اسلام آباد: آغا سراج کی کراچی منتقلی کیلئے راہداری ریمانڈ منظور

Siraj Durrani

Siraj Durrani

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) احتساب عدالت نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے حکام سخت سکیورٹی میں پی پی رہنما اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو لے کر احتساب عدالت پہنچے جہاں انہیں جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے آغا سراج کے دو دن کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ آغا سراج کے وارنٹ گرفتاری ہیں، ان کو پہلی دستیاب پرواز سے کراچی منتقل کیا جائے گا لہٰذا ریمانڈ منظور کیا جائے۔

اس موقع پر جج محمد بشیر نے آغا سراج سے استفسار کیا کہ آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں؟ اس پر پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ انہیں کہیں کہ جلدی کراچی بھجوا دیں۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی استدعا پر آغا سراج درانی کا دو روز کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔

واضح رہےکہ آغا سراج درانی نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں سپریم کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کی تھی لیکن عدالت نے انہیں سندھ ہائیکورٹ کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے نیب کےسامنے سرینڈر کرنے کا حکم دیا۔

عدالتی حکم کے بعد آغا سراج کئی گھنٹے عدالت میں موجود رہے تاہم عدالت سے باہر آنے پر نیب نے انہیں گرفتار کرلیا۔