نومنتخب وزیر اعلی بلوچستان عبدالمالک آج شام حلف اٹھائیں گے

Abdul Malik

Abdul Malik

کوئٹہ (جیوڈیسک) نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے وزیراعلی منتخب ہونے کا اعلان آج اسمبلی اجلاس میں ہو گا، جس کے بعد نو منتخب وزیراعلی شام چھ بجے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، عبدالمالک بلوچ کہتے ہیں کہ صوبے میں امن و امان سب سے بڑا چیلنج ہے۔

اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق بلوچستان اسمبلی کا اجلاس آج صبح گیارہ بجے منعقد ہوگا جس میں اسپیکر جان محمد جمالی نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے وزیراعلی منتخب ہونے کا اعلان کریں گے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ آج شام چھ بجے گورنر ہاوس میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

ذرائع سے خصوصی گفتگو میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ انھیں وزیراعلی بن کر نہ خوشی ہے اورنہ غم۔ ان کے سامنے مواقع بھی ہیں اور چیلنج بھی، صوبے کے مسائل پر قابو پانے کے لیے تین ماہ کی حکمت عملی بنارہے ہیں جس میں پارٹی ،کابینہ اور اسمبلی کو بھی شامل کیا جائے گا۔

ڈاکٹر عبدا لمالک بلوچ نے کہا کہ صوبے کا سب سے بڑا چیلنج امن وامان اور ترقی ہے۔ ڈاکٹر عبدا لمالک بلوچ نے کہا کہ وہ نوازشریف اور فوجی قیادت سے کہیں گے کہ وہ ایسا ماحول بنائیں کہ لوگ بات چیت کیلئے تیار ہوجائیں،بلوچستان کے بیشتر علاقے نوگو ایریا ہیں جہاں حکومتی رٹ نہیں ہے۔ جب عوام کو پاور دیں گے تو ریاستی رٹ قائم ہو گی۔