اللہ کرے 11 مئی کے انتخابات کا انعقاد پُرامن طوپر ہوجائے

Pakistan Elections

Pakistan Elections

اَب جبکہ انتخابات کو چند ہی روزرہ گئے ہیں ایسے میں بم دھماکوں اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے مُلک میں تبدیلی کا خواب دیکھنے والوں کو مایوس کردیاہے جبکہ اِس امرکے قطع نظر آج میں بھی آپ ہی کی طرح کا ایک ادنیٰ پاکستانی ہونے کے ناطے اپنے مُلک کے ہر فردسے ایسی ہی محبت رکھتاہوں، جیسے آپ رکھتے ہیں، اور مجھے بھی آپ ہی کی طرح اپنے سبزہلالی پرچم اور اپنی سرزمینِ پاک کے ہرہر گوشے سے محبت اور اُلفت ہے،اورذراٹھیریئے یہ بھی سُنتے جایئے۔

میں بھی گیارہ مئی کے انتخابات سے مُلک میں مثبت تبدیلی کا خواہ ہوں، اور میں بھی یہی چاہتاہوں کہ مُلک کو لٹیروں، وڈیروں، جاگیرداروں اور بہت سے ایسے لوگوں سے جو مُلک کو اپنے مفادات کے حصول کا زینہ بناکر 65سالوں سے اِس کا بیڑاغرق کررہے ہیں اِن سے نجات دلائی جائے اور اِس کے ساتھ ساتھ میں بھی آپ ہی کی طرح یہ چاہتاہوں کہ یہ تبدیلی جلدمیرے مُلک میں آجائے،تو پھر اِس کے لئے کیوں نہ ہم اپنے فروعی اور کئی دوسرے اختلافات کو گیارہ مئی تک بالائے طاق رکھ دیں اور گیارہ مئی کے انتخابات کاانعقاد پُرامن بنائیں۔

اِس موقع کو ربِ کائنات کی طرف سے اپنے لئے ایک عظیم تحفہ جان کر اِس سے مستفیدہوں اور اپنے وہ تمام مقاصد حاصل کرلیں جن کے حصول کے خاطر ہم کئی برسوں سے بیقرارہیںسو ایسے میں ہمیں اِس موقع کوکسی بھی طورپر ہاتھ سے جانے نہیں دیناچاہئے، اور اِس موقع کو اپنی بقاو سا لمیت کا ضامن جان کراِس میں اپنی تقدیربدلنے کا فیصلہ کرلیناچاہئے،اور اِس کے ساتھ یہ بھی یاد رہے کہ ہم اگراِس دن بھی لڑتے جھگڑتے اور دہشت گردی کو ہی ہوادیتے رہے۔

تو پھر ہمیں یہ سمجھ لیناچاہئے کہ ہم یہ سُنہیراموقع گنواکراپنی تباہی اور بربادی کے خود ہی ذمہ دار ہوں گے۔اگرچہ آج اِس میں کوئی شک نہیں کہ مُلک میں تبدیلی لانے والے انتخابات کے انعقاد کو صرف چاریا پانچ روز ہی رہ گئے ہیں تو وہیں ہمارے ماضی کے آمراور سول حکمرانوں کی کسی بات پر ناراض ہمارے بعض بھائیوں کی جانب سے ہمارے تین صوبوںسندھ۔

خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کے شہروں میں (سابق حکمران جماعت پاکستان پیپلزپارٹی اور اِس دو اہم اتحادی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابابی دفاتر پر ٹارگٹیڈ حملوںسے)کی جانے والی دہشت گردی کے واقعات کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں نے ووٹرز کو عدم تحفظ کے خُوف میں مبتلاکردیاہے۔

Terrorism

Terrorism

اِنہیں اِس مخمصے میں ڈال کریہ سوچنے پر مجبورکر دیا ہے کہ کہیں مُلک کے تین صوبوں میں دہشت گردی کے واقعات کو ہوادے کر عالمی قوتوں کی پاکستان میں عام انتخابات ملتوی کرانے کی کوئی سازش تونہیں ہے ۔اِس صُورت حال میں ایک عام پاکستانی کے نزدیک یہ ضروری ہوگیاہے کہ ہمارے ناراض اور ذراضدی بھائی اورہمارے حکمران اِس سازش کو بے نقاب کریں اور اصل حقائق قوم کے سامنے عیاں کریں اور اپنے ہرمعاملے کو افہام وتفہیم سے حل کریں۔

جبکہ اِسی اندونی اور بیرونی صُورتِ حال اورسازشوں کے تناظر ہی میں گزشتہ دِنوں ہمارے نگران وزیراعظم میرہزارخان کھوسو نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں اِس بات کا دوٹوک انداز میں یہ اعلان کردیاہے کہ ہماری اولین ترجیح یہ ہے کہ ہم گیارہ مئی کو پُرامن، آزانہ، منصفانہ، شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو ہر صُورت میں یقینی بنائیں،اورانتخابات کے بعد نومنتخب نمائندؤں کو بغیر کسی ھیل حجت کے اقتدار منتقل کردیں،جبکہ اِن سے قبل یومِ شہداء کی تقریب سے خطاب کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویزکیانی بھی ایسے ہی عزم کا اظہارکرتے ہوئے کہہ چکے ہیں۔

انتخابات گیارہ مئی کو ہی ہوں گے، جمہوریت اور آمریت کا کھیل جزاوسزاسے ختم نہیں ہوسکتاہے، پاک فوج اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے انتخابات کے صاف، شفاف اور پُرامن انعقادمیں بھرپور معاونت کرے گی،جمہوریت کی اصل اساس عوام کی تحفظ اور اُن کی فلاح وبہودہے”یہاں یہ امر قابلِ ذکرہے کہ نگران وزیراعظم اور آرمی چیف کے خطابات کے بعد عوام کے ذہنوں میں چھپابیٹھایہ خناس ضرور ختم ہوگیاکہ عالمی طاقتیں ہمارے بعض اندرونی ناراض بھائیوں کواپنے ساتھ ملاکراِنہیں استعمال کررہی ہیں۔

2014تک گیارہ مئی کے انتخابات کو ملتوی کرانے کی سازشیںکررہی ہیںاور اگربالفرض ایساہے بھی تو نگران وزیراعظم اور آرمی چیف کے عزم وہمت کے سامنے اُن عناصر کی حکمتِ عملی ریت کا ڈھیر ثابت ہوں گیں اور ہم انشاء اللہ گیارہ مئی کو اپنے مُلک میں انتخابات کے انعقادکو پُرامن بناکردنیاکو یہ بتادیں گے کہ ہم ایک متحداور منظم قوم ہیں اور اپنے مُلک اور قوم کے خلاف کی جانے والی اپنے پرائے سب کی سازشوں کو خاک میں ملانے کا عزم رکھتے ہیں۔

اِس بات سے شائد کسی کو بھی انکار نہ ہو کہ اِس وقت میرے مُلک کے تین صوبوں میں انتخابی گہماگہمی کو گہن لگاہواہے،اور اِن صوبوں میں موت اور خُوف کے سائے پھیلے ہوئے ہیں، اِن صوبوں سے تعلق رکھنے والے محب وطن پاکستانی ڈرے سہمے ہیں مگر اِس کے باوجود بھی یہ میرے اِن ہم وطنو کا حوصلہ ہے کہ یہ مُلک میں گیارہ مئی کو اپنے ووٹ سے مثبت تبدیلی لانے کے خواہشمند ہیں، اَب ایسے میں میری اپنے اُن ناراض بھائیوں سے التجاہے ہے۔

Terrorism

Terrorism

جو اپنی ناراضگی کا اظہاربم دھماکوں اور اپنے معصو م بھائیوں کو دہشت گردی کا نشانہ بناکرکررہے ہیں وہ بھی ابھی اپنی ناراضگی اور ضدکو ایک طرف رکھیں، قوم ومُلک میں مثبت تبدیلی لانے اور مُلک میں عدل و انصاف اور خوشحالی اور ترقی اور بالخصوص اسلامی نظام کو لانے کے لئے گیارہ مئی کو ووٹرز کو بلاخوف وخطرپولنگ اسٹیشنز تک آنے دیں اور خود بھی اپنے اختلافات کو بھول کر قومی دھارے میں شامل ہوجائیں۔

اپنے قول وفعل سے ایساثابت کردیں کہ آپ بھی دوسروں کی طرح سرزمینِ پاکستان کے حامی ہیں اور آپ بھی اِس سرزمینِ پاکستان سے ایسی ہی محبت رکھتے ہیں جیسے دوسرے رکھتے ہیںمگرخداکے واسطے خود کو قومی دھارے میں ضرور شامل کریں، ایسانہ کریں کہ آپ مُلک کی تین جماعتوں کے لئے تو ڈنڈااستعمال کریں اور تین کو اپنے سینے سے لگائیںتو آپ کے اِس عمل سے بعد میں حالات ٹھیک نہیں بلکہ اور خراب ہوں گے اور آپ کی حیثیت اور وقار بھی مجروح ہوگاجو کہ شائد آپ بھی یہ خود نہیں چاہیں گے۔

تحریر : محمداعظم عظیم اعظم
azamazimazam@gmail.com