الیکشن کمیشن کی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبادکباد

Election Commission

Election Commission

اسلام آباد(جیوڈیسک)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبادکباد پیش کی ہے،الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کراچی کے حلقے این اے 250 میں عملے کو ہراساں کرنے اور انتخابی مٹیریل کی چوری کی تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا ئے گی ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں پاکستان کے عوام کوتاریخی انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقہ این اے 250 کراچی میں شکایات پر 43 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ روکنی پڑی۔ الیکشن کمیشن نے اس حلقے میں پریذائیڈنگ آفیسر اور عملے کو مٹیریل کے ساتھ ایک رات قبل پولنگ اسٹیشنز پر جانے کی ہدایت تھی۔ عملے کو جرائم پیشہ افراد نے ہراساں کیا اور الیکشن مٹیریل چھین لیا جبکہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے متبادل عملے کی تعیناتی پر انہیں بھی ہراساں کیا گیا۔

اوردھمکیوں کے بعد متبادل عملے نے بھی فرائض انجام دینے سے معذوری ظاہر کردی۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کا دفتر بھی اس معاملے کی لپیٹ میں آیا۔اس صورتحال میں این اے 250 کے 43 پولنگ اسٹیشنزمیں ووٹنگ نہیں ہوسکی۔

تمام صورتحال کے باوجود کراچی کے شہریوں نے جرات کا قابل تحسین مظاہرہ کیا اور وہ شام تک ووٹ ڈالنے کیلئے انتظار کرتے رہے۔ کمیشن کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں، اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ این اے 250 کے 43 پولنگ اسٹیشنز میں ووٹ ڈالنے کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائیگا۔