گیس چوری، لاہور ہائیکورٹ کی ملزم کی عبوری ضمانت میں 19 اگست تک توسیع

Gas Theft

Gas Theft

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے ستائیس کروڑ روپے کی گیس چوری کرنے والے ملزم کی عبوری ضمانت میں انیس اگست تک توسیع کر دی، ملزم نے ساڑھے چار کروڑ روپے جمع کروا دئیے ،پراسکیوٹر جنرل پنجاب صداقت علی خان نے عدالت کو آگاہ کر دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو پراسکیوٹر جنرل پنجاب صداقت علی خان نے بتایا کہ ملزم انور نے فیصل آباد میں ستائیس کروڑ روپے کی گیس چوری کی اور اس حوالے سے تفتیش میں بھی ثابت ہو چکا ہے جب کہ ملزم نے اقرار جرم بھی کر لیا ہے۔

لہذا ملزم کی ضمانت خارج کی جائے۔ ملزم انور کی جانب سے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا کہ ستائیس کروڑ روپے میں سے ساڑھے چار کروڑ روپے جمع کروا دئیے ہیں۔باقی پیسے جمع کروانے کے لیے مزید مہلت دی جائے،عدالت نے ملزم کو مزید مہلت دیتے ہوئے عبوری ضمانت میں انیس اگست تک توسیع کر دی ہے۔