دہشتگردوں کی فائرنگ سے جاں بحق عدیل طلحہ کی تدفین

Firing

Firing

کراچی (جیوڈیسک) دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکن عدیل طلحہ کی نماز جنازہ مسجد تقویٰ یونیورسٹی روڈ پر ادا کی گئی، نماز جنازہ میں سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن ،پروفیسر غفور احمد کے صاحبزادے طارق فوزی اور شہر کی دیگر سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی، بعدازاں شہید کو عسکری 4قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ عدیل طلحہ کو دہشت گردوں نے گزشتہ رات یونیورسٹی روڈ پر اپنی والدہ کے ساتھ جاتے ہوئے قتل کردیا تھا۔

وہ سابق امیر جماعت اسلامی کراچی حکیم صادق حسین کے پوتے ،حکیم طلحہ صادق کے صاحبزادے تھے ۔جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نائب امراء مظفر احمد ہاشمی،برجیس احمد ،مسلم پرویز ،ڈاکٹر واسع شاکر، اسامہ رضی ،سیکریٹری عبدالوہاب ،ڈپٹی سیکریٹریز عبدالرشید بیگ، انجینئر صابر احمد، راشد قریشی، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر رہنماؤں نے عدیل طلحہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کراچی میں قاتلوں کا راج ہے جو آزاد اور بے لگام پھررہے ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ حکومت قاتلوں کو گرفتار کرنے کے بجائے ان کی سرپرستی کررہی ہے، اگر قاتل گرفتار بھی ہوتے ہیں تو اگلے دن پھر اپنی دہشت گردانہ کارروائیوں میں مصروف نظر آتے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدیل طلحہ کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔