اضلاع کی خبریں 23.06.2013

میاں برادران کی پالیسیوں اور کارناموں سے مسلم لیگ ن آج ایک مضبوط قوت بن چکی ہے :شاہین اشفاق
گوجرانوالہ(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین ضلع گوجرانوالہ کی صدرممبر پنجاب اسمبلی شاہین اشفاق، سابق ایم ،این ائے نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں محمد نواز شریف اور خادم اعلی پنجاب میاںشہباز شریف کی ولولہ انگیز پالیسیوں کارناموں سے مسلم لیگ ن آج ایک مضبوط قوت بن چکی ہے او ر حالیہ جنرل انتخابات میں مسلم لیگ ن کے نامزد امیدار وں کی بھاری اکثریت سے کامیابی سے ثابت ہوگیا ہے کہ قوم محسن پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قیادت میںمسلم لیگ ن کے ساتھ ہے شاہین اشفاق،ایم ،این ائے نے کہا کہ حالیہ ا لیکشن میں ملک بھر کی طرح گوجرانوالہ میں سے بھی مسلم لیگ کے نامزد امیدواروں کی شاندار اور ریکارڈ ووٹوں سے کامیابی وبرتری میں گوجرانوالہ کی مسلم لیگی خواتین کا اہم کردار ہے جنہوں نے الیکشن مہم میں بھر پور حصہ لیکر اپنا کردار ادا کیا اور گھر گھر گلی گلی محلے محلے میں مسلم لیگی خواتین منظم طریقہ سے انتخابی مہم میں مردوں کے شانہ بشانہ شریک رہیں ،اورالیکشن میں خواتین نے ریکارڈ ووٹ کاسٹ کرکے مسلم لیگی امیدوار کو کامیاب کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرکے ثابت کیا کہ گوجرانوالہ حقیقت میں مسلم لیگ ن کا مضبوط قلعہ ہے اور خواتین ونگ اس کا ہراول دستہ ہے جو ہر محاذ، ہر میدان ہر سطع پر پارٹی کا بھرپور ساتھ دئے رہی ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین ضلع گوجرانوالہ کی صدر ممبر پنجاب اسمبلی شاہین اشفاق، سابق ایم ،این ائے نے کہا کہ الیکشن میں ڈیوٹی دینے والی مسلم لیگی خواتین کے اعزاز میں جلد ایک گرینڈ پارٹی دی جائے گی اور اس گرینڈ پارٹی میں خواتین کی قائد مریم نواز شریف اور دیگر مرکزی و صوبائی خواتین قائدین کو بلایا جائے گا جو گوجرانوالہ کی متحرک محنتی اور پارٹی کی وفادار خواتین میں خصوصی اسناد سرٹیفیکیٹ تقسیم کریں گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر آج (بروز اتوار) گوجرانوالہ آئیں گے
گوجرانوالہ(جی پی آئی )مرکزی جمعیت اہلحدیث گوجرانوالہ سٹی کی پریس ریلیز کے مطابق مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر آج (بروز اتوار) گوجرانوالہ آئیں گے۔ وہ یہاںمجیب ٹائون علی پور بائی پاس گوندلانوالہ روڈ میں جامع مسجد یونس اہلحدیث کا سنگ بنیاد رکھیں گے، کارکنان سے خطاب اور حافظ عطاء الرحمان، حاجی محمد طارق اور مولانا عبد القدوس صدیقی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عصرانہ سے بھی خطاب فرمائیں۔اس موقع پر سرپرست سٹی مولانا محمد صادق عتیق،امیر سٹی پروفیسر سعید کلیروی، ناظم اعلیٰ صاحبزادہ حافظ عمران عریف، مولانا محمد ابرار ظہیر، مولانا عارف اثری،مولانا حافظ عبد الشکور شیخوپوری اور دیگر
بھی خطاب فرمائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی میں قیام امن کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں شاداب رضانقشبندی
اسلام آباد( جی پی آئی)پاکستان سُنی تحریک پنجاب کے صدرمحمدشاداب رضانقشبندی نے شہرقائدمیں بڑھتی ہوئی بدامنی پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں پاکستان سُنی تحریک سمیت دیگرسیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کارکنوں اور عام شہریوں کا قتل عام معمول بن چکا ہے حکومت امن وامان کے قیام میںمکمل طورپر ناکام ثابت ہوچکی ہے۔شہر میں امن وامان کی ابتر صورتحال نے کاروبار زندگی کو بری طرح متاثر کردیا ہے معاشی سرگرمیاں بھی امن وامان کی ابتر صورتحال کی وجہ سے مسلسل ماند پڑتی جارہی ہیںشہر میں پولیس رینجرز اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی میں کسی کی جان ومال عزت وآبرو محفوظ نہیں دہشتگرد جب چاہتے ہیں بے گناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیلتے ہیں اورکوئی انہیں پوچھنے والانہیں۔ اس صورتحال نے عوام اور تاجروں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کردیا ہے جب کہ تاجروں کیلئے اپنا کاروبار جاری رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔ کراچی کے شہری پہلے ہی بے پناہ مشکلات سے دوچار ہیں, آئے روزپورے شہر کو بند کرانا اوریوم سوگ کے اعلان کراچی کے عوام کے مسائل ومشکلات میں اضافہ کر دیتے ہیں۔ شاداب رضا نقشبندی نے مطالبہ کیا کہ حکومت شہر میں امن وامان کے قیام کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شب برأت کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔مفتی لیاقت علی رضوی
راولپنڈی(جی پی آئی)پاکستان سُنی تحریک کے ڈویژنل صدر مفتی لیاقت علی رضوی نے کہا ہے کہ شب برأت کے موقع پر مساجد، مزارات اور قبرستانوں پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے۔ہرسال کی طرح اس سال بھی پاکستان سنی تحریک کے شعبۂ خدمت اہلسنت خدمت فائونڈیشن(ٹرسٹ ) کے تحت شب برأت کے موقع پرملک کے بڑے قبرستانوں میں صفائی اور روشنی کااہتمام کیا جائے گاجبکہ مزارات اور قبرستانوں کے باہر استقبالیہ کیمپ اور زائرین کیلئے شربت کی سبیلیں بھی لگائی جائیں گی۔ متعلقہ اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ اس عظیم البرکت رات میں زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اہلسنت خدمت فائونڈیشن کے عہدیداروں اور رضاکاروں کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مفتی لیاقت علی نے مطالبہ کیا کہ شب برأ ت سے قبل سانحہ زیارت،سانحہ کوئٹہ کی تحقیقات کو منظر عام پر لایا جائے تاکہ عوام حقائق سے روشناس ہو سکیں۔ دہشتگردی ملک کیلئے ناسور ہے تمام امن پسند قوتیں یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کی ہر سازش کو ناکام بنا دیں۔ انہوں نے کہا کہ شب برأت گناہوں کی معافی اورجہنم سے چھٹکارے کی رات ہے۔اس رات اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کی چھماچھم برسات ہوتی ہے اور اللہ تعالیٰ بنی کلب کی بکریوں کے بالوں سے بھی زیادہ لوگوں کوجہنم سے آزادفرماتا ہے۔ قوم اس بابرکت رات میں توبہ و استغفار کے ساتھ ساتھ ملکی سلامتی، استحکام اور دہشتگردی سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
غازی ممتاز حسین قادری کی رہائی کا مطالبہ پوری قوم کی آوز ہے۔علامہ اشفاق صابری
راولپنڈی/ اسلام آباد(جی پی آئی) ادارہ صراط مستقیم پاکستان کے ضلعی رہنماعلامہ اشفاق احمدصابری نے کہا ہے کہ نے قومی اسمبلی میں مجاہد علی خان کی طرف غازی ممتاز حسین قادری کی رہائی کے مطالبہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ غازی ممتاز حسین قادری کی رہائی کا مطالبہ پوری قوم کی آوز ہے۔ مجاہد علی خان کا بیان ملّی غیرت کا عکاّس اور عوامی جذبوں کا ترجمان ہے، باقی ارکان اسمبلی کو بھی اس مطالبہ کی حمایت کر کے عوامی نمائدنگی کا حق ادا کرنا چاہیے ۔انہوں نے ممتاز حسین قادری کے خلاف نفسیہ شاہ کے ریمارکس پر شدید ردّ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انکا بیان مغربی سوچ کا آئنہ دار ہے، ان کے بیان سے کروڑو ں عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے دِلوںکو ٹھیس پہنچی ہے چنانچہ وہ فوراً اپنا بیان واپس لیں۔ غازی ممتاز حسین قادری بے گناہ ہیں ،غازی ممتاز حسین قادری کو جیل میں رکھنا سابق حکومت کی طرح موجودہ حکومت کیلئے وبال بن جائے گا۔ انہوں نے کہا غازی ممتاز حسین قادری کی رہائی کی تحریک کو منظم کیا ارہا ہے، بہت جلد لائحہ عمل کااعلان کیا جائے گا۔ عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم غازی ملک ممتازحسین قادری کی رہائی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عالمی طاقتیں پاکستان کا استحکام نہیں چاہتیں، ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جارہا ہے: سینیٹر پروفیسر ساجد میر
لاہور (جی پی آئی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستا ن کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ عالمی طاقتیں پاکستان کا استحکام نہیں چاہتیں، ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ فرقہ وارانہ ا ور لسانی بنیادوں پر قتل وغارت گری کی تازہ لہر کے پیچھے گہری سازش کارفرما ہے۔ تنہا ایک جماعت مسائل حل نہیں کرسکتی، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپوزیشن سمیت تمام سیاسی ومذہبی قوتوں کو اعتماد میں لینے کی ضرورت ہے۔ہفتہ کے روز مرکزی دفتر میں مختلف جماعتی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی طالبان کو چاہئے کہ وہ مسلح کارروائیاں بند کرکے مذاکرات اور امن کی راہ اپنائیں۔قطر میں امن مذاکرات میں پاکستان کا کردار فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ طالبان کی طرف سے ممکنہ مذاکرات میں جنگ بندی پر جس بات چیت کا عندیہ دیا ہے اس سے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور طالبان کی اس جنگ سے پاکستان براہ راست متاثر ہوا ہے اور فرنٹ لائن اتحادی کی حیثیت سے اس نے اپنے ہزاروں شہریوں اور اربوں روپے کی املاک کی قربانی دی ہے اس لئے مستقبل میں افغانستان کے حوالے سے
کوئی فیصلہ کرتے ہوئے امریکہ پاکستان کو بھی اعتماد میں لے تو اس سے افغانستان، پاکستان اور امریکہ کے درمیان پائیدار امن کی ضمانت مل سکتی ہے ۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ امریکہ اگر ان مذاکرات کی کامیابی چاہتا ہے تو اسے پاکستان کو مذاکرات میں اہم فریق کی حیثیت سے حصہ دار بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ افغان صدر کرزئی کو اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے، انہیں اپنے ملک کو مزید تباہی و بربادی سے نکالنے کے لیے مذاکرات کا بائیکاٹ ختم کردینا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مجلس وحدت مسلمین لاہور کے رہنمائوں کا اہم اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ مسلم ٹائون میں منعقد ہوا
لاہور( جی پی آئی) مجلس وحدت مسلمین لاہور کے رہنمائوں کا اہم اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ مسلم ٹائون میں منعقد ہوا جس میں سانحہ پشاور اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ پر پنجاب میں احتجاجی مظاہروں کے شیڈول پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اجلاس کی صدات سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبداخالق اسدی نے کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں جاری شیعہ نسل کشی پر موجودہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہی۔ لہٰذا احتجاجی مظاہروں کو وسعت دینے کی تجاویز شوریٰ عالی کو بھیج دی جائے۔ اجلا س میں کل ہونے والے احتجاج اور علامتی دھرنے کی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی سے حکمرانوں کی بے بسی کھل کر سامنے آگئی۔ دہشت گردوں سے مذاکرات نہیں بلکہ معصوم محب وطن شہریوں کے قاتلوں کو پھانسی دے دی جانی چائیے۔ جب تک ملکی سلامتی کے ادارے ٹھوس ا قدامات نہیں اٹھائیں گے حالات ایسے ہی رہیں گے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ کل پنجاب کے مختلف اضلاع میں مظاہرے کئے جائیں گے۔ سانحہ پشاور پی ٹی آئی کی حکومت کیلئے ٹیسٹ کیس ہے۔ اس سانحے کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات سے نیا پاکستان کا منشور رکھنے والی جماعت کا بھی اندازہ ہو جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب حکومت نے بجٹ میں کوئی نیا اور انقلابی اقدام نہیں کیا:ثمینہ خالد گھرکی
لاہور(جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے بجٹ میں کوئی نیا اور انقلابی اقدام نہیں کیا۔ ماضی میں بھی بجٹ تقاریر پر کبھی عمل نہیں ہوا۔ پنجاب حکومت نے گزشتہ ادوار میں بھی پاور جنریشن کے لئے 9ارب اور دوسرے میں 11ارب مختص کئے مگر عمل نہیں ہوا، اسی طرح سولر ٹیوب ویل کے لئے 3 سال پہلے اعلان کیا تھا۔ دو لاکھ کی سبسڈی کی بات کی گئی۔ اب پھر سولر ٹیبو ویل کا انقلابی اقدام تقریر میں شامل کر لیا گیا۔ پنجاب میں نہروں پر 350میگا واٹ بجلی بنانے کے منصوبے مسلسل دو سال بجٹ میں پیش کئے گئے مگر ان پر 5برس میں بھی عمل نہیںہوا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ترقیاتی کاموں کے لئے جو رقم مختص کی جاتی ہے استعمال نہیں ہوتی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لوڈشیڈنگ میں کمی لانے کے لئے درست سمت میں تیز تر اقدامات کئے جا رہے ہیں : شوکت عزیز بھٹی
لاہور( جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت عزیز بھٹی نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ میں کمی لانے کے لئے درست سمت میں تیز تر اقدامات کئے جا رہے ہیں توانائی بحران نے زندگی کے ہر شعبے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے پہلے دن سے جنگی بنیادوں پر مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے پاکستان میں کوئلے کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ان ذخائر کو استعمال کرتے ہوئے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شروع کرے گی۔ پاکستان پر اس وقت 60 بلین ڈالر کا قرضہ ہے معاشی آزادی کے بغیر سیاسی آزادی نہیں مل سکتی ہم سیاسی اور معاشی طور پر محکوم ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ضروری اشیاء کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لیا جائے: چودھری پرویزالٰہی
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ بجٹ کے اعلان کے بعد مارکیٹ میں ضروری اشیائے صرف باالخصوص کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں جو حالیہ اضافہ ہوا ہے اسے واپس لیا جائے اور قیمتوں کو بجٹ سے پہلے کی سطح پر لانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ وہ گجرات میں مختلف مقامات پر پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر میاں عمران مسعود، چودھری اعجاز احمد آف شاہدولہ ٹائون اور عظمت شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بجٹ کی منظوری سے قبل ہی اشیاء کے نرخ نمایاں طور پر بڑھنے سے غریب اور عام آدمی بہت پریشان ہے۔ انہوں نے نہایت مصروف دن گزارا اور اپنے ساتھی رہنمائوں سے ملاقات کے علاوہ متعدد ساتھیوں اور کارکنوں کے گھر جا کر ان کے انتقال کر جانے والے عزیز و اقارب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے سابق ناظم شہزاد گل کی رہائش گاہ پر پارٹی کیلئے ان کی خدمت کو سراہا۔ اس موقع پر عطاء اللہ گل، حاجی صغیر احمد، چودھری اصغر تیل والے اور دیگر کارکن بھی موجود تھے۔ انہوں نے سید ضمیر حسین شاہ سے بھی ملاقات کی اور الیکشن میں ان کی بھرپور حمایت پر اظہار تشکر کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے پیلس کالونی میں چودھری محمد اسلم، چودھری محمد اشرف کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے سید مشتاق حسین جنگی کے علاوہ مدینہ سیداں میں زاہد حسین شاہ، سید شوکت وسیم، سید طالب حسین شاہ، صابر شاہ اور جمال پور سیداں میں سید علمدار حسین شاہ کی رہائش گاہوں پر جا کر بھی فاتحہ خوانی کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر سیف چائلڈ فائونڈیشن سے پریس کلب تک واک منعقد کی جائے گئی
لاہور(جی پی آئی)انسداد منشیات کے عالمی دن کے حوالے سے نیک مقصد اور منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیئے اے این ایف ہیڈ کوارٹر میں این جی اوز کا اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈرگ فری سٹی لاہور الطاف قمر نے کی اجلاس میں این جی اوز کی کارکردگی کو سراہا گیااور اس بات کو اہم سمجھا گیا کہ ڈرگ فری لاہور پروجیکٹ میں آگاہی مہم کا سہرا این جی اوز کے سر ہے اس موقع پر تمام این جی اوز کے سربراہان کو بہترین کارکردگی اور لاہور کو منشیات سے پاک کرنے کے حوالے سے مبارکباد بھی پیش کی گئی پروجیکٹ ڈائریکٹر نے انسداد منشیات کے عالمی دن کے حوالے سے شیڈول بھی پیش کیا جس میں کیمپ، واک، ڈرامہ کے ذریعے آگاہی دینے کے بارے میں این جی اوز کی رائے بھی طلب کی گئی اور انسداد منشیات کے عالمی دن کے حوالے سے واک مرکزی آفس سیف چائلڈ فائونڈیشن سے پریس کلب لاہور تک منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا واضع رہے سیف چائلڈ فائونڈیشن جون تک این جی اوز کی سہماہی کارکردگی میںاول پوزیشن حاصل کرتے ہوئے نقد انعام اور اسناد بھی حاصل کر چکی ہے واک میں تمام این جی اوز،اے این ایف،پولیس وکلا،طلبا وطالبات، پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈرگ فری لاہور،سوشل ویلفیئر کے علاوہ عوام کی بھر پور تعداد شرکت کرے گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دہشت گردی کی حالیہ لہر ملکی سلامتی کے خلاف سازش ہے جلد بے نقاب کیا جائے:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پنجاب و ممبر صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کر اچی اور پشاور میں ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوں پر گہر ی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان قائم کرنے میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے تما م ادارے مکمل طو ر پر ناکام ہو چکے ہیں۔ دہشت گردی گہری سازش کا حصہ ہے جسے جلد از جلد بے نقاب کیا جانا ضروری ہے۔ اس میں بیرونی ہاتھ خارج ازامکان نہیں ہے۔ ملک میں جاری حالیہ دہشت گردی کی لہر پاکستان کی آزادی، خودمختاری اوربقاء کے لئے سوالیہ نشان ہیں۔حکمرانوں نے چند ڈالروں کے عوض پاکستان کو امریکی کالونی بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی مسلمانوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے لئے متحد ہو چکے ہیں۔ اگر پاکستانی حکمرانوں نے اپنی غلامانہ روش نہ بدلی تو آنے والی نسلیں بھی ان کو معاف نہیں کریں گی۔ جتنا نقصان امریکی نام نہاد مفاداتی جنگ میں پاکستان اور اس کے عوام کا ہوا ہے اتنا کسی اور ملک کا نہیں ہوا۔ بھارت میں انتہا پسندوںاور دہشت گردوں کے کیمپوں کی موجود گی کے سرکاری اعتراف کے باجود امریکہ اور عالمی برادری کی خاموشی معنی خیز ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملکی حالات انتہائی گھمبیر ہو چکے ہیں۔ اگر سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو پاکستان کی بقاء خطرے میں پڑسکتی ہے۔ پاکستا ن نازک دور سے گزر رہا ہے حکمران ہوش کے نا خن لیں ۔ملک دشمن قوتیں پاکستان میں انتشار پھیلاکر ملک کو تقسیم کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ ڈرون حملوں کا مقصد قبائلی عوام میں پاکستان کے خلاف نفرت کا زہر بھر نا ہے۔نئی آنے والی حکومت قوم کو ڈرون حملوں کے عذاب سے نجات اور نام نہاد امریکی جنگ سے علیحدگی اختیار کرے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ نام نہاد, دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمارے گلے کی ہڈی بن چکی ہے۔ حکومت باہر نکلنے کا اعلان کرے۔ آئین کی شق2 الف میں واضح طورپر درج ہے کہ ملک میں اللہ کی حاکمیت ہوگی اور افسوس کے ہمارے حکمرانوں نے ملک میں امریکہ کی حاکمیت قائم کی ہوئی ہے۔ انگریزی قانون کے مطابق فیصلے کئے جاتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میٹرو بس اور دانش سکول متوسط طبقے اور غریبوں کیلئے شروع کئے گئے ۔ مدیحہ رانا
لاہور( جی پی آئی) مسلم لیگ (ن) کی نو منتخب رکن پنجاب اسمبلی و چیف آرگنائزر و جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ ( ن ) یوتھ ونگ شعبہ خواتین مدیحہ رانا نے کہا ہے کہ مالی بجٹ 2013-14ء میں 290 ارب روپے کی خطیر رقم ترقیاتی سکیموں کیلئے رکھی گئی ہے جس میں خصوصی طور پر 93 ارب روپے جنوبی پنجاب کیلئے مختص کئے گئے ہیں جو ترقیاتی بجٹ کا 32 فیصد بنتا ہے۔ دانش سکولوں پر تنقید کرنیوالوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ میٹرو بس سروس اور دانش سکول خصوصی طور پر متوسط طبقے اور غریبوں کیلئے شروع کئے گئے ہیں۔ جن کے بچے بیکن ہائوس میں تعلیم حاصل کرتے ہیں وہ تمام جدید سہولتوں سے آراستہ دانش سکولوں میں غریبوں کے بچوں کو پڑھتا نہیں دیکھ سکتے۔ جن کے پاس لینڈ کروزرز ہیں وہ میٹرو بس میں سفر کرنیوالے غریبوں کو کیسے برداشت کرسکیں گے۔ہفتہ کے روزپنجاب اسمبلی کے اجلاس میں مدیحہ رانا نے بجٹ پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے قائد نواز شریف اور شہباز شریف انشاء اللہ پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنائیں گے۔ لوڈشیدنگ کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے خاتون رکن اسمبلی نے کہا کہ لوڈشیڈنگ سے متاثر ہونیوالا سب سے زیادہ طبقہ طلبہ کا ہے لیکن ہماری حکومت نے تعلیمی اداروں میں سولر لیمپ تقسیم کرکے اس مسئلے کو بھی ختم کیا ہے اگر یہ ہماری غلطی ہے تو ہم یہ غلطی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت میں ریگولر ہونیوالی لیڈی ہیلتھ ورکرز اور نرسنگ کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ نیز نرسنگ کالجز میں نشستوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے جبکہ بجٹ میں فیصل آباد میں بچوں کے ہسپتال کیلئے رکھے گئے 10 لاکھ کی رقم کو 10 کروڑ تک لیکر جایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کیلئے پچیس ارب روپے مختص کرنا بڑا کارنامہ ہے ۔ انہوں نے کہا پرائیویٹ او رتعلیمی نظام کو مرحلہ وار یکساںکیا جائے ۔ پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کم از کم گریجوایٹس تک تعلیم کے حامل ہونے چاہئیں۔بڑے شہروں میںخواتین کے لئے مخصوص بسیں چلائی جائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پارلیمنٹ عدلیہ کے فیصلوں کی پاسداری کرتے ہوئے جی ایس ٹی میں اضافے کی منظوری نہ دے: سیدمنورحسن
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہاہے کہ جی ایس ٹی میں اضافے کے خلاف سپریم کورٹ کا فیصلہ عوام کے لیے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے ۔ پارلیمنٹ عدلیہ کے فیصلوں کی پاسداری کرتے ہوئے جی ایس ٹی میں اضافے کی منظوری نہ دے۔ نوازشریف خود کو سرمایہ داروں اور تاجروں کا نمائندہ ثابت کرنے کی بجائے 18کروڑ عوام کی نمائندگی کریں اور فاقوں کے مارے عوام کے پیٹ پر پتھر باندھنے کا مطالبہ کرنے کی بجائے اپنے پیٹ پر پتھر باندھ لیں تو قوم خود بخود اپنے پیٹ پر پتھر باندھ لے گی۔ پاکستان جیسے غریب ملک کے لیے آٹھ وزراء ہی کافی ہیں ۔۔ جہاز ی سائز کابینہ بنانے پر اربوں روپے خرچ کرنے کی بجائے یہی رقم عوام کو ریلیف دینے پر خرچ کی جائے ۔ سابقہ حکومت نے عوام دشمن فیصلوں سے” مقبولیت ”کی جن بلندیوں کو پانچ سال میں چھوا ہے نوازشریف وہ فاصلہ مہینوں میں طے نہ کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی روانگی سے قبل منصورہ میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید منورحسن نے کہاکہ حکمران جی ایس ٹی پر سپریم کورٹ کی طرف سے عوام کو دیئے گئے ریلیف پر ڈاکہ ڈالنا چاہتے ہیں اور پارلیمنٹ سے انتہائی عجلت میں عوام کش بجٹ کی منظوری حاصل کرناچاہتے ہیں تاکہ جی ایس ٹی میں کیے گئے اضافے کو آئینی تحفظ دیاجاسکے۔ حکومت کو اخلاقی جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جی ایس ٹی میں کیے گئے اضافے کو فوری واپس لے لینا چاہیے تاکہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جاسکے اور حکومت کی بدنامی میں مزید اضافہ اورابتدا ہی میں عدلیہ سے محاذ آرائی کا تاثر بھی پیدا نہ ہو ۔حکومت پارلیمنٹ سے بجٹ منظور کروا کر جی ایس ٹی میں اضافے کو آئینی تحفظ دینے سے گریز کرے۔ سید منور حسن نے کہاکہ زرداری اور نوازشریف سمیت حکمرانوں کے سوئس بنکوں میں پڑے ہوئے اربوں ڈالر پاکستانی بنکوں میں آجائیں تو ناصرف قومی معیشت کی حالت سدھر جائے گی بلکہ حکومت آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے سامنے بھکاری بننے کی شرمندگی سے بھی بچ جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ معاشی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ اس بار کڑوی گولی حکمران خود نگلیں اورغربت کے مارے عوام کی قسمت میں لکھی ہمیشہ کی کڑواہٹ کو مٹھاس میں بدلنے کے نیک کام کا آغاز کریں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکمرانوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے علی الرغم کوئی قدم اٹھانے کی کوشش کی تو عوام اراکین اسمبلی کا ان کے حلقوں میں جانا دوبھر کردیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فیصل آباد ڈویژن میں 16 سو اساتذہ 2 سال سے تنخواہوں سے محرومثمینہ خاور حیات نے تحریک التواء جمع کروادی
لاہو ر(جی پی آئی)ق لیگ پنجاب کی رکن صوبائی اسمبلی ثمینہ خاور حیات نے پنجاب اسمبلی میں فیصل آباد ڈویژن کے16سو اساتذہ کو دو سال سے تنخواہیں نہ ملنے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع کروادی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیمی شعبہ کے فنڈز ریوڑیوں کی طرح بانٹ رہی ہے مگر بچوں کو تعلیم دینے والے اساتذہ کا کوئی پرسان حال نہیں۔ثمینہ خاور حیات نے اسمبلی احاطہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی ناک کے نیچے اسمبلی کیفے ٹیریا میں چائے کا کپ 50 روپے اور کڑھی کی پلیٹ اڑھائی سو میں بک رہی ہے جب سے موجودہ حکمران برسراقتدار آئے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو آگ لگی ہوئی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جی ایس ٹی کی طرح 5مرلہ گھروں پر ٹیکس لگانے کا فیصلہ بھی واپس لیا جائے، ق لیگ
لاہو ر(جی پی آئی)ق لیگ پنجاب کے اراکین صوبائی اسمبلی سردار وقاص حسن موکل نے کہا ہے کہ جی ایس ٹی کی طرح 5مرلہ گھروں پر ٹیکس لگانے کا فیصلہ بھی واپس لیا جائے۔اپوزیشن چیمبر میں گفتگو کرتے ہوئے ق لیگ کے ایم پی اے احمد شاہ کھگہ نے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ پر خرچ ہونے والی رقم کی زکواة نکالی جائے تو وارث شاہ کے تاریخی گائوں ملکہ ہانس میں 20 کلومیٹر کی سڑک بن سکتی ہے جو کئی سالوں سے کھنڈر کا منظر پیش کر رہی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ کسانوں پر زرعی ٹیکس لگانے پر بڑی تشویش ہے وزیر خزانہ وضاحت کریں کہ کہیں ساڑھے بارہ ایکڑ والے تو اس کی زد میں نہیں آرہے ؟ انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے مختص شدہ بجٹ تھوڑا ہے اگر حکومت صاف پانی کی فراہمی ہی یقینی بنادے تو 50 فیصد بیماریاں ختم ہو جائیں گی انہوں نے کہا کہ ملکہ ہانس پاکپتن میں لڑکیوں اور لڑکوں کا کالج نہیں ہے براہ کرم وزیر خزانہ میری تجویز کو نوٹ کریں اور اسی سال وہاں پر کالج کی تعمیر شروع کروائیں۔