات سمجھتے ہیںتو اللہ پنجاب کے عوام کو ایسی سہولیات سے محروم ہی رکھے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جسے گڈگورننس’ شفافیت اور ترقیاتی منصوبوں کی بہتات کی وجہ سے دیگر صوبوں کے عوام مثالی صوبہ قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن کا کیا کیا جائے؟ انہیں تو حال ہی میں لاہور میں مکمل ہونے والا پاکستان کی تاریخ کا پہلا میٹرو بس پراجیکٹ بھی نظر نہیں آتا جس کی افادیت اور تعمیر کی تعریف پوری قوم کر رہی ہے۔ زعیم حسین قادری نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ شرجیل میمن جیسے سندھ سے تعلق رکھنے والے پیپلزپارٹی کے لیڈر سندھی عوام کی نوازشریف سے والہانہ محبت دیکھ کر حواس کھو بیٹھے ہیں اور آئندہ انتخابات میں انہیں اپنا سیاسی منظر صاف نظر آ رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا کہ بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے افضل گورو کو پھانسی پر لٹکا دیا جبکہ ہمارے بزدل حکمرانوں نے تخریب کار سربجیت سنگھ کو سر پر بٹھا رکھا ہے۔ عوام ملک میں عادلانہ نظام دیکھنا چاہتے ہیں تو آئندہ انہیں انتخابات میں کروڑوں خرچ کرکے اربوں کمانے والے ،کرپٹ اور جعلی ڈگری ہولڈرز کا راستہ روکنا ہوگا۔طاہر القادری کی پٹیشن میں سپریم کورٹ کا فیصلہ قابل تحسین ہے جس نے ناصرف طاہر القادری اور ان کے حامیوں کو آئینہ دکھایا بلکہ انتخابات کے التواء کی اندرونی اور بیرونی سازشوں کا بھی قلع قمع کردیا۔الیکشن کمیشن سے گلہ ہے کہ اس نے سپریم کورٹ کے کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کی تشکیل اور فوج کے ذریعے ووٹرلسٹوں کی تصدیق کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں کروایا۔ایم کیو ایم سیاسی جماعت نہیں دہشت گردوں کا ٹولہ ہے جس نے منی پاکستان اور ملک کے معاشی حب کو یرغمال بنارکھا ہے۔ ایجنسیاں ایم کیو ایم کی سرپرستی چھوڑ دیں تو وہ کراچی سے ایک نشست بھی نہیں لے سکے گی ۔امریکہ افغانستان سے شکست کھا کر بھاگ رہا ہے ،امریکہ جس نے دعوی ٰ کیا تھا کہ وہ چند گھنٹوں کے اندر افغانستان کو نیست و نابود کردے گا ۔12سال سے اپنے فوجیوں کے تابوت اٹھا رہا ہے ، نہتے اور بے سروسامان افغانوں نے امریکی غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔ افغانستان روس کی طرح امریکہ کی جدید جنگی ٹیکنالوجی اور بصیرت و بصارت کا قبرستان بن گیا ہے ۔جس طرح افغانستان میں شکست کے بعد سوویت یونین کا نام و نشان ختم ہوگیا تھا امریکہ بھی بکھر جائے گا اور دنیا پر حکمرانی کے خواب دیکھنے والے ذلت و رسوائی کا نشان بن چکے ہیں ۔حکومت نے نگران سیٹ اپ میں بدنیتی دکھائی اور متفقہ عبوری حکومت کو یقینی نہ بنایا تو صرف مذمت نہیں مزاحمت کریں گے اور ایسی حکومت کو قطعا تسلیم نہیں کریں گے۔الیکشن کمیشن پری پول دھاندلی روکنے کیلئے ترقیاتی کاموں اور بھرتیوں پر پابندی کے فیصلے پر عمل درآمد کروائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میںجاری کارکنان جماعت کی مرکزی تربیت گاہ کے آخری سیشن سے خطاب اور ڈاکٹر بشیر محمد اور شاکر اللہ خان کی قیادت میں خیبر پختونخوا سے ملاقات کرنے والے دیر کے عمائدین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سید منور حسن نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ نے بی جے پی وسواہندو پریشد کی دہشت گردی کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے مگر ہمارے حکمرانوں نے چپ سادھ رکھی ہے ،سمجھوتہ ٹرین میں پاکستانی مسافروں کو زندہ جلانے سمیت دہشت گردی کے لا تعداد واقعات میں بی جے پی کے ملوث ہونے کے تمام ثبوت مل چکے ہیں لیکن حکمران بھارت کے خلاف عالمی عدالت میں جانے اور پاکستان کا مقدمہ لڑنے کیلئے تیار ہیں نہ بھارت کے خلاف زبان کھول رہے ہیں ۔اس اعتراف کے باوجود کہ افضل گورو کے خلاف کوئی ثبوت نہیں بھارتی سپریم کورٹ نے ہندوئوں کے خوف سے اسے پھانسی دیکر عدل و انصاف کا خون کیا ۔انہوںنے کہا کہ بھارت دنیا میں سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویدار ہے لیکن اس کی عدلیہ بھی مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک روا رکھے ہوئے ہے۔ سید منورحسن نے کہاکہ ہم کراچی سمیت ملک میں کسی جگہ بھی ملٹری آپریشن کی حمایت نہیں کریں گے ،کراچی میں جنرل نصیر اللہ بابر کے آپریشن کے نتائج قوم آج تک بھگت رہی ہے ،قتل و غارت گری ، بھتہ خوری ،بوری بند لاشوں اور ٹارگٹ کلنگ کے تمام ثبوتوں کے باوجود ایجنسیاں دہشت گردوں کی سرپرستی کررہی ہیں اور ایم کیو ایم کو ہارا ہوا الیکشن جتوا دیتی ہیں ،انتخابات کو شفاف بنانے کے ذمہ دار ادارے بدترین دھاندلی پر آنکھیں موند لیتے ہیں۔نامی گرامی مجرموں کی آخری پناہ گاہ ایم کیو ایم ہے بلکہ ایسے مجرموں کو ایم کیو ایم سے رابطہ کرنے پر باقاعدہ مجبور کیا جاتا ہے ۔ایجنسیاں پشت پناہی چھوڑ دیں تو کراچی میں انتخابات کو شفاف بنایااور عوام کا اعتماد بحال کیا جاسکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
لیاقت بلوچ کی طلال بگٹی سے ملاقات ، اسلامی جمعیت طلبہ کے حیاڈے کیمپ اور ینگ ڈاکٹرز کے بھوک ہڑتالی کیمپ کادورہ
لاہور(جی پی آئی)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفد نے جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال بگٹی سے لاہور میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، امیر العظیم ، نذیر احمد جنجوعہ ، انور گوندل بھی موجود تھے ۔ دونوں رہنمائوں نے ملکی سیاسی صورتحال ، آئندہ انتخابات ، عبوری حکومتوںکے قیام اور بلوچستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال بگٹی نے لیاقت بلوچ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نگران وزیراعظم کے لیے ہم خیال اپوزیشن جماعتیں جو متفقہ نام تجویز کریں گی ہم اس پر بسم اللہ کریں گے جبکہ بلوچستان میں نگران وزیراعلیٰ کے لیے 16 فروری کو نام بتادیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی صورتحال پر جلد آل پارٹیز کانفرنس کی اشد ضرورت ہے ۔ صوبے کے حالات بدتر ہوتے چلے جار ہے ہیں ۔ ایف سی کی موجودگی سے وہاں کے حالات درست نہیں ہوسکتے اگر ایجنسیوں کی اسی طرح مداخلت جاری رہی تو بلوچستان میں انجینئرڈانتخابات ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ لوتھانی قوم بگٹی قبائل کی شاخ ہے لیکن ایجنسیوں کے لوگ ان کے مرد وخواتین کو اٹھا کر لے جاتے ہیں اور دوچار روز کے بعد ویرانوں میں ان کی مسخ شدہ لاشیں ملتی ہیں ۔ بلوچستان امن و امان کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ چاہے تو ہم ثبوت فراہم کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نصیر آباد ، جعفر آباد ، مری، کوہلو، کایان ، رحیم یارخان ، صادق آباد کے علاقوں میں بگٹی قبائل کے بے گھر افراد آباد ہیں ان بگٹی قبائل کے افراد کے ووٹ ڈیرہ بگٹی کے علاوہ کہیں اور ڈالنے کے عمل کو ہم تسلیم نہیں کریں گے ۔ لیاقت بلوچ نے طلال بگٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی صوبہ بلوچستان کے عوام کے سیاسی ، جمہوری ، آئینی اور ریاستی حقوق کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔ ملک میں آئندہ انتخابات، عبوری حکومتوں کے قیام اور بلوچستان کی صورتحال پر ہم اپوزیشن جماعتوں بالخصوص مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نوازشریف سے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے جلد رابطہ کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ڈیرہ بگٹی سوئی کے علاقہ میں ایجنسیوں ، سیکورٹی فورسز کی مداخلت انتہا پر ہے وہاں انتخابات کا ماحول نہیں بننے دیا جارہا بگٹی قبائل کے افراد جو بے گھر اور ملک کے دیگر علاقوں میں آباد ہیں الیکشن کمیشن اس عمل کو یقینی بنائے کہ وہ ووٹ کے حق کا صحیح استعمال کیسے کر یں جس پر کسی کو تحفظات نہ ہوں ۔ دریں اثنا لیاقت بلوچ اور ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے ینگ ڈاکٹرز کے بھوک ہڑتالی کیمپ کادورہ کیا اور ینگ ڈاکٹرز اور ان کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکمرانوں سے کہتاہوں کہ ان کے اقتدار کے گنتی کے چند دن رہ گئے ہیں وہ اربوں روپے کے منصوبوں کو مکمل کرنے کے ا علانات کرتے ہیں لیکن صحت کے معاملات کو درست کرنا ان کی ترجیح نہیں ہے۔ حکومت ینگ ڈاکٹر ز کے مطالبات من و عن تسلیم کرے ۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاکہ جماعت اسلامی ، شباب ملی ، اسلامی جمعیت طلبہ قدم بقدم لمحہ بہ لمحہ ینگ ڈاکٹرز کے ساتھ ہے ۔ اس موقع پر امیرالعظیم ، نذیر احمد جنجوعہ ، عابد میر ، احمد سلمان بلوچ نے بھی اظہار خیا ل کیا۔ دریں اثنا لیاقت بلوچ ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، امیر العظیم ، نذیر احمد جنجوعہ ، انور گوندل نے بھیکے وال موڑ پر اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے تحت 14 فروری کو حیا ڈے کے موقع پر کیمپ کا دورہ کیا اور جمعیت کے حیا ڈے منانے کے عمل کو سراہا ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا دین اسلامی فلاحی سماجی اقدار کی ترویج چاہتاہے ، ویلنٹائن ڈے کا مسلمانوں کی تہذیب و ثقافت اور اقدار سے کوئی تعلق نہیں ۔ جمعیت نے حیا ڈے منا کر نظریہ اسلام و پاکستان اور قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
متحدہ عرب امارات کی کمپنی جنوبی پنجاب میں اگلے ماہ سولر انرجی کا پہلا پراجیکٹ لگائے گی
لاہور(جی پی آئی)برطانیہ ،جرمنی اور متحدہ عرب امارات میںمقیم غیرملکی سرمایہ کار کمپنیوں نے پنجاب حکومت کی گڈگورننس کو سراہتے ہوئے توانائی ،سیکیورٹی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔ان خیالات کا اظہارنواز شریف کے مشیر برائے بین الاقوامی تعلقات جاوید ملک نے کیا،جن کی قیادت میں جرمنی اور متحدہ عرب امارات کی کمپنیوں کے دو مختلف وفود نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی اورتوانائی،انفارمیشن ٹیکنالوجی ،سیکیورٹی اورانفرسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے تفصیلی تجاویز پیش کیں۔دبئی کی ایک کمپنی پین افریقہ سولر انرجی نے جنوبی پنجاب میں سولر پراجیکٹ لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور اگلے ماہ سے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کرنے کے لیے ابتدائی کام مکمل کرلیا ہے۔بعدازاںسرمایہ کاری کمپنیوں کے وفود نے سیکرٹری انرجی سے ملاقات کی اور تجاویز پر عملدر آمد کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔سرمایہ کارکمپنیوں نے سیلف پاؤر جنریشن ،سٹریٹ لائٹس ،سیکیورٹی اور سی سی ٹی وی سہولیات کے بارے میں قابل عمل اوراچھوتا ماڈل بھی پیش کیا ۔اس ماڈل کے تحت شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دور دراز کے علاقوں کی توانائی کی ضروریات بھی پوری کی جا سکتی ہیں ۔جاوید ملک کی قیادت میں سرمایہ کاری کے وفود نے سیکرٹری انرجی کے علاوہ پنجاب انرجی ڈیپارنمنٹ کے سینئر افسران’ کمشنر لاہور جواد رفیق ملک اورڈی سی او لاہور نورالامین مینگل سے بھی ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر میاںنواز شریف کے مشیر برائے بین الاقوامی تعلقات جاوید ملک نے کہا کہ نوازشریف کے ویژن کی روشنی میں وزیراعلیٰ پنجاب کی گڈگورننس کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے آرہے ہیں ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ انتخابات کے بعد مسلم لیگ (ن) وفاق میں حکومت بنائے گی تو اس سے بھی زیادہ کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے کھنچی چلی آئیں گی۔یہ سب نواز شریف کی ویژنری قیادت کو خراج تحسین کے مترادف ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔
میٹرو بس سروس کے محض تفریحی مقاصد کیلئے استعمال کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیئے : وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کے باعث میٹرو بسوں کے ذریعے سفری صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔بسوں کے اندر اور بس سٹیشنز پر مسافروں کی رہنمائی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے پولیس اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ عوام نظم و ضبط کے ساتھ پنجاب حکومت کے اس عظیم الشان منصوبے سے مستفید ہوں۔ میٹرو بس سروس کے محض تفریحی مقاصد کیلئے استعمال کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیئے۔ قوم کے سرمائے سے تیار کئے گئے عظیم و قیمتی اثاثے کو نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ رنگ روڈ پولیس کی طرز پر میٹرو بس پراجیکٹ کیلئے علیحدہ سکیورٹی نظام تشکیل دینے کا جائزہ لیا جائے اور اس ضمن میں جلد سفارشات پیش کی جائیں۔وہ آج ماڈل ٹائون میں میٹرو بس سسٹم کے آپریشنل امور سے متعلق قائم کردہ سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ معاون خصوصی زعیم حسین قادری، چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، اراکین صوبائی اسمبلی مہراشتیاق احمد، حافظ میاںنعمان، رمضان صدیق بھٹی، سیکرٹریز داخلہ و اطلاعات، قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، کمشنر لاہور ڈویژن، چیئرمین انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ایم ڈی پنجاب میٹرو بس اتھارٹی، سی سی پی او لاہور، سی ٹی او لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے سمیت متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ محنت، دیانت اور شفافیت کے ساتھ مکمل ہونے والے میٹرو بس سسٹم پر اب بسیں رواں دواں ہیں اور عوام کو بہترین اور جدید سفری سہولیات میسر آ رہی ہیں۔ منتخب نمائندوں ، سرکاری افسروں کی نگرانی اور بھرپور آگاہی مہم کے باعث عوامی شعور میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ارکان اسمبلی اور متعلقہ حکام مشترکہ طور پر اپنی ذمہ داریاں مزید موثر انداز میں نبھائیں۔ عوام کی آگاہی کیلئے بس سٹیشنز پر پبلک ایڈریس سسٹم لگایا جائے۔ پنجاب میٹرو بس اتھارٹی پیشہ ورانہ انداز سے فرائض سرانجام دے۔ میٹرو روٹ اور بسوں کی صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں۔ میٹرو روٹ پر آنے والی ہر غیرمتعلقہ گاڑی یا شخص کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ روٹ کی سکیورٹی اور تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ میٹرو بس جیسے ٹرانسپورٹ منصوبے کیلئے عوامی سطح پر زبردست پذیرائی پائی جاتی ہے اور تنقید برائے تنقید کرنے والوں کے منہ بند ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ میٹرو بس پراجیکٹ ان کی سہولت کیلئے تیار کیا گیا ہے اور یہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کیلئے ایک تحفہ ہے۔وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں مزید نکھار آتا چلا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ میٹرو بس سسٹم اور اس کی تنصیبات کی فول پروف سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور اس ضمن میں ہرممکن ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ اجلاس میں میٹرو بسوں کے آپریشنل امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤںکاہنگو کی تحصیل ٹل میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت
لاہور(جی پی آئی)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرسیّدوسیم اختراورصوبائی سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے ہنگو کی تحصیل ٹل میں ایف سی کی چیک پوسٹ کے قریب خودکش دھماکے کی شد ید الفاظ میں مذمت کرتے ہو ئے کہاہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے تما م ادارے مکمل طو ر پر ناکام ہوچکے ہیں ۔دہشت گردی کی حالیہ لہر ملک کے خلاف ایک گہری سازش کا حصہ ہے جسے جلد از جلد بے نقاب کیا جانا ضروری ہے ۔دھماکوں میں بیرونی ہاتھ خارج ازامکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک امریکہ اس خطے میں موجود ہے یہاں امن قائم نہیں ہو سکتا ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ نام نہا د دہشت گردی کی جنگ کو خیر باد کہا جائے ۔ ملکی حالات انتہائی گھمبیر ہو چکے ہیں۔ اگر سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو پاکستان کی بقاء خطرے میں پڑسکتی ہے۔ پاکستا ن نازک دور سے گزر رہا ہے حکمران ہو ش کے نا خن لیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
زرداری حکومت نے پانچ برسوں میں ملک میں کرپشن کی انتہا کردی،ملک و قوم کو اندھیروں میں دھکیل دیا،شہبازشریف
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرداری حکومت نے پانچ سالوں میں ملک میں کرپشن کی انتہا کر دی۔ اس دھرتی کو پانچ سال میں بے دردی سے ایسے لوٹا گیا کہ اندھیرے لوگوں کا مقدر بنے، کارخانوں کی چمنیوں سے دھواں نکلنا بند ہو گیا، لاکھوں لوگ بے روزگار ہو گئے، گزشتہ اتوار جب ہم نے غریبوں کے لیئے میٹرو بس سروس کا افتتاح کیا تواسی روز زرداری نے اپنے اربوں روپے کے بم پروف بنگلے کا افتتاح کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں غریبوں کے دکھ درد کی بجائے اپنا مال و زر اور جائیدادیں بنانے کی فکر ہے۔اس کے برعکس ہم نے صوبہ پنجاب میں گزشتہ پانچ سالو ںمیں مفاد عامہ کے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کئے۔ اور عوام کی بہتری کے لیئے شبانہ روز کام کیا ، ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ یہ بات انہو ںنے حضرو (اٹک) میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جس میں رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد، وزیر اعلی پنجاب کے سیاسی معاون کرنل(ر) شجاع خانزادہ اور مسلم لیگی رہنما ملک آصف نے بھی خطاب کیا جبکہ ممبران صوبائی اسمبلی ملک شیر علی ، میجر (ر) اعظم گھیبہ اور ملک انوار خان بھی اس موقع پرموجود تھے ۔وزیر اعلی محمدشہبازشریف نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کے قائد میاں محمدنواز شریف نے ہندوستان کے پانچ ایٹمی دھماکوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے چھ دھماکے کر کے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا دیا۔ امریکہ کی طرف سے انہیں پانچ ارب ڈالر کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے یہ پیشکش ٹھکراتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کی عزت اور توقیر کا سودا نہیں کر سکتے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کسی بھی دبائو کو خاطر میںنہیں لاتے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام سوچ سمجھ کر ایسے لوگوں کو آگے لائیں جو عوام کو اندھیروں سے نکالیں، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریںاورپاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کے قابل بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آکر ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے اس لئے عوام ووٹ کے حق کو سوچ سمجھ کر استعمال کریں جس سے زر بابا اور چالیس چور بھاگنے پر مجبور ہو جائیں۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ جنڈ سے لے کر رحیم یار خان تک دانش سکولوں کا جال بچھا دیا گیا ہے جہاں پانچ ہزار روپے سے کم آمدنی والے لوگوں کے بچے جدید خطوط پر تعلیم سے آراستہ ہو سکیں گے اور حسن ابدال کیڈٹ کالج ٫ ایبٹ آباد اور ایچی سن کالج کے معیار کی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ ان تعلیمی اداروں میں صرف امراء کے بچے داخلہ لے سکتے ہیں جبکہ غریبوں کے بچے اس قسم کی تعلیم سے محروم تھے ۔دانش سکولوں نے غریب خاندان کے بچوں پر معیاری تعلیم کے دروازے کھول دیئے ہیں۔ ان دانش سکولوں میں شارٹ کلاسز ہوں گی، لائبریریاں قائم کر دی گئی ہیں، اعلی معیار کی بورڈنگ کی سہولیات بنائی گئی ہیں، اعلی تعلیم یافتہ اساتذہ کی میرٹ پر تعیناتی کی گئی ہے اور ہاسٹل میں رہنے والے بچوں کو کھانا مفت فراہم کیا جاتا ہے۔جنڈ میں ملالہ یوسف زئی دانش سکول میں فاٹا سے تعلق رکھنے والے غریبو ںکے بچوں کے لئے دس فیصد نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ برسر اقتدار آنے کی صورت میں مسلم لیگ (ن) اپنی انقلابی پالیسیاں جاری رکھے گی اور دیگر صوبوں کے ہونہار بچوں کو بھی میرٹ پر لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔ زراعت اور صنعت کو ترقی دی جائے گی تاکہ لوگوں کا معیار زندگی بلند کیا جا سکے۔انہوںنے تحصیل حضرو میں ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ اس علاقہ کے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں کرنل (ر) شجاع خانزادہ جیسا رہنما ملاہے جس کی اولین ترجیح عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ انہوںنے کہاکہ حضرو میںجدید سہولتوں سے آراستہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال عوام کوجدید طبی سہولیات فراہم کررہاہے۔وزیر اعلی پنجاب نے جلسہ عام میں کچی آبادیوں کے مکینو ں کو مالکانہ حقوق کے سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔قبل ازیں وزیر اعلی پنجاب نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال حضرو کی اپ گریڈیشن اورہسپتال میں ڈائلیسز سنیٹر کا افتتاح کیا جس پر 186 ملین روپے لاگت آئی ہے۔ انہو ںنے ہٹیاں تا جہانیاں چوک سڑک کا سنگ بنیاد بھی رکھا جس پر 88 کروڑ روپے لاگت آئے گی، اس منصوبے کے لئے فنڈز مہیا کر دیئے گئے ہیں ۔اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ سڑک کی تعمیر سے حضرو کے عوام کو موٹر وے تک پہنچے میں آسانی ہو گی ۔وزیراعلیٰ جب حضرو پہنچے تو لوگوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔علاقہ کے عوام کی طرف سے انہیں روایتی پگڑی پیش کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔
وزیر اعلی کا حضرو، اٹک میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، بڑے عوامی اجتماع سے خطاب
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلی پنجاب محمدشہبازشریف نے حضرو ، اٹک میںمختلف ترقیاتی منصوبوںکاافتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔جس کے بعد انہوں نے ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔پنڈال عوام سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور لوگوں کا جوش دیدنی تھا۔وزیر اعلی جب خطاب کے لئے آئے تو لوگوں نے پرجوش انداز میں کھڑے ہو کر ان کا والہانہ استقبال کیاـعوامی اجتماع میں شریک لوگ پرجوش انداز میں ” دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا” کے نعرے لگاتے رہےـوزیر اعلی نے ہٹیاں تا جہانیاں ڈبل روڈ کا سنگ بنیاد رکھا جس پر 88 کروڑ روپے لاگت آئے گیـوزیر اعلی پنجاب نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال حضرو کی اپ گریڈیشن اور ڈائیلیسز سینٹر کا افتتاح کیا جس پر 186 ملین روپے لاگت آئی ہےـ
۔۔۔۔۔۔۔
اٹک(جی پی آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز ملک میں ایک ایسا تاریخی انقلاب لائے گی جس سے اس ملک کی 65 سالہ تاریخ تبدیل ہوجائے گی اور عوام سکھ اور چین کی زندگی بسر کریں گے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے صدر زرداری کی قیادت میں ملکی تاریخ کی بدترین کرپشن کی اور پچھلے پانچ سالوں میں بدترین کرپشن کی وجہ سے ملکی معیشت کو 95 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑااور اس پر مہر ثبت چیئرمین نیب نے لگائی انہوں نے کہا کہ ہم ان زربابا چالیس چوروں سے حکومت میں آکر پائی پائی کا حساب لیں گے اور لوٹی ہوئی رقم کوواپس لا کر عوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کریں گے انہوں نے ان خیالات کا اظہار تحصیل حضرو ضلع اٹک میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا جلسہ عام سے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار شیخ آفتاب احمد ایم این اے ، مشیر وزیر اعلیٰ کرنل شجاع خانزادہ ، سابق ایم پی اے آصف علی ملک ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ممبران پنجاب اسمبلی کیپٹن ملک اعتبار خان ، چوہدری شیر علی خان ،میجر ریٹائرڈ ملک محمد اعظم خان گھیبہ ، امیدواران مسلم لیگ (ن) حلقہ پی پی15 ممبر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی راجہ محمد صدیق ، شیخ سیلمان سرور ، ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) محمد سلیم شہزاد بھی موجود تھے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے خطاب سے پہلے ساڑھے17 کلومیٹر ہٹیاں تا جہانیاں روڈ کا سنگ بنیاد رکھا جس پر88 کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے اس کے علاوہ انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال حضرو میں ڈائیلائسزز سنٹر اور 9 کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے نئے تعمیر شدہ بلاکس کا افتتاح کیاتحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اٹک پہنچنے پر ضلعی رابطہ افسر عثمان احمد چوہدری نے انہیں ہسپتال میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اپ گریڈیشن پر 80 ملین روپے اور نئے بلاکس کی تعمیر پر19 ملین روپے لاگت آئی ہے جس سے اب ہسپتال میں بستروں کی تعداد 60 سے بڑ ھ کر100 ہوگئی ہے افتتاح کے بعد ایک بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ انتخابات ملکی تاریخ کے اہم ترین انتخابات ہیں لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ نواز کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کامیاب کریں تاکہ خیبر سے کراچی تک ملک کی تقدیر بدلی جاسکے خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح عوام کی فلاح و بہبود ہے اور اس ضمن میں انہوں نے صوبہ بھر میں انقلابی اقدامات کیے ہیں ، 30 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے ولای میٹرو بس آج لاہور شہر میںرواں دواں ہے جس سے پورے پاکستان کو فائدہ ہورہا ہے لاہور میں رہنے والے لوگ صبح شام آرام سے اپنے کام کرکے اپنی منزلوں پر پہنچ جاتے ہیں اور اس سفر میں ان کو تمام تر سہولتوںکی فراہمی کے ساتھ ساتھ عزت و احترام سے بٹھایا جاتا ہے اگر یہ منصوبہ زرداری حکومت شروع کرتی تو 100 ارب روپے کی لاگت کے بعد بھی یہ کبھی مکمل نہ ہوپاتا،خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت نے رینٹل پاور میں ملک کو دیوالیہ کردیا ہے جب کہ80 ارب روپے کی کرپشن کا مرتکب فرد ابوظہبی میں بیٹھا ہے اور حکومت اس کو واپس لانے میں ناکام ہوچکی ہے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے صحت ، تعلیم، آئی ٹی اور دیگر اہمی شعبوں میں تاریخی اور انقلابی اقدامات کیے ہیںجس کا ثمر پورے پاکستان کو حاصل ہوا ہے پنجاب کے ذہین طلبہ و طالبات میں میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپس اور سولر لیمپس تقسیم کیے اور غریب والدین کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کے لیے دانش سکول جیسے عظیم الشان تعلیمی اداروں کا اجراء کیا جن میں5 ہزار یا اس سے کم آمدنی والے غریب لوگوں کے بچوں کو ملک کے اعلیٰ ترین تعلیمی اداروں کے سطح کی تعلیم دی جائے گی،خادم اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ماضی میں بھی ملک کی آن اور شان کو مقدم رکھا اور محمد نوازشریف نے 1998 میں بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ ایٹمی دھماکے کرکے پوری دنیا پھر یہ ثابت کردیا کہ وہ ملکی سا لمیت کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے حالانکہ ایٹمی دھماکے نہ کرنے کی صورت میں انہیں پانچ ارب ڈالر کی امداد کی پیش کش کی گئی تھی آج غیر ملکی سربراہان مملکت ، سفرا ء اور وزرا ء براہ راست پنجاب حکومت سے رابطہ کرتے ہیں کیونکہ ان کو پورے ملک میں صرف اور صرف پنجاب حکومت ہی ایک مثال دکھائی دیتی ہے جس کے ذریعے وہ نہ صرف صوبہ پنجاب بلکہ پاکستان بھر کے عوام کی مدد کرنا چاہتے ہیںانہوں نے کہا کہ بحیثیت خادم اعلیٰ پنجاب شدید طوفانی بارشوں اور سیلاب کے دنوں میں اور میرے ساتھی ممبران اسمبلی اور میری سرکاری ٹیم نے دفتروں میں بیٹھ کر حالات کو نہیں دیکھا بلکہ صوبہ بھر کے طوفانی دورے کیے سیلاب زدگان کی بھرپور امداد ان کے گھروں تک پہنچائی اس کے علاوہ بے گھر افراد کے لیے آشیانہ سکیم کے تحت ان غریبوں ، ناداروں کو تعمیر شدہ گھر مالکانہ حقوق کے ساتھ الاٹ کیے جن کے گھر حالیہ سیلاب کے دنوں میں تباہ ہوگئے تھے اجالا سکیم کے تحت2 لاکھ سے زائد ہونہار اور لائق طلبا و طالبات میں سولر لیمپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت نے ڈینگی جیسی خطر ناک بیماری کا بھرپور مقابلہ کیا اور انتہائی سخت حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے فضل سے بے شمار قیمتی جانوں کو بچایا غیر ملکی ماہرین کے مطابق اگر یہ تدابیر اختیار نہ کی جاتیں تو 25 ہزار سے زائد ہلاکتوں کا خدشہ تھاخادم اعلیٰ پناجب محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج تحصیل حسن ابدال کی کچی آبادی کے پندرہ افراد کو مالکانہ حقوق کے تحت پلاٹ تقسیم کیے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کی تقدیر بدلنی ہے تو عوام کو اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرنا ہوگا کیونکہ ووٹ کی طاقت سے ہی اس ملک میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے،خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ جنڈ میں غریب اور نادار بچوں کے لیے ملالہ یوسف زئی دانش سکول کا قائم کیا گیا ہے جہاں پر 2 فیصد کوٹہ فاٹا کے بچوں کے لیے مختص کیا گیا ہے اور تعلیم کا نور غریب اور نادار بچوں تک پہنچانے میںجنڈ سے رحیم یا ر خان دانش سکولز اہم کردار ادا کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر کامل یقین ہے کہ غریب اور نادار بچوں کو تعلیم کا بیڑہ اٹھانے کا عمل روز محشر میری نجات کا سبب بنے گا، تحصیل حضرو میں ترقیاتی کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ چھچھ کے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں کرنل ریٹائرڈشجاع خانزادہ جیسا عظیم راہنما میسر آیا جس کی اولین ترجیح عوام کی فلاح و بہبود ہے، صحت اور تعلیم ہے کرنل شجاع خانزادہ میرے انتہائی بااعتماد ساتھ ہیں اور انہوں نے جب بھی علاقے کی ترقی کے لیے فنڈز فراہم کرنے کا مطالبہ کیا وہ فنڈ ز ان کو فراہم کیے گئے جس کا بین ثبوت علاقہ چھچھ کی خوبصورت سڑکیں ، سکول اور صحت کے میدان میں جدید سہولتوں سے آراستہ تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال حضرو ہے جس کا شمار پاکستان کے صف اول کے ہسپتالوں میں ہوتا ہے، خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ مجھے اس بات کا علم ہے کہ کرنل شجاع خانزادہ علاقہ چھچھ کے عوام کی ترقی کے لیے دن رات محنت کرتے ہیں جس کے لیے میں ان کی کوششوں کو سلام پیش کرتا ہوں،جلسے میں دیگر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور علاقہ چھچھ کے عوام کی طرف سے خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو بھرپور حمایت کا یقین دلایا خادم اعلیٰ پنجاب جس جلسہ گاہ پہنچے تو ان کے ہمراہ ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ سرکاری افسران بھی موجود تھے، اس موقع پر تقریب کے میزبان مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ نے اپنے استقبالیہ خیالات کا اظہار کیا اور علاقہ چھچھ کے عوام کی طرف سے خادم اعلیٰ محمد شہباز شریف کو بھرپور حمایت کا یقین دلایا انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی علاقہ چھچھ آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں تعاون کرنے پر مبارکباد دی کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ نے کہاکہ آج علاقہ چھچھ کے عوام کو جو سہولیات میسر ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے جو کام کیے گئے ہیں وہ صر ف اور صرف خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے مرہون منت ہیںانہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ نواز کو کامیابی سے ہمکنار کریں کیونکہ ملک کو معاشی بحرانوں سے صرف اور صرف قائد مسلم لیگ محمد نواز شریف اور خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ہی نکال سکتے ہیں۔ اس موقع پر علاقہ چھچھ کے عوام نے خادم اعلیٰ محمد شہباز شریف کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ جلسہ گاہ میں آمد کے موقع پر خادم اعلیٰ پنجاب کا استقبال مقامی سیاسی اور سماجی راہنماؤں نے کیا اور علاقے کے عوام کی طرف سے روایتی پگڑی پیش کی۔مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ نے اس موقع پر تحصیل حضرو میں یونیورسٹی کے قیام کا مطالبہ کیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
اٹک(جی پی آئی) 10 کروڑ روپے سے زائدسے نو تعمیر شدہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو کی عمارت وزیر ا علیٰ محمد شہباز شریف کے افتتاح کے موقع پر معمولی بارش سے جگہ جگہ سے ٹپکنا شروع ہو گئی افسران نے وزیر اعلیٰ کو محفوظ راستوں سے لا کر واپس بھیج دیا آل پاکستان پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین تحصیل حضرو کے صدر حاجی نوروز خان اور انکے ساتھیوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انہیں 2007 میں بھرتی کیا گیا اور آج تک انہیں مستقل نہیں کیا جا رہا ہے حالانکہ عدالت عالیہ کا فیصلہ بھی موجود ہے وزیر اعظم انسپکشن ٹیم کے رکن سابق امیدوار پنجاب اسمبلی ڈاکٹر محمدنعیم اعوان اور انکے ساتھیوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی آمد کے موقع پر احتجاج کا پروگرام بنایا تاہم ڈی ایس پی اکبر عبا س اور ایس ایچ او اسرا ر احمد ستی کی منت سماجت پر انہوں نے پروگرام ملتوی کر دیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
اٹک (جی پی آئی) امید وار مسلم لیگ (ن) حلقہ پی پی 15، ممبر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی راجہ محمد صدیق نے کہا ہے کہ محمد شہبازشریف نے اپنی کارکردگی سے ثابت کر دیا ہے کہ مسلم لیگ( ن) ہی عوامی نمائندگی کی اہلیت رکھتی ہے دیگر صوبوں میں ہونے والے ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ نامساعد حالات کے باوجود پنجاب میں لاتعداد ترقیاتی کام کروائے گئے عوامی فلاح و بہبود کے بے شمار منصوبے پایہء تکمیل تک پہنچا کر عوام کو ریلیف دیا گیا ہے سستی روٹی، 20روپے میں کھانا، لاکھوں طلبہ میں مفت لیپ ٹاپ کمپیوٹرز کی تقسیم، 11ماہ کی ریکارڈمدت میں میٹرو بس سروس سسٹم کی تکمیل، صوبہ بھر میں دانش سکولوں کا قیام اور تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی شعبوں میں سہولیات ادا کر کے شہبازشریف نے حقیقی معنوں میں خادمِ اعلیٰ ہونے کا حق ادا کر دیا گیا ہے کراچی میں پانچ سالوں میں ناردرن بائی پاس اور لیاری ایکسپریس وے کے لیے ایک کلومیٹر سڑک نہ بنا سکنے والوں کو میٹرو بس سروس پر تنقید زیب نہیں دیتی ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے دورہ اٹک کے حوالے سے ایک پریس بریفنگ کے دوران کیاانہوں نے کہا کہ میٹرو بس سروس کو جنگلہ بس سروس کہنے والوں نے اپنے دور میںذاتی بنگلہ بنانے کے سوا کچھ نہیں کیامسلم لیگ (ن )کی عوامی خدمات کو چھپانا ایسے ہی ہے جیسے آنکھوں پر پٹی باندھ کر سورج کے وجود سے انکار کر دیا جائے عوام جانتے ہیں کہ محمد شہباز شریف نے بیماری کے عالم میں بھی ان کے دکھ سکھ میں شرکت سے غفلت نہیں برتی ہے جب سیلاب کے دنوں میں لوگ ہیلی کاپٹروں سے فضائی معائنہ کر کے عوام سے محبت کے ڈرامے رچا رہے تھے تو خادمِ اعلیٰ موٹر سائیکل پر بیٹھ کر لوگوں سے رابطہ کر کے ان کے دکھوں کا مداوا کر رہے تھے ان کی بے مثال کارکردگی کی بدولت مسلم لیگ( ن) کی انتخابات میں کامیابی نوشتہء دیوار ہے اور یہی بات مخالفین سے ہضم نہیں ہو رہی پرویزالٰہی، عمران خان اور طاہر القادری کا ٹرائیکا الیکشن کمیشن کو نشانہ بنا کر انتخابات کو ملتوی کروانا چاہتا ہے لیکن سپریم کورٹ ایسی کسی بھی غیر آئینی کوشش کو ناکام بنانے کی اہلیت رکھتی ہے طاہر القادری کی پٹیشن کا خارج کیا جانا یہ ثابت کرتا ہے کہ الیکشن بروقت منعقد کیے جائیں گے مسلم لیگ( ن)نے جسٹس افتخار محمد چوہدری کی بحالی کے لیے جو لانگ مارچ کیا تھا اس کا نتیجہ آئین کی بالادستی کی صورت میں عوام کے سامنے ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
اٹک(جی پی آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب کے دورہ حضرو کے موقع پر چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار شیخ آفتاب احمد ایم این اے اور مشیر وزیرا علیٰ پنجاب کرنل شجاع خانزادہ ایم پی اے کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آ گئے جلسہ گاہ ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک اور ہٹیاں جہانیاں روڈ کی افتتاحی تقریبات میں ایم پی اے کرنل شجاع خانزادہ کے حامیوں کی جانب سے لگائے گئے جہازی سائز پینا فلیکس میں شیخ آفتاب احمد ایم این اے کی تصاویر لگانے سے گریز کیا گیا شیخ آفتاب احمد کی تصاویر صرف امیدوار مسلم لیگ (ن) حلقہ پی پی 15 ، ممبر آزاد کشمیر راجہ محمد صدیق نے اپنے جہازی ساز پینا فلیکس میں جبکہ شیخ آفتاب احمد گروپ نے نا معلوم وجوہات کی بناء پر پینا فلیکس نہیں لگائیں شیخ آفتاب احمد کی گاڑی کو جہلم سے آئی ہوئی پولیس نے روک لیا اور افتتاحی تقریب میں بھی انہیں آگے آنے سے پر اسرار طریقہ سے روکا گیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
اٹک(جی پی آئی) اسلامی جمعیت طلبہ اٹک کے زیر اہتمام اٹک میں حیاء ڈے منایاگیاجس میں پورے شہر کے اندر بینرز آویزا ں کئے گئے جس پر حیاء کا کلچر عام کرو کے نعرے درج تھے اسی سلسلے میں تمام کا لجز میں حیاء کیمپس لگائے گئے بڑا پروگرام اٹک گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج میں کیا گیا جس میں حیاء واک کا انعقاد کیا گیا واک کالج کے اندر سے شروع ہوکر فوارہ چوک پر اہتمام پذیر ہوئی فوارہ چوک میں واک کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی ناظم اسلامی جمعیت طلبہ اٹک عاطف آمان ، ناظم اسلامی جمیت طلبہ عادل ظہور ، وقاص چغتائی ، منیر احمد، وقار الدین ، رہنما ایم ایس ایم اویس ،رہنما ایم ایس ایف عاطف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام اور لا الہ الا للہ کے نام سے بنا تھا لیکن آج ہمارے حکمران پاکستان اور پاکستانی نوجوانوں کو سیکولر بنانے پر طلے ہوئے ہیںعاطف آمان نے کہا کہ پاکستان کہ اندر ویلنٹائن ڈے جیسے غیر اسلامی رسومات کی کوئی گنجائش نہیں اٹک کے طالب ِ علم ویلنٹائن ڈے کی بجائے حیاء ڈے منائیں گے واک سے خطاب کرتے ہوئے ناظم کالج عادل ظہور نے کہا کے14 فروری کو حیاء ڈے منانے کا مقصد طلباء کے اندر دین اسلام سے محبت پیدا کرنا ہے انہوں نے کہا کہ مادر پدر آزاد معاشرے کہ تہواروں کو پاکستان کے اندر منانے نہیں دیں گے۔
۔۔۔۔۔۔
محنت کش طبقہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے: سعادت ایس چیمہ
کراچی(جی پی آئی) ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز اتھارٹی کے چیئرمین سعادت ایس چیمہ نے کہا ہے کہ EPZA کے زیر انتظام اداروں کی تنخواہوں سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں رکھا جائے گا۔ وہ آج یہاں کراچی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں جے اینڈ ایم فیکٹری کے 2500 سے زائد ملازمین کو تنخواہوں اور تمام واجبات کی ادائیگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ چیئرمین EPZA نے تنخواہیں اور واجبات کی ادائیگی کے گھمبیر مسئلہ کے حل کیلئے زون میں سرمایہ کاری کرنیوالوں سے خصوصی مذاکرات کیے اور ان کی دلچسپی اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ سعادت ایس چیمہ نے کہا کہ محنت کش طبقہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، محنت کشوں کی مشکلات کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جے اینڈ ایم کے ملازمین کو پراسیسنگ زون کے دیگر آپریشنل یونٹس میں ملازمت فراہم کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
ملکی خزانے کو 67 فیصد ریونیو دینے والے شہر کے تاجروں کو بھتہ خوروں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا’ محمد حسین محنتی

کراچی(جی پی آئی)جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے سبزی منڈی’ گل بہار کی سینیٹری مارکیٹ’ پرانا حاجی کیمپ کی اسٹیل مارکیٹ’لانڈھی الیکٹرونکس مارکیٹ ‘گلستان جوہر کی مارکیٹوں میں بھتہ خوری اور فائرنگ کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے جس کی وجہ سے تاجر اپنا کاروبار بیرون ملک منتقل کررہے ہیں۔شہر میں بدامنی کی وجہ سے تاجر اپنا کاروبار چلانے کے بجائے سڑکو ںپر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں’روزانہ کراچی کے مختلف علاقوں میںمارکیٹوں کی بندش معمول بن گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فروری کے پہلے 2ہفتوں میںکراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے افراد کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے جو حکومت کی نااہلی اورناکامی کا واضح ثبوت ہے۔پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادی جماعتیں سندھ پر حکومت کرنے کا جواز کھو چکی ہیں ‘ عوام کو روٹی ‘کپڑا اورمکا ن کا نعرہ دینے والے صرف موت بانٹ رہے ہیں۔کراچی میں امن وامان کی خراب صورتحال عراق اور افغانستان سے بھی زیادہ بد تر ہوگئی ہے۔کراچی پچھلے پانچ سالوں سے آگ میں جل رہا ہے اور حکمران چین کی بانسری بجارہے ہیں اور ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرا کرکراچی کے عوام کو بے وقوف بنانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں’ شہریو ںکو تحفظ فراہم کرنے والی پولیس جب عدم تحفظ کا شکار ہے تو ایسے میں عام شہریوں کا تحفظ کیسے ممکن ہے؟۔ کراچی کے عوام کو اب نااہل حکمرانو ںکے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیے اور آئندہ انتخابات میں دیانتدار قیادت کا انتخاب کرنا چاہیے جو کراچی کے 2 کروڑ عوام کو تحفظ فراہم کرسکے اور شہر کوامن ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کرسکے۔ انہوں نے کہاکہ بھتہ نہ دینے والے تاجروں کو ان کے بچو ںکے اغواء کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں دہشتگردی اور لاقانونیت کے باعث سب سے زیادہ تاجر متاثر ہیں’ یہ بھتہ بھی دیتے ہیں اور انہیں قتل بھی کیا جارہا ہے ‘ پورے ملک کے خزانے کو 67 فیصد ریونیو دینے والے شہر کے تاجروںکو لاکھوں روپے بھتہ پرچیاں بھیجی جاتی ہیں اور مطالبے کی عدم تعمیل پر دوکانوں پر دستی بموں سے حملے کئے جاتے ہیں۔ محمد حسین محنتی نے مطالبہ کیا کہ تاجر برادری کو فی الفور تحفظ فراہم کیا جائے اوربھتہ خوروں او ران کو پشت پناہی فراہم کرنے والوں کے خلاف سیاست سے بالاترہوکرکارروائی کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔
ریاض صدیقی کے والد کی نماز جنازہ میں ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی و دیگررہنما ؤں کی شرکت و اظہار تعزیت

کراچی(جی پی آئی)جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ریاض احمد صدیقی’ معروف صحافی فیاض احمد صدیقی کے والد ظفیرالدین صدیقی قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔مرحوم کچھ عرصے سے شدید علیل تھے۔ان کی نماز جنازہ امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کی امامت میں جامع مسجد سلمان فارسی اورنگی ٹاؤن میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ میںنائب امیر صوبہ سندھ راشد نسیم ‘جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی’جنرل سیکرٹری نسیم صدیقی ‘ نائب امراء ڈاکٹر واسع شاکر’نصراللہ شجیع’ سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری امیر ضلع غربی اسحاق خان’ جنرل سیکریٹری ضلع محمودالحسن ‘سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی لئیق خان’ حمیداللہ ایڈووکیٹ’یونس بارائی ‘نائب صدر شباب ملی کراچی فرہاد گل’این اے 242کے معروف سماجی شخصیت تاج محمد خان سمیت جماعت اسلامی ‘اسلامی جمعیت طلبہ اورشباب ملی کے ذمہ داران’پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد ‘مرحوم کے اعزا و اقربا اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کی۔بعد ازاں مرحوم کو سوگواران کی موجود گی میں ساڑھے گیارہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔مرحوم کی ایصال ثواب کے لئے اتوار کو بعد نماز عصر ان کے مکان شاہ ولی اللہ نگر سیکٹر ساڑھے گیارہ متصل جامع مسجد سلمان فارسی پر درس قرآن کا اہتمام کیا گیا ہے’خواتین کیلئے باپردہ شرکت کا اہتمام ہو گا۔
۔۔۔۔۔۔
شہر بھر میں کھلے مین ہولز اور گٹر پر ڈھکن ڈالے جائیں’جماعت اسلامی
کراچی(جی پی آئی)جماعت اسلامی کراچی کے سابق ارکان اسمبلی مظفر ہاشمی ‘لئیق خان’نصراللہ شجیع ‘حمیداللہ ایڈووکیٹ اور یونس بارائی نے شہر میں جگہ جگہ بالخصوص پرانی سبزی منڈی کے باجوڑی محلے میںکھلے مین ہولز اور نالوں کی وجہ سے ہونے والے حادثات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ شہری انتظامیہ نے بے حسی اور لاپرواہی کی حد کردی ہے،آئے روز معصوم بچے گٹر اور نالوں میں گر جاتے ہیں مگر ٹاؤن اور یوسی ایڈمنسٹریشن کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ پرانی سبزی منڈی کے باجوڑی محلے میں گذشتہ تھوڑے عرصے میں پانچواں بچہ کھلے مین ہول میں گر کر ہلاک ہوچکا ہے’آئے روز پیش آنے والے حادثے کی اطلاع ٹاؤن اور یوسی انتظامیہ کو دیے جانے کے باوجود اب تک کوئی نوٹس نہیں لیا گیا نہ ہی کھلے گٹر اور مین ہولز پر ڈھکن ڈالے گئے’اس درجے نااہلی اور بے حسی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ نکاسی آب’ندی نالو ں کی صفائی’مرمت اور مین ہولز پر ڈھکن اور دیگر امور کیلئے شہری انتظامیہ کو اربوں روپے فنڈ دیے جاتے ہیں جو لوٹ مار اور کرپشن کی نظر ہو جاتے ہیںاعلی حکام کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔سابق ارکان اسمبلی جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ شہر بھر میں کھلے مین ہولز اور کھلے نالوں پر فوری طور پر ڈھکن ڈالے اور چھتیں تعمیر کرائی جائیںتاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔