ہاکی چیمپئنز ٹرافی، 18 رکنی قومی اسکواڈ منتخب، عمران کپتان برقرار

Hockey Team

Hockey Team

کراچی (جیوڈیسک) 35 ویں چیمپئنز ٹرافی کیلیے18 رکنی قومی ہاکی اسکواڈ منتخب کر لیا گیا، جونیئرز اور سینئرز کے امتزاج سے مشکل مہم سر کرنے کی کوشش ہو گی۔

ایشین گیمز سلور میڈلسٹ ٹیم کے کپتان اولمپئن محمد عمران کو عہدے پر برقرار رکھا گیا ہے، اولمپئن شفقت رسول نائب ہونگے،قبل ازیں ٹرائلز کے ممکنہ 20کھلاڑیوں میں شامل اظفر یعقوب اور رضوان علی کو ڈراپ کرکے ہالینڈ میں لیگ کھیل کر واپس آنے والے راشد محمود اور رضوان سینئر کو ٹیم میں جگہ دیدی گئی۔

چیف سلیکٹر اصلاح الدین صدیقی کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ کیلیے دستیاب بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا، ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلنا ہو گا۔ ہیڈ کوچ و منیجر شہناز شیخ نے کہا کہ پنالٹی شوٹ پر مہارت حاصل کرلی،دفاع بھی مزید مضبوط ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر بھوبنیشور میں 6 سے 14 دسمبر تک شیڈول چیمپئنز ٹرافی کیلیے18 رکنی قومی ٹیم کا اعلان ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کراچی میں مختصر ٹرائلز کے بعد کیا گیا، چیف سلیکٹر اصلاح الدین نے ایک رکن ایازمحمود، منیجر و کیمپ کمانڈنٹ شہناز شیخ اور پی ایچ ایف سیکریٹری رانا مجاہد کے ہمراہ پلیئرزکی کارکردگی کا جائزہ لیا، سلیکشن کمیٹی کے دیگر ارکان خالد بشیر، مصدق حسین اور چوہدری محمد ارشد اس موقع پر موجود نہیں تھے۔

ایشین گیمز میں سلور میڈل حاصل کرنے والے ٹیم کے کپتان اولمپئن محمد عمران کو عہدے پر برقرار رکھا گیا ہے، اولمپئن شفقت رسول نائب ہونگے، قبل ازیں ٹرائلز کے دوران 20 ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل اظفر یعقوب اور رضوان علی کو ڈراپ کرکے حال ہی میں ہالینڈ میں لیگ کھیل کر واپس آنے والے راشد محمود اور رضوان سینئر کو اسکواڈ میں جگہ دیدی گئی۔

اعلان کردہ کھلاڑیوں میں عمران بٹ، امجد علی (گول کیپرز) محمد عمران (کپتان) محمد عرفان، سید کاشف شاہ (فل بیکس) عماد شکیل بٹ، محمد توثیق، راشد محمود، رضوان جونیئر، زوہیب اشرف، تصور عباس( ہاف بیکس) شفقت رسول (نائب کپتان) وقاص شریف، عمربھٹہ، دلبراحمد، رضوان سینئر، علی شان اور ارسلان قادر شامل ہیں۔

قومی ٹیم 2 دسمبر کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ ہو گی، چیمپئنزٹرافی میں پاکستان اپنا پہلا میچ6 دسمبر کو بیلجیم سے کھیلے گا، گرین شرٹس اگلے روز انگلینڈ سے ٹکرانے کے بعد 9 دسمبر کو عالمی چیمپئن آسٹریلیا کیخلاف میدان میں اتریں گے۔

چیف سلیکٹر اصلاح الدین صدیقی نے کہا کہ قومی سکواڈ دستیاب بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ہر پوزیشن پر پلیئرز کا انتخاب اہلیت کی بنیاد پر کیا گیا، فٹنس لیول بھی بہتر ہے، میگا ایونٹ میں مضبوط ٹیموں کا سخت چیلنج درپیش ہوگا، ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلیں گے۔

انھوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود عمدہ نتائج کیلیے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی، عمدہ کار کردگی کے ذریعے بہتر نتائج دینے کیلیے پُرعزم ہیں۔ ہیڈ کوچ و منیجر شہناز شیخ نے کہا کہ قومی ٹیم نے پنالٹی شوٹ پر مہارت حاصل کرلی،ایشین گیمز میں اس شعبے میں نوٹ کی جانے والی خامیوں پر قابو پانے کیلیے سخت محنت کی گئی ہے، اضافی کھلاڑی کی شمولیت سے دفاع بھی مزید مضبوط ہوگیا۔