آئی ایم ایف کی پاکستان کو 5 ارب ڈالر قرض دینے کی پیش کش

IMF

IMF

اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر شاہد امجد نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو5ارب ڈالر کا قرض دینے کی پیش کش کی ہے جس کا فیصلہ آئندہ منتخب حکومت کرے گی۔ واشنگٹن سے واپسی پر اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران مشیر خزانہ ڈاکٹر شاہد امجد نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات بہت مثبت رہے ہیں۔

اور 5 ارب ڈالر کے قرضے کی واپسی 5سے 10سال تک کی جا سکے گی ، آئی ایم ایف کے ساتھ طے پایا ہے کہ پاکستان قرضے کے حصول کے لیے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ الگ سے بات چیت بھی کر سکے گا۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف سے 5ارب ڈالر کا قرضہ لیا گیا تو بوجھ غریب افراد پر نہیں پڑنے دیا جائے گا۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام یا مختلف سبسڈیز سے انہیں تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ مشیر خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات پروزیر اعظم کو بریفنگ دی جائے گی جس کے بعد سیاسی جماعتوں سے آئندہ ایک ہفتے میں مشاورت کا عمل شروع کیا جائے گا۔ مشیر خزانہ نے بتایا کہ ملکی معاشی ترقی کی رفتار اس وقت 4فیصد جب کہ مالی خسارہ جی ڈی پی کے 6.9سے 7.3فیصد کے درمیان ہے۔