4 سال میں 10 لاکھ افراد کو قرض حسنہ دیا جائے گا، وزیر اعظم

 Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ 4 سال میں 10 لاکھ افراد کو قرض حسنہ دیاجائے گا، اسکیم کا 50 فیصد خواتین کو ملے گا، خواتین معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، قرض حسنہ اسکیم پر ہر سال ڈھائی ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں قرض حسنہ اسکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ قرض حسنہ اسکیم پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرے گی، سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر قرض دیاجائے گا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)نے آج اپنا ایک اور وعدہ پورا کر دیا، سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر قرض دیا جائے گا، دوسری جماعتوں کے لوگ بھی اتنے ہی عزیز ہیں جتنے ن لیگ کے۔

انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کا داسو پن بجلی منصوبہ خیبر پختونخوا میں بن رہا ہے، جو بھاشا ڈیم، منگلا اور تربیلا سے بھی بڑا منصوبہ ہے، داسوہائیڈل پاور منصوبے سے 4 ہزار 3 سو میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی، ملک کو اس وقت 10 اور ڈیموں کی ضرورت تھی۔ نواز شریف نے کہا کہ لاہور سے کراچی موٹروے ہمارے دورِ حکومت میں ہی بنے گی، ہم نے بلاامتیاز پوری قوم کی خدمت کرنی ہے۔