’بھارت کا افغانستان میں کوئی کردار نہیں ‘

Fawad Chaudhry

Fawad Chaudhry

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پڑوسی ملک پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا افغانستان میں کوئی کردار نہیں ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا سمجھ نہیں آتا کہ ہندوستان کیوں افغانستان کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تنقید کر رہا ہے، ہندوستان کا افغانستان سے کوئی تعلق نہیں کیوں کہ ان کی تو ایک سرحد بھی افغانستان سے نہیں ملتی لیکن بھارتی میڈیا کو مانیٹر کیا جائے تو یوں لگتا ہے جیسے افغانستان ہندوستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا بھارت کا افغانستان میں کوئی کردار نہیں ہے اور ہم بھارت کو اجازت نہیں دیں گےکہ وہ افغان سرزمین کوپاکستان کےخلاف استعمال کرے۔

ان کا کہنا تھا بھارتی ٹیکس دہندگان کو چاہیے کہ وہ بھی مودی سے پوچھیں کہ افغانستان پر اربوں ڈالرز کیوں ضائع کیے؟ بھارتی لوک سبھا بھی مودی سے پوچھے کہ بھارتی عوام کے اربوں ڈالرز افغانستان میں کیوں لگائے؟

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پالیسی ہے کہ ایک عام افغان شہری کی زندگی بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی کہ افغانستان سے انخلا کرنے والے لوگوں کی، اگر ہم یہ کہیں کہ جو لوگ کابل میں رہ گئے ہیں انہیں پیچھے چھوڑ دیا جائے تو یہ مناسب نہیں ہے کیوں کہ اس طرح افغانستان میں عدم و استحکام پیدا ہو گا جو کہ دنیا بھر کے ممالک کے مفادات کے خلاف ہے۔

ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہناتھا کہ حکومت مخالف اتحاد( پی ڈی ایم) ختم ہو چکا، شہباز شریف، بلاول، مریم اور فضل الرحمان کو نہیں پتا کہ دوسرے کی رائے کیا ہے۔

ن لیگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے اندر ایک بہت بڑی لڑائی جاری ہے، ن لیگ میں ہر ہفتے ٹاس ہوتا ہے کہ ایک ہفتے شہباز شریف قیادت کریں گے تو دوسرے ہفتے مریم نواز، اسی ٹاس کے نتیجے میں تیسرے ہفتے شاہد خاقان عباسی اور چوتھے ہفتے نواز شریف کی باری ہوتی ہے۔