ق لیگ نے انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا

Chaudhry Shujaat

Chaudhry Shujaat

لاہور (جیوڈیسک) لاہور مسلم لیگ قاف نے انتخابی نتائج کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ ارکان نے پیپلز پارٹی سے اتحاد ختم کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا۔ قاف لیگ نے بلوچستان میں حکومت بنانے کے لئے بلوچستان نیشنل پارٹی کی حمایت کر دی۔ چوہدری شجاعت کی زیر صدارت مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔

جس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابی دھاندلیوں کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔ مسلم لیگ ق میں شمولیت کے ڈیکلریشن دے کر ن لیگ میں جانے والوں کے خلاف بھی قانونی کاروائی کی جائے گی۔ خالد رانجھا مسلم لیگ ق کی طرف سے کیس دائر کریں گے۔

اجلاس کے فیصلوں کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی کی حمایت کی جائے گی مرکز اور پنجاب میں اپوزیشن کا کردار ادا کیا جائے گا۔ دوران اجلاس ارکان نے پیپلز پارٹی سے اتحاد ختم کرنے کا مطالبہ کیا جس پر چوہدری شجاعت نے پیپلز پارٹی کی حمایت اور مخالفت میں ارکان کے ہاتھ کھڑے کروائے تو ق لیگ کے تمام ارکان نے پیپلز پارٹی سے اتحاد توڑنے کیلئے ہاتھ کھڑے کر دئیے ۔ چوہدی شجاعت کا کہنا تھا کہ ارکان کی رائے کا احترام کیا جائے گا۔