2021 ؛ اسٹارٹ اپس میں 300 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی

 Dollar

Dollar

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سال 2021 پاکستان میں ٹیکنالوجی پر مبنی نئے کاروباری آئیڈیاز (اسٹارٹ اپس) کے فروغ کے لیے اہم سال رہا جب کہ سال کے دوران پاکستانی اسٹارٹ اپس میں 300 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی۔

پاکستان کے ٹیکنالوجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لحاظ سے امریکا، سنگا پور اور متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کار پیش پیش ہیں۔ انڈسٹری ذرائع کے مطابق سال 2021میں اسٹارٹ اپس اور ٹیکنالوجی سیکٹر میں کی جانے والی سرمایہ کاری اسٹاک مارکیٹ کی ایک سال کی سرمایہ کاری اور گذشتہ 6 سال میں ٹیکنالوجی کے میدان میں ہونے والی مجموعی سرمایہ کاری سے بھی زیادہ ہے۔

گلوبل اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم انڈیکس 2021کے مطابق گلوبل اسٹارپ انڈیکس میں پاکستان کی پوزیشن 2021میں 7درجہ بہتر ہوکر 75ویں درجہ پر آگئی جبکہ جنوبی ایشیا میں پاکستان اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم دوسرے درجے پر شمار کیا گیا۔

پاکستان میں لاہور، کراچی، اسلام آباد کے بعد راولپنڈی اور فیصل آباد بھی اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ لاہور اس درجہ میں سرفہرست ہے اور لاہور کا شمار عالمی سطح پر 257ویں درجہ پر کیا گیا، کراچی 286 ویں درجہ، اسلام آباد 437ویں درجہ، راولپنڈی 956ویں درجہ پر رہا جبکہ فیصل آباد کا شمار دنیا کے شہروں میں 960ویں نمبر پر کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق سال 2020میں اسٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری 97فیصد زائد رہی۔ پاکستان کے ایکو سسٹم کی ترقی کے بنیادی عوامل میں معاشی ترقی کی شرح نمو اور ترقی کے بھرپور امکانات کے ساتھ بڑھتی ہوئی مڈل کلاس جس کی آمدن میں اضافہ ہورہا ہے، سرفہرست ہیں۔

دیگر عوامل میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی ملک بھر میں دستیابی، آئی ٹی انفرااسٹرکچر کی بہتری اور انگریزی زبان پر عبور رکھنے والے فری لانسرز شامل ہیں۔