عمران خان اسی ماہ سابق وزیراعظم ہو جائیں گے: سعید غنی کا دعویٰ

Saeed Ghani

Saeed Ghani

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کے پاس قومی اسمبلی میں اکثریت نہیں رہی اور وہ اسی ماہ سابق وزیر اعظم ہوجائیں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ حکومت نےاو آئی سی کو آڑ بناتے ہوئے آئینی عمل میں تاخیر کی اور آئین کی خلاف ورزی پرآرٹیکل 6 کی کارروائی بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کے باوجود حکومت کے پاس نمبرز موجود نہیں، اب عمران خان لوگوں کو اکسا رہے ہیں کہ اپنے ہی ارکان اسمبلی کے گھر والوں پر حملہ کیا جائے، ایم این ایز کے گھروں پر حملے اور دھمکیاں دی جارہی ہیں جب کہ ان کو اپنے ارکان پر اعتماد نہیں اس لیے کہہ رہے ہیں اسمبلی میں نہیں لائیں گے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ناراض ارکان کی تعداد 15سے کہیں زیادہ ہے اور جو لوگ عمران خان کے کیمپ میں بیٹھے ہیں وہ ان کےساتھ نہیں، عمران خان کو خود اپنے ممبران پر اعتماد نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے پاس قومی اسمبلی میں اکثریت نہیں رہی، کل ملک کا وزیر اعظم ارکان اسمبلی کو بد دعائیں دے رہا تھا، عمران خان اسی ماہ سابق وزیر اعظم ہوجائیں گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے شیخ رشید کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید کو وزارت کی جو بیماری ہے، مودی یا اسرائیل بھی کہہ دے کہ ہماری کابینہ میں آجاؤ یہ وہاں بھی چلے جائیں گے، وہ وزارت کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں، جس کابینہ میں یہ وزیر رہا وہ وزیراعظم ذلیل ہوا۔