پٹاخہ بھی چلے تو بھارت الزام پاکستان پر لگا دیتا ہے، چوہدری نثار

Ch Nisar

Ch Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے کہ پٹاخہ بھی چلے تو الزام پاکستان پر لگا دو، پاک فوج پر باونڈری لائن سے 5 کلو میٹر اندر جا کر بھارتی فوجیوں کو مارنے کا الزام مذاق سے کم نہیں۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ بھارت اپنی کمزوریوں اور مسائل پاک فوج کے ذمے نہ ڈالے۔

بھارتی حکام اور ذرائع کا شورو غل سمجھ سے بالا ہے، خطے میں کشیدگی دونوں ملکوں کے مفاد میں نہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ پاکستان علاقے میں امن اور سلامتی کا خواہاں ہے اور یہ عمل دو طرفہ اقدامات سے ہی آگے بڑھ سکتا ہے، بلاوجہ الزام تراشی سے امن کی کوششوں کو تقویت نہیں ٹھیس پہنچے گی۔