159 ہندو یاتری واہگہ بارڈرکے راستے پاکستان پہنچ گئے

Hindu Yatri

Hindu Yatri

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلیے 159 بھارتی ہندویاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔

ڈاکٹر رمیش کمار اور ڈسٹرکٹ منیجر لاہور عبدالمقدم خان نے واہگہ بارڈر پر ہندو یاتریوں کے وفد کا استقبال کیا۔ بھارتی مہمانوں کو خصوصی بسوں پر واہگہ بارڈر سے لاہور ایئرپورٹ پہنچایا گیا جہاں سے وہ چارٹرڈ طیارے کے ذریعے پشاور روانہ ہوئے۔

ہندو یاتری 4 روزہ قیام کے دوران خیبر پختونخوا میں واقع شری پرم ہنس جی مہاراج کی سمادھی یعنی ٹیری مندر کی یاترا سمیت گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال، شری کٹاس راج مندر اورلاہورکے تاریخی مقامات کی سیر بھی کریں گے۔ ائیرپورٹ پر رمیش کمار نے یاتریوں کو خود بوڈنگ کارڈ دیے۔

ڈاکٹر رمیش کمار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 20 جنوری کے بعد دہلی، جے پور اور اجمیر شریف پاکستانی زائرین جائیں گے۔ جب لوگ آپس ملیں گے تو دونوں ممالک کے درمیان نفرتیں مٹ جائیں گے۔ ہمیں مثبت سوچ سے آگے بڑھنا ہو گا۔

ہندو یاتریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیار کا تحفہ لائے ہیں، محبت لے کرآئے ہیں، محبت لے کر جائیں گے۔