سمندری طوفان ’ڈوریان‘ شمالی کیرولینا سے ٹکرا گیا، بہاماس میں ہلاکتیں 43 ہو گئیں

Hurricanes Dorian

Hurricanes Dorian

کیرولینا (اصل میڈیا ڈیسک) سمندری طوفان ’ڈوریان‘ بہاماس میں تباہی پھیلانے کے بعد امریکی ریاست کیرولینا سے ٹکرا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طوفان کے باعث شمالی کیرولینا کے کیپ ہیٹرس آئس لینڈ میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جب کہ جزیرے پر 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق بہاماس میں سمندری طوفان کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 43 ہوگئی ہے جب کہ کیرولینا سے ٹکرانے والا طوفان بہاماس کے مقابلے میں کچھ کمزور اور اس کی رفتار کم ہے۔

ریاست شمالی کیرولینا کے گورنر کے مطابق طوفان کے باعث کیرولینا کے دو جزیرے سیلابی پانی میں ڈوب گئے جب کہ متعدد گھروں اور عمارتوں کے زیرِ آب آنے سے بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔

شمالی کیرولینا کے گورنر کا مزید کہنا تھا کہ طوفان کے وقت متاثر ہونے والے جزیرے پر 800 کے قریب افراد موجود تھے جنہوں نے سیلابی صورتحال کو انتہائی خطرناک قرار دیا تاہم طوفان کے نتیجے میں اب تک کسی شدید زخمی یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سمندری طوفان سے سیلابی صورتحال کے سبب شمالی کیرولینا میں عوام نے چھوٹی کشتیوں کا استعمال شروع کردیا ہے۔

سمندری طوفان ڈوریان اب وسط اوقیانوس ریاستوں کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس کا رخ کینیڈا کی طرف ہے جہاں طوفانی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔