گھریلو صارفین کیلئے بجلی 15 جبکہ صنعتوں کیلئے 56 فیصد مہنگی ہو گئی

Expensive Electricity

Expensive Electricity

اسلام آباد ( جیوڈیسک) وزارت پانی و بجلی نے کراچی، کوئٹہ ،فیصل آباد ، اسلام آباد اور لاہور سمیت دیگر شہروں کے لیے بجلی کے نئے نرخوں کا شیڈول جاری کر دیا۔ گھریلو صارفین کے لیے بجلی اوسط 15 فیصد جبکہ صنعتوں کے لیے 56 فیصد مہنگی ہوجائے گی۔ وزارت پانی و بجلی حکام کے مطابق نرخوں کے نئے شیڈول کے مطابق 50 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 1 روپے 87 پیسے بڑھا کر 2 روپے فی یونٹ کردیئے گئے۔

اس کے علاوہ 101 سے 300 یونٹ ماہانہ بجلی خرچ کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے نرخ 6 روپے 86 پیسے سے بڑھا کر 8 روپے 11 پیسے کردیئے گئے۔ 301 سے 700 یونٹس استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی کا نرخ 11 روپے 8 پیسے سے بڑھا کر 12 روپے 33 پیسے ہو گئے۔ 700 یونٹس سے زائد بجلی خرچ کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے نرخ 13 روپے 82 پیسے سے بڑھا کر 15 روپے 7 پیسے فی یونٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ کمرشل صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 13 روپے 52 پیسے سے بڑھا کر 18 روپے فی یونٹ ہو گئے جبکہ صنعتوں کے لیے بجلی کے نرخ 9 روپے 26 پیسے بڑھا کر 14 روپے 50 پیسے فی یونٹ کر دیئے گئے۔ حکام کے مطابق نئے نرخوں کا نفاذصنعتی اور تجارتی صارفین کے لیے یکم اگست سے کر دیا گیا ہے جبکہ گھریلو صارفین کے لیے یکم اکتوبر سے بجلی کے نئے نرخوں کا اطلاق ہو گا۔