پاک بھارت مقابلوں کو ترسے شائقین کے دل کی مراد پوری

Fans

Fans

لاہور (جیوڈیسک) پاک بھارت مقابلوں کو ترسے شائقین کے دل کی مراد پوری ہو گئی، ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔

ستمبر میں دبئی اور ابوظبی میں ہونے والے ایشیا کرکٹ کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے،6ملکی ٹورنامنٹ کیلیے 2گروپ تشکیل دیے گئے ہیں،اے میں پاکستان، بھارت اور ایک کوالیفائر ٹیم شامل ہوگی، بی میں سری لنکا،بنگلہ دیش اور افغانستان کو رکھاکیا گیا ہے،کوالیفائنگ ٹیم کے طور پر شمولیت کیلیے دوڑ میں یواے ای، سنگاپور،اومان، نیپال،ملائیشیا اور ہانگ کانگ موجود ہیں، ہر گروپ سے سرفہرست 2 ٹیمیں سپر 4مرحلے میں جگہ بنائیں گی،ٹاپ پر رہنے والی ٹیموں کے مابین فائنل کھیلا جائے گا۔

افتتاحی میچ 15ستمبر کو بنگلہ دیش اور سری لنکا کے مابین دبئی میں ہوگا، اگلے روز پاکستان کو اسی وینیو پر کوالیفائر ٹیم کے آسان شکار کا موقع میسر آئے گا،17ستمبر کو سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں ابوظبی میں آمنے سامنے ہوںگی،اگلے روز بھارتی ٹیم دبئی میں کسی کوالیفائر ٹیم پر ہاتھ صاف کرنے کیلیے کوشاں نظر آئے گی۔

پاکستان اور بھارت کے مابین ہائی وولٹیج ٹاکرا 19ستمبر کو دبئی میں نہ صرف یواے ای بلکہ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنے گا،اگلے روز بنگلہ دیش اور افغانستان کے ابوظبی میں میچ کے ساتھ گروپ مرحلے کا اختتام ہوجائے گا۔

ٹاپ 4 ٹیموں کے مابین مقابلوں کا فارمیٹ بڑادلچسپ رکھا گیا ہے،اس میں نہ صرف کسی ایک گروپ کی فاتح ٹیم کا دوسرے کی رنرز اپ بلکہ اپنے گروپ کی نمبر ٹو اور دوسرے کی ٹاپ ٹیم سے بھی میچ ہوگا، 21ستمبر کو گروپ اے کی سرفہرست ٹیم کا بی کی رنرز اپ سائیڈ سے دبئی میں مقابلہ ہوگا، اسی روز گروپ بی میں ٹاپ پوزیشن کی حامل ٹیم کو اے کی رنرز اپ سے ابوظبی میں ٹکرانا ہوگا،23ستمبر کو گروپ اے کی دونوں ٹاپ ٹیمیں دبئی میں مقابل ہوںگی،اسی روز گروپ بی کی دونوں سرفہرست ٹیموں کا میچ ابوظبی میں ہوگا،25ستمبر کو گروپ اے کی فاتح ٹیم کا مقابلہ بی کی فاتح ٹیم سے دبئی میں ہوگا،اگلے روز گروپ اے کی رنرز اپ اور بی کی رنرز اپ ابوظبی میں مقابل ہوںگی۔

اس مرحلے کی دونوں ٹاپ ٹیموں کے مابین فائنل 28ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کو دیکھا جائے تو گروپ مرحلے کے بعد بھی کم ازکم ایک پاک بھارت مقابلہ لازمی ہے،ایک ٹیم گروپ میں فاتح، دوسری رنرز اپ رہی تب بھی دونوں کا دوبارہ ٹکراؤ ہوگا، اگر روایتی حریفوں نے فائنل تک رسائی حاصل کرلی تو تیسرا میچ بھی ممکن ہے۔

گزشتہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کا ہوا تھا جس میں بھارت نے فائنل میں بنگلہ دیش کو ہرا کر چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا تھا، مجموعی طور پر بھارتی ٹیم 6بار ٹائٹل پر قبضہ جما چکی جس میں آخری بار ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ تھا، اس سے قبل سری لنکا 2014میں فاتح رہا تھا، یوں ون ڈے کرکٹ میں آئی لینڈرز جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں بلوشرٹس دفاعی چیمپئن قرار دیے جا سکتے ہیں، پاکستان نے 2000اور 2012میں ٹائٹل پر قبضہ جمایا تھا۔