الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم کے کاغذات نامزدگی پی ٹی آئی کو فراہم کر دیئے

Election Commission

Election Commission

اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم نواز شریف کے کاغذات نامزدگی تحریک انصاف کو فراہم کر دیئے ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن خورشید عالم کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی مراد سعید اور علی محمد خان کی درخواست پر کاغذات نامزدگی کی مصدقہ نقول پی ٹی آئی کے حوالے کی گئیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے چند روز قبل الیکشن کمیشن کو درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے انتخابات میں حصہ لیتے وقت قوم اور اداروں سے کئی حقائق چھپائے۔

وزیراعظم نواز شریف ڈیل کر کے بیرون ملک گئے اور واپسی پر کہا کہ انہوں نے کوئی ڈیل نہیں کی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ مہران بینک سکینڈل اور اصغر خان کیس میں وزیراعظم نواز شریف پر الزام ثابت ہو چکا ہے، اس حوالے سے بھی کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے گئے۔

تحریک انصاف کے مطابق وزیراعظم نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے، ان کیخلاف سپیکر قومی اسمبلی کو نااہلی کا ریفرنس بھجوایا جائے گا۔