حکومت روپا ترمیمی بل نئے کاغذات نامزدگی فارم کی فوری منظوری دے۔ ڈاکٹر طاہر القادری

پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ حکومت روپا ترمیمی بل اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری کئے گئے نئے کاغذات نامزدگی فارم کی فوری منظوری دے۔ آرٹیکل 218کے تحت الیکشن کمیشن آئین کی پاسداری کا پابند ہے وہ اس امر کو بھی یقینی بنائے کہ آئین کے آرٹیکلز 62,63 پر پورا نہ اترنے والے امیدوار آنے والے الیکشن میں حصہ نہ لے سکیں۔ وہ گذشتہ روز کینیڈاسے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور سے ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ اگر الیکشن کمیشن نے حکومت اور اپوزیشن کے دبائو میں دیگر فیصلوں کی طرح اس موقف سے بھی پسپائی اختیار کی تو ایسے انتخابات بے مقصد اور غیر آئینی ہو نگے۔ڈاکٹرطاہر القادری نے وزارت قانون کی جانب سے نئے کا غذات نامزدگی فارم پر اٹھائے جانیوالے اعتراضات کو مضحکہ خیز اور بے معنی قرار دیتے ہوئے حیرت کااظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر عمر کے اس حصہ میں ایسے غیر آئینی اقدامات پر خاموش رہ کر اپنی نیک نامی دائو پر نہ لگائیں۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ انتخابات اگر آئینی اصلاحات کے بغیر ہوئے تو تاریخ اور قوم اس کا ذمہ دار چیف الیکشن کمشنر کو ٹھہرائے گی۔انہوں نے کہا کہ ان حالات میں ہونے والے غیر آئینی انتخابات ملک توڑنے اور کرپشن میں اضافہ کا باعث ہو نگے۔