بھارتی وزیراعظم ایسی غلطی نہ کریں جس کا خمیارہ پورے خطے کو بھگتنا پڑے :سردار عتیق

Sardar Atiq

Sardar Atiq

اسلام آباد (جیوڈیسک) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ ہندوستانی قیادت کا دھمکی آمیز رویہ ان کے کھوکھلا پن کا ثبوت ہے۔ نریندر مودی ایسی غلطی نہ کریں جس کا خمیازہ سارے خطے کو بھگتنا پڑے۔ پاکستان کی دفاعی صلاحیت پوری دنیا میں تسلیم شدہ ہے۔ نیلا بٹ تحریک آزادی کا عسکری اور نظریاتی مینارہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم نیلا بٹ کے موقع پرجلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جلسہ سے مسلم کانفرنس کے سینئر نائب صدر ملک محمد نواز، مسلم کانفرنس باغ کے صدر سردار میر اکبر خان، مرکزی نائب صدر سردار سیاب خالد، مرزا محمد شفیق جرال، سردار محمد صغیر چغتائی،سردار عثمان علی خان، سید یوسف نسیم، عبدالمجید ملک، شفیع ڈار، انجینئر محمود مشتاق ، الطاف وانی ،عبدالعزیز علوی نے بھی خطاب کیا۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ ہندو قیادت کو ہندو طالبان پر توجہ دینی چا ہئے ۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے قائد اعظم کی کشمیر پالیسی کی تجدید کر دی ہے ۔ پاکستان کی کوئی حکومت کشمیر کو نظر انداز کرکے دیر تک قائم نہیں رہ سکتی۔ کشمیر کا پرامن حل جنوبی ایشیا کے امن کی سب سے بڑی ضمانت ہے۔

تحریک آزادی کشمیر میں شامل ہر شخص ہمارے نزدیک ایک قومی ہیرو کی حیثیت رکھتا ہے۔ نیلا بٹ کے اس جتماع میں پوری ریاستی قیادت کی خدمات کا اعتراف تحریک کے مخالفین کے لئے ایک واضح پیغام ہے کہ ہمیں تقسیم نہیں کیا جاسکتا۔ حریت کانفرنس کے قائدین ہماری اجتماعی قیادت کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ہمیں مل کر سازشوں کا راستہ بند کرنا ہو گا۔

مشکل اور آزمائش کا مقابلہ اتحاد سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عدم استحکام اہل کشمیر کے لئے دکھ اور پریشانی کا باعث ہے۔ چھ لاکھ کشمیر ی شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جا سکتیں۔ حکومت پاکستان کو اب یہ فیصلہ کرنا ہے کہ کشمیریوں کا قاتل ہندوستان پسندیدہ ہے یا پاکستان کے دفاع کے لئے جان دینے والے کشمیری ان کے پسندیدہ ہیں۔ قاتل اور مقتول دونوں پسندیدہ نہیں ہو سکتے۔