حج سترہ ہزار روپے سستا ہو گیا، درخواستیں 15 سے 23 اپریل تک وصول کی جائینگی

Pilgrims

Pilgrims

اسلام آباد (جیوڈیسک) رواں برس حج سترہ ہزار روپے سستا ہو گیا، مفت حج پر پابندی لگا دی گئی، درخواستیں پندرہ سے تئیس اپریل تک وصول کی جائیں گی، قرعہ اندازی اٹھائیس اپریل کو ہو گی، ایک لاکھ 43 ہزار تین سو اڑسٹھ پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے نئی حج پالیسی کی منظوری دے دی جس کے مطابق اس سال ایک لاکھ 43 ہزار 368 پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

پچاس فیصد سرکاری سکیم اور پچاس فیصد نجی آپریٹرز کے ذریعے حجاز مقدس جائیں گے ۔ حرم کی توسیع کے باعث پاکستان کے کوٹے میں رواں سال بھی بیس فیصد کمی کی گئی ہے۔ سرکاری سکیم کے پچاس فیصد عازمین کو براہ راست مدینہ منورہ لے جایا جائے گا۔ حج درخواستیں پندرہ سے تئیس اپریل تک وصول ہوں گی ، پہلے آئیے پہلے پائیے کی سکیم ختم کر دی گئی۔

کامیاب درخواست گزاروں کا اعلان اٹھائیس اپریل کو بذریعہ قرعہ اندازی کیا جائے گا۔ سرکاری سکیم کے تحت مکہ مکرمہ میں رہائش کا کرایہ تین ہزار سعودی رالا ہوگا جبکہ مدینہ منورہ میں چھ سو رالو فی کس وصول کئے جائیں گے ۔ پچھلے سال کے مقابلے میں حج اخراجات میں سترہ ہزار روپے کمی کر دی گئی۔

کراچی، کوئٹہ اور سکھر سے حج اخراجات دو لاکھ چھیالیس ہزار دو سو اکتیس روپے جبکہ لاہور سمیت دیگر شہروں سے دو لاکھ پچپن ہزار دو سو اکہتر روپے ہوں گے۔

حج پالیسی کے تحت پچھلے پانچ سال میں حج ادا کرنے والے درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔ پچھلے سال کے رجسٹرڈ حج گروپ آپریٹرز کو ہی رواں سال کوٹہ ملے گا ، پارلیمانی کمیٹی حج پالیسی کی مانیٹرنگ کرے گی۔