گورنمنٹ سکولز سینئر سٹاف ایسوسی ایشن کے انتخابات 13 اپریل کو منعقد ہونگے

لاہور: گورنمنٹ سکولز سینئر سٹاف ایسوسی ایشن کے انتخابات 13 اپریل کو منعقد ہونگے۔ ایسوسی ایشن کے انتخابات کیلئے انتخابی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ انتخابات میں بالترتیب محمد ظفر جمیل صدر اور چوہدری محمد اظہر جنرل سیکرٹری کے امیدوار ہونگے۔ یہ بات پنجاب سبجیکٹ سپیشلسٹ ایسوسی ایشن (پاس) کے صدر و چیئرمین پنجاب ٹیچرز الائنس رانا عطاء محمد نے بتائی۔

انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداروں کیلئے ظفر اقبال چوہدری سینئر نائب صدر’ محمد انور بھٹی نائب صدر’ ظفر اقبال جوائنٹ سیکرٹری’ آصف جہانگیر فنانس سیکرٹری’ ملک ذاکر لطیف اعوان آڈیٹر’ رائو محمد طاہر ممبر آڈٹ’ محمد ابراہیم سیکرٹری نشرواشاعت جبکہ خواتین کیلئے میڈم شاہدہ نائب صدر’ رضیہ اسحاق جوائنٹ سیکرٹری’ نگہت غزالہ کو سیکرٹری فنانس اور میڈم ثریا سلطانہ ممبر آڈٹ شامل ہیں۔

پاس کے صدر رانا عطاء محمد نے کہا ہے کہ ظفر جمیل پینل کو (پاس) سمیت اساتذہ کی دیگر تنظیموں کی بھی بھرپور حمایت حاصل ہے اور وہ آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرینگے۔ دریں اثناء ظفر جمیل امیدوار برائے صدر نے کہا ہے کہ اساتذہ کے حقوق اور انکی ترجمانی کیلئے فیصلہ کن لمحات انکے منتظر ہیں۔ لہٰذا اساتذہ ایسے امیدواروں کا چنائو کریں جو دامے درمے اور سخنے انکے ہم قدم رہیں۔ انہوں نے کہا کہ رات کی تاریکی اور دشوار راہ کا رونا رو کر مسائل کی عدم موجودگی کا بہانہ بنانے والوں کو آئندہ انتخابات میں اساتذہ یکسر مسترد کر دیں گے۔ ظفر جمیل نے کہا کہ انہیں عطاء کردہ اعتماد’ کمیونٹی کو یکجہتی’ یک سمتی اور نئی زندگی دیگا اور خوشحالی کی راہ میں حائل ہر دیوار کو زمین بوس کر دیا جائیگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سینئر سٹاف ایسوسی ایشن کو کسی خاص جماعت یا کسی ذیلی یونین سے آزاد کروائیں گے۔