ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ چوروں ، ڈاکوئوں کا احتساب اور بوگس ووٹرز کا انخلاء اورنئے ووٹرز کا اندراج خوش آئند ہے، چوہدری خورشید زمان

تحریک تحفظ پاکستان کے سیکریٹری جنرل چوہدری خورشید زمان نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ چوروں ، ڈاکوئوں کا احتساب اور بوگس ووٹرز کا انخلاء اورنئے ووٹرز کا اندراج خوش آئند ہے۔الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے نئی حلقہ بندیوں پر سنجیدگی دکھائے۔

کاغذات نامزدگی کی سخت سکروٹنی کے ذریعے ہی چور،ڈاکو،بھتہ خور ،ٹارگٹ کلرزاور کرپٹ لوگوں کو مسترد کیا جاسکتا ہے۔الیکشن کمیشن کو متنازعہ بنانے کی کوششیں قابل مذمت ہیں لاہوت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری خورشید زمان نے کہاکہ انتخابی مہم کی نگرانی کو موثر اور غنڈہ گردی کرنے والے عناصر کا قلع قمع کرتے ہوئے انتخابات کو شفاف اور منصفانہ بنایا جائے۔

آرٹیکل62اور63کو آئین سے خارج کرنے کی کوشش کی گئی تو قوم سخت مخالفت کرے گی۔اسلام اور نظریہ پاکستان کے مخالف امیدواروں کو عوامی نمائندگی کا حق حاصل نہیں۔انہوں نے کہاکہ سابق صدر پرویز مشرف قومی مجرم ہیں جس نے2بار آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی سمیت سینکڑوں معصوم اور بے گناہ افراد کو محض چند ڈالروں کے عوض امریکہ کے ہاتھوںفروخت کیا۔لال مسجد میں قتل عام سمیت عدلیہ پر شب خون مارنے کی کوشش کی،انہیں اپنے کیے کی سزا ضرور ملنی چاہئے۔