بھارت میں مہنگی پیاز نے عوام کو رلا دیا

India

India

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت میں روپے کی گرتی قدر اور پیاز کی بڑھتی قیمت نے شہریوں کے آنسو نکال دیے ہیں۔ پیاز اتنی قیمتی ہوگئی ہے کہ ڈاکو بھی پیاز لوٹنے میں مصروف ہیں۔ بھارتی معیشت کو ایک دہائی میں بدترین بحران کا سامنا ہے لیکن عام بھارتی شہری پیاز کی قیمت سے پریشان ہے۔ بھارتی بازاروں میں پیاز نایاب ہے۔

پیاز کی بڑھتی ہوئی قدر وقیمت دیکھتے ہوئے ڈاکو وں نے نقدی اور زیوارت چھوڑکر اب پیاز لوٹنا شروع کردی ہے۔ اتوار کو دلی جے پور شاہراہ پر ڈاکو40 من پیاز سے لدے ہوئے ٹرک چھین کر لے گئے۔

پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین ڈاکووں کو گرفتار کرکے ٹرک بازیاب کروالیا۔ بھارت میں ایک ماہ قبل پیاز کی قیمت 20 روپے کلو تھی۔ رواں ہفتے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک کلو پیاز 80 روپے تک بکی اور اب اس کی فی کلو قیمت 60 روپے تک آگئی ہے۔ بھارتی شہریوں کا طنزیہ کہنا ہے کہ نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ پیازکی سیکیورٹی کا بھی بھرپور انتظام ہوناچاہیے۔ بھارتی منڈیوں میں اکتوبر میں اگلی فصل آنے تک پیاز کی قیمتوں میں اضافہ جاری رہنے کا امکان ہے۔