عیدالفطر 14 مئی کو ہو گی، وزیر اطلاعات فواد چوہدری

Fawad Chaudhry

Fawad Chaudhry

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزارت سائنس کے بنائے کلینڈر کے مطابق شوال کا چاند 13 مئی کو نظر آئے گا اور عیدالفطر 14 مئی کو ہوگی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات بیرسٹر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگرچہ عید الفطر کا حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی نے کرنا ہے، تاہم وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے بنائے گئے کلینڈر اور ایپ کے مطابق شوال کا چاند 13 مئی کو نظر آئے گا جب کہ عیدالفطر 14 مئی 2021 کو ہو گی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اس سے قبل وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر تھے، اور سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان اور ان کے درمیان چاند کے مسئلے پر بحث بھی رہتی تھی، اور رویت ہلال کمیٹی کے اعلان سے قبل ہی وزارت سائنس کی جانب سے چاند کی رویت کا اعلان کر دیا جاتا تھا۔

تاہم مفتی منیب الرحمان کو چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کے عہدے سے فارغ کرکے ان کی جگہ بادشاہی مسجد کے امام و خطیب مولانا ابوالخبیر کو چیئرمین رویت ہلال کمیٹی بنادیا گیا ہے، جب کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی ذمہ داریاں وفاقی وزیر شبلی فراز کو سونپ دی گئی ہیں۔