نسلہ ٹاور گرانے کیلئے جدید ڈیوائسز کا استعمال کیا جائے: سپریم کورٹ

Nasla Tower

Nasla Tower

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نسلہ ٹاور گرانے کے لیے جدید ڈیوائسز کا استعمال کیا جائے، وہ طریقہ کار اختیار کیا جائے جس طرح دنیا بھر میں عمارتیں گرائی جاتی ہیں۔

عدالت نے کہا ہےکہ جدید ڈیٹونیشن کا استعمال دنیا بھر سمیت بھارت میں بھی استعمال کیا جارہا ہے لہٰذا یقینی بنایا جائے کہ نسلہ ٹاور گرانے کے دوران کوئی نقصان نہ ہو۔

عدالت نے حکم دیا ہےکہ نسلہ ٹاور گرانےکا عمل 27 اکتوبر کے بعد ایک ہفتے میں مکمل کیا جائے جب کہ ٹاور گرانے کے اخراجات نسلہ ٹاور کے مالک سے لیے جائیں اور مالک رقم نہ دے تو کمشنر کراچی مالک کا پلاٹ بیچ کر رقم وصول کریں۔

عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہےکہ عمارت گرانے کے بعد ملبہ بھی فوری اٹھایا جائے اور کمشنر کراچی آج پیش رفت سے عدالت کو آگاہ کریں گے۔

دوسری جانب نسلہ ٹاور سے رہائشیوں کے سامان کی منتقلی کا عمل ابھی تک جاری ہے اور عمارت میں ابھی تک خاندان رہائش پذیر ہیں، عمارت کو خالی کرنے کی مہلت گزشتہ روز ختم ہوچکی ہے جس کے بعد ٹاور کو انتظامیہ نے تاحال تحویل میں نہیں لیا۔

نسلہ ٹاور کے یوٹیلیٹی کنکشنز منقطع کیے جا چکے ہیں اور کمشنرکراچی آفس نے کنٹرولڈ بلاسٹنگ سے عمارت کو گرانے کے لیے اشتہار بھی جاری کر دیا ہے۔