ہربھجن سنگھ نے اپنا غصہ پاکستانی شائقین پر نکال دیا

Harbhajan Singh

Harbhajan Singh

نئی دہلی (اصل میڈیا ڈیسک) سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ افغانستان اور بھارت کے میچ کو لے کر فکسنگ کے الزامات پر پاکستانی شائقین پر برہم ہوگئے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ ٹو سے سیمی فائنل تک رسائی کے لیے جنگ ابھی جاری ہے اور ایسے میں بھارت کی افغانستان سے حیران کن جیت نے جہاں شائقین کرکٹ کو حیران کیا وہیں کچھ چیزوں پر میچ فکسنگ کی باتیں بھی ہوئیں۔

سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے بھارت اور افغانستان کے میچ سے متعلق سوشل میڈیا پر فکسنگ کے الزامات لگانے والے پاکستانی شائقین پر برہمی کا اظہار کیا۔

ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی اور ہر کسی نے پاکستان کے کھیل اور بھارت کو شکست دینے پر ان کی تعریف کی۔

سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ اگر آپ یہ دعوے کریں گے کہ آپ نے درست کرکٹ کھیلی اور جیتے لیکن ہماری جیت پر شک ہے یا بھارت کا میچ فکس تھا تو پھر ہم آپ کے تمام کرکٹرز کی ساکھ کو اچھی طرح جانتے ہیں۔

ہربھجن سنگھ نے پاکستانی شائقین سے مطالبہ کیا کہ وہ ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف اپنی ٹیم کی پہلی فتح کو انجوائے کریں ناں کہ اس طرح کے الزامات عائد کرکے وقت برباد کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کرکٹ فینز کو بھارت سے جیت ہضم نہیں ہوئی جس کے لیے انہوں نے کئی سال ورلڈکپ میں انتظار کیا۔

ہربھجن کا کہنا تھا کہ پاکستانی فینز ہمارے اوپر سنگین الزامات عائد کررہے ہیں اور راشد خان کو بھی الزامات کا نشانہ بنایا جارہا ہے جوانتہائی نامناسب ہے۔