عمران نیازی وزیراعظم بن جاتے تو پورے ملک کا حشر صوبہ خیبر پختونخواہ جیسا ہوتا، عابد شیر علی

Abid Sher Ali

Abid Sher Ali

راولپنڈی/ اسلام آباد : وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف استعفیٰ دیکر حکومت عمران خان کے حوالے کردیتے یا بدقسمتی سے عمران نیازی وزیراعظم بن جاتے تو پورے ملک کا حشر صوبہ خیبر پختونخواہ جیسا ہوتا،پختون قوم کو شہباز شریف جیسے اچھے لیڈر کی ضرورت ہے وگرنہ حالات نہیں بدلیں گے، مجرمانہ غفلت کے مرتکب لوگ کارکردگی دکھانے کی بجائے دوسروں کو مورد الزام ٹھہراکراور نظام بدلنے کی باتیں کرکے عوام کو گمراہ نہ کریں،ملک بند کرنے کی دھمکی کو تاجر برادری اور عوام نے پسند نہیں کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن پنجاب کے آرگنائزنگ سیکریٹری مقبول احمد خان اور فیڈرل کیپیٹل اسلام آباد کے صدر سردار مہتاب خان کی قیادت میں راولپنڈی اسلام آباد کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجز کے طلباء کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا،طلباء نے ملکی ضروریات کے پیش نظر توانائی کے حصول کیلئے وفاقی وزیر مملکت کی کاوشوں کو سراہااور انہیں راولپنڈی میں کھلی کچہری لگانے کی دعوت بھی دی جسے قبول کرلیا گیا۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے پاس کوئی گیدڑ سنگھی یا الٰہ دین کا چراغ نہیں ہے وہ 18.18 گھنٹے دن رات محنت کرتے ہیں صوبہ پنجاب میں گڈ گورنس اور صوبائی محکموں کی کارکردگی درست ہے،دستیاب وسائل کا بروقت اور صحیح استعمال ہوتا ہے،میٹرو بس سمیت دیگر کامیاب تعمیراتی منصوبے ان کی قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں، یہی وجہ ہے کہ ترقی کی چکا چوند سے مخالفین کی آنکھیں چندھیانے لگتی ہیں اور پنجاب پر چڑھائی کے منصوبے بنائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی قیادت میں خیبر پختونخواہ کی حکومت نے پشاور میں میٹروبس منصوبے کی منظوری دیکر اور اشتہارات جاری کرنے کے باوجود صرف اس لیئے میٹرو بس منصوبہ ختم کردیا کہ مبادا کہیں!پشاور کے لوگوں کو بھی لاہوریوں اور راولپنڈی کے لوگوں کی طرح سہولتیں مل گئیں تو ان کی عادتیں خراب نہ ہوجائیں،خیبر پختونخواہ کی حکومت ڈیڑھ سال میں تخت بھائی میں ایک چھوٹا سا پل نہیں بناسکی ایسی حکومت سے عوامی بھلائی کی اور کیا توقع کی جاسکتی ہے،عمران نیازی کے پلان سی میں ملک کو بند کرکے ملکی معیشیت کو تباہ کرنے کا پلان تو موجو ہے لیکن پلان سی میں صوبہ خیبر پختونخواہ کی ترقی او عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا دور دور تک کوئی ذکر نہیں ہے۔

چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ عوام عمران نیازی اور ان کے لے پالک ساتھیوں کی گالم گلوچ سے تنگ آچکے ہیں ،عوام ان سے پوچھتے ہیں کہ کیا ؟۔لانگ مارچ،دھرنے ،دوسروں کی ذات پر کیچڑ اچھالنا اورملک بند کرنے کی دھمکیاں ہی مسئلے مسائل کا حل ہیںاور ان سب باتوں سے خیبر پختونخواہ کے عوام کا کیا فائدہ ہوگا؟۔کیا؟۔خیبر پختونخواہ میں دودھ اور شہد کی نہریں بہنے لگیں گی،چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہتحریک انصاف کے دور میںپختون قوم کا استحصال کیا جارہا ہے اگر عمران نیازی کے یہی لچھن رہے تو لا محالہ پنجاب،سندھ اور بلوچستان کے عوام کی طرح صوبہ خیبر پختونخواہ کے عوام بھی تحریک انصاف کا آئندہ انتخابات میں برا حشر کریں گے۔

احتجاجی سیاست نے ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا ہے اور دھرنوں کی صورت میں ملک کے ساتھ وہ ظلم کیا گیا ہے جو کوئی دشمن بھی نہیں کرتا ،پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے جاری منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالی گئیں، جھوٹ اور مکاری کی سیاست کرنے والوں کو سمجھنا چاہیئے کہ ملکی مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔نئے پاکستان کے دعویداروں نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا ہے،بھتہ خوری میں90 فیصد ،ڈکیتیاں 60 فیصد اور دہشت گردی 30 فیصد بڑھ گئی ہے،18 ماہ میں400 سو سے زائد کارخانے بند ہوگئے ہیں جبکہ ہزاروں شریف شہری تاجر اور صنعتکار دوسرے صوبوں اور بیرون ممالک منتقل ہوئے ہیںانہوں نے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ( ن) کو پانچ سال کے لیے مینڈیٹ دیا ہے ، وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں خوشحالی کا سفر مکمل کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست اور 30 نومبر کی طرح 8 دسمبراور دیگر تاریخیں بھی گزر جائینگی،فیصل آباد کی تاجر برادری اور عوام نے عمران نیازی کی فیصل آباد بند کرنے کی کال کو مسترد کردیا ہے،اسی طرح لاہور اور کراچی کے عوام بھی ان کی سازشوں کو مسترد کردیں گے،چوہدری عابد شیر علی نے مزید کہا کہ پورے ملک کے عوام، تاجر برادری، مزدور، محنت کش، نوجوان، طلباء و طالبات ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، ملکی ترقی اور عوام کے مستقبل سے کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔