الیکشن کمیشن ہرآنے والے دن اپنے اصولی موقف سے پیچھے ہٹتاجارہاہے، روائتی الیکشن کے ذریعے چند کرپٹ سیاسی خاندان ہی پارلیمنٹ میں پہنچ سکیں گے

Tahir ul Qadri

Tahir ul Qadri

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے اب تک کے اقدامات سے غیرجانب دار اور شفاف الیکشن کی امیدیںدم توڑتی ہوئی محسوس ہورہی ہیںلگتاہے کہ الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوںکے ساتھ مل کر کرپٹ سیاست کوجتوانے اور ریاست پاکستان کوہروانے کے لئے کام کررہاہے، ڈگریوںکے حوالے سے اپنے اصولی موقف سے پسپائی کے بعد الیکشن کمیشن کاغزات نامزدگی سے بھی پیچھے ہٹتانظرآرہاہے۔

ایک ماہ سے 15دن اور اب عملی طورپر سکروٹنی کاعمل بھی ایک ہفتے کارہ گیاہے آئین کے آرٹیکل 62,63 پر بھی عمل ہوتادکھائی نہیں دے رہاہے ۔ان خیالات کااظہار ڈاکٹر طاہرالقادری نے گزشتہ روز ٹورنٹو(کینیڈا) سے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمدعباسی سے ٹیلی فونک گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ ٹیکس چوروں اور کرپٹ مافیا کے پارلیمنٹ میں جانے کی راہ ایک بار پھرہموارکی جارہی ہے۔

وہی گھوڑے اور وہی سیاست کامیدان اور دھاندلی کابے دریغ استعمال کرتے ہوئے عوام کے حقوق کو ذبح کرنے کااختیارلے لیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن ہرآنے والے دن اپنے اصولی موقف سے پیچھے ہٹتاجارہاہے جوملکی استحکام اور عوام کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔روائتی الیکشن کے ذریعے چندکرپٹ سیاسی خاندان ہی پارلیمنٹ میں پہنچ سکیںگے عوام کے حقیقی نمائندے پارٹی ٹکٹ تک سے بھی محروم رہیںگے بلاشبہ یہ سب کچھ ملک توڑنے کی سازش ہوگی جس کے بڑے ذمہ داران میں الیکشن کمیشن بھی شامل ہوگا۔