ملک میں کرپشن کے سوا سبھی کچھ غیر حقیقی ہے، منور حسن

Munawar Hassan

Munawar Hassan

کراچی (جیوڈیسک) میاں صاحب اپنے کارڈز ٹھیک سے کھیلیں اور غیروں کو بھی اپنا بنائیں مگر یہاں تو اپنے بھی دور ہوتے جارہے ہیں۔ ہفتے کو کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ افغانستان کے خراب حالات کے نتیجے میں پاکستان متاثر ہو رہا ہے۔

سلالہ چیک پوسٹ پر حملہ پوری فوج پر حملہ تھا۔ ڈرون حملے آزادی اورخود مختاری کے خلاف ہیں۔ پاکستان میں کرپشن کے سوا ’’داعش‘‘ کی وال چاکنگ سمیت سبھی کچھ غیر حقیقی ہے۔ سید منور حسن کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے اہم مسئلہ پاکستان کی بقاء اور سلامتی کا ہے۔ ہم پاکستان کی آزادی اور خود مختاری کو کھو رہے ہیں۔

پارلیمنٹ نے یہ قرارداد منظور کی تھی کہ خارجہ پالیسی کو از سر نو مرتب کیا جائے لیکن جو لوگ اقتدار میں موجود ہیں انہیں ابھی تک یہ توفیق نہیں ہوئی کہ خارجہ پالیسی کو بدلیں۔ اگر کوئی چین اور ایران تک پہنچنا چاہتا ہے تو وہ پاکستان کی مدد کے بغیر آگے نہیں پہنچ سکتا۔ بھارت کو خطے کا چوکیدار بنانے کے لیے بھی پاکستان کی مرضی کے بغیر ایسا کرنا ممکن نہیں۔