بھارت کی جیل میں قید پاکستانی شہری عمران وارثی کو رہا کر دیا گیا

Imran Warsi

Imran Warsi

اسلام آباد (جیوڈیسک) بھارت کے شہر بھوپال کی جیل میں قید پاکستانی شہری عمران وارثی کو رہا کر دیا گیا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق عمران وارثی کو 26دسمبر کو واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستانی حکام کے حوالے کیا جائے گا جب کہ بھارتی حکام نے پاکستانی ہائی کمیشن دہلی کو عمران وارثی کی رہائی سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے شہر کراچی سے تعلق رکھنے والے عمران وارثی 10 سال بھوپال کی جیل میں قید رہے اور ان کی سزا اس سال جنوری میں ختم ہوئی تاہم جرمانہ کی عدم ادائیگی پر رہائی نہ ہوسکی تھی۔

سفارتی ذرائع نے بتایا کہ عمران وارثی کو اپنی کزن سے محبت ہوئی اور شادی کیلئے بھارت پہنچا تھا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھوپال میں سرگرم سماجی کارکن سید عابدحسین نے عمران وارثی کی رہائی میں اہم کردار ادا کیا۔

عمران وارثی نے اپنے ایک وڈیو بیان میں کہا ہے کہ اس کی بیوی اور بچے بھارت میں ہی ہیں جنہیں پاکستان لانے کیلئے وہ پاکستانی حکام سے مدد لیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی جاسوس حامد انصاری کو سزا پوری ہونے پر مردان جیل سے رہا کیا گیا تھا جس کے بعد اسے واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔

پاکستانی دفترخارجہ کے مطابق حامد نہال انصاری کابل کے راستے 2012 میں غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوا تھا اور وہ پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھا جسے سزا مکمل ہونے پر رہا کیا گیا۔