معتبر جرمن شارلیمان پرائز بیلاروس کی اپوزیشن لیڈر کے نام

Maria Kolesnikova and Veronika Zepkal

Maria Kolesnikova and Veronika Zepkal

بیلاروس (اصل میڈیا ڈیسک) اگلے برس کا شارلیمان پرائز بیلاروس کی اپوزیشن لیڈر اور ان کی دو ساتھیوں کو دیا گیا ہے۔ یہ انعام یورپی اتحاد کی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔ اس کی ابتداء سن 1950 میں ہوئی تھی۔

شارلیمان پرائز کا صدر دفتر جرمن شہر آخن میں قائم ہے۔ اس کے دفتر کے جاری کردہ اعلان میں بتایا گیا کہ سن 2022 کا شارلمین پرائز بیلاروس کی جلا وطن اپوزیشن لیڈر سویٹلانا ٹیخانوسکایا اور ان کی دو ساتھیوں (ماریا کولیسنکاوا اور ویروینیکا زیپکالو) کو دیا جا رہا ہے۔

شارلیمان پرائز ڈائریکٹوریٹ کے چیرمین ژؤرگن لِنڈن نے انعام یافتگان کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ بیلاروس کی اپوزیشن لیڈر اور ان کی دو ساتھیوں کو انعام دینے کی بنیادی وجہ ان کا اپنے ملک بیلاروس میں جمہوری اقدار اور آزادی کے لیے بہادارنہ کوششوں کا اعتراف ہے۔

ڈائریکٹوریٹ نے یہ بھی بتایا کہ تینوں انعام حاصل کرنے والی خواتین نے شارلیمان پرائز ملنے پر گہری مسرت کا اظہار کیا ہے۔ انہیں یہ انعام اگلے سال چھبیس مئی کو منعقد ہونے والی ایک باوقار تقریب میں دیا جائے گا۔

انتالیس سالہ جلاوطن اپوزیشن لیڈر سویٹلانا ٹیخانوسکایا کو اِس وقت بیلاروس کے صدر الیکسانڈر لوکاشینکو کے خلاف متحدہ اپوزیشن کا مرکزی نام قرار دیا جاتا ہے۔ انہوں نے گزشتہ برس کے صدارتی انتخابات میں اُس وقت حصہ لیا جب ان کے شوہر سیرگئی ٹیخانووسکی کو الیکشن میں حصہ لینے سے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔ الیکشن مہم کے دوران انسانی حقوق کی سرگرم کارکن اور صدارتی امیدوار کو اپنے ملک میں گہری عوامی پذیرائی اور مقبولیت حاصل ہوئی اور اب وہ لوکاشینکو اپوزیشن کا چہرہ ہیں۔ ان کے شوہر اس وقت جیل میں ہیں۔

بیلاروس کی خاتون رہنما کی ساتھی اور سرگرم سیاسی کارکن ماریا کولیسنکاوا گیارہ برس کی سزا کاٹ رہی ہیں۔ شارلیمان پرائز ڈائریکٹوریٹ کے چیئرمین ژؤرگن لِنڈن نے بتایا کہ اگلے برس ان کی بہن بقیہ دو خواتین کے ساتھ ان کا ایوارڈ وصول کریں گی۔

یہ امر اہم ہے کہ کولیسنکاوا ایک سیاسی کارکن ہونے کے علاوہ موسیقی سے بھی وابستہ ہیں اور مغربی بانسری بجانے کی ماہر اور میوزک ٹیچر بھی ہیں۔ رواں برس انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل ماریا کولیسنکووا کو ‘انٹرنیشنل ویمن آف کَرج‘ کے ایوارڈ سے نواز چکی ہے۔

بیلاروس کی اپوزیشن میں سویٹلانا ٹیخانوسکایا اور ماریا کولیسنکاوا کے علاوہ تیسرا نام ویروینیکا زیپکالو کا ہے۔ انہیں بھی شارلیمان پرائز سے نوازا گیا ہے۔ انہوں نے بھی یہ پرائز وصول کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ بیلاروس سے جلاوطنی اختیار کرنے والی زیپکالو اس وقت پولینڈ میں مقیم ہیں۔

اس معتبر انعام کو اکہتر بس قبل سن 1950 میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ انعام یورپی انضمام کے داعی بادشاہ شارلیمان کے نام پر ہے۔ اسی بادشاہ کو بابائے یورپ بھی کہا جاتا ہے۔ مرنے کے بعد شارلیمان کی تدفین جرمن شہر آخن میں کی گئی تھی۔ سن 1988 میں اس پرائز کا نام بدل کر انٹرنیشنل شارلیمان پرائز آف آخن رکھ دیا گیا تھا۔ انعام دینے کی تقریب آخن شہر کے ٹاؤن ہال میں منعقد کی جاتی ہے۔

اس کے وصول کرنے والوں میں سابق جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور موجودہ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں بھی شامل ہیں۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد پہلے جرمن چانسلر کونراڈ آڈیناور بھی شارلیمان پرائز حاصل کرنے والوں کی فہرست میں ہیں۔ کیتھولک مسیحی پوپ جان پال دوم بھی اس پرائز سے نوازے گئے تھے۔ سن 2021 میں یہ انعام رومانیہ کے صدر کلاؤس یوہانس کو دیا گیا تھا۔