متحرک منتظم ، بزلہ سنجی اور شعر گوئی کیلئے مشہور شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شہباز شریف ،تیسری مرتبہ تخت پنجاب کے مالک بننے جا رہے ہیں ، جنگ جو ، محنتی ، بیک وقت سخت اور نرم مزاج رکھنے والے سیاستدان شہباز شریف اپنے بھائیوں وزیر اعظم نواز شریف اور عباس شریف مرحوم سے چھوٹے ہیں ،21 ستمبر 1951کو لاہور میں آنکھ کھولی ،گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجوایشن کی، والد کے ساتھ کاروبارمیں ہاتھ بٹاتے رہے۔

لاہور چیمبر کے صدربھی رہے ،1988 میں پہلی باررکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے،1997 میں پنجاب کے وزیراعلی بنے ،،2008 میں دوبارہ وزیر اعلی کا منصب سنبھالا ،گورنر راج کے نفاذ پر معطل رہنے کے بعد سپریم کورٹ نے بحال کیا ، حالیہ انتخابی مہم میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کی پے در پے تاریخیں دے کر بھی خاصی شہرت پائی، الیکشن میں چار سیٹوں پر کامیابی کے بعد تیسری بار وزیراعلی پنجاب نامزد کیے گئے۔

شہباز شریف کو تند خو مگر مستعد اور متحرک منتظم قرار دیا جاتا ہے ، لاہور میں انڈر پاسز ، فلائی اوورز اور گیارہ ماہ میں میٹرو بس سروس بڑے کارنامے سمجھے جاتے ہیں ، شہباز شریف کے دو صاحبزادے حمزہ شہباز ، سلمان شہباز جبکہ دو صاحبزادیاں ہیں ، دوستوں میں چودھری نثار علی خان کا نام نمایاں ہے ، سرکاری اجلاسوں میں خشک اور تلخ شہباز شریف دوستوں کی محفل میں بزلہ سنجی اور شعر گوئی کیلئے مشہور ہیں۔