اسلام آباد: موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ، محمد فیصل میر

اسلام آباد(محمد بلال احمد بٹ)فیڈرل کونسل ممبر و چیف آرگنائزر پی پی پی شیر پائو محمد فیصل میر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے جس سے ان کی مایوسی میں اضافہ ہو رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ امن اور خوشحالی کے نام پر عوام نے موجودہ حکومت کو ووٹ دیئے لیکن وہ ان کے توقعات پر پورا نہ اتر سکے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے شہید حیات محمد خان شیرپائو کی 35 ویں برسی کی مناسبت سے ہونے والے ایک پارٹی وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ محمد فیصل میرنے شہید رہنماء کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے عوامی کاز کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی انھوں نے کہا کہ شہید رہنماء نے معاشرے کے پسے ہوئے طبقات میں سیاسی بیداری پیدا کرکے انھیں اس قابل بنایا کہ وہ ہر ظلم اور نا انصافی کے خلاف ڈٹ سکے۔

انھوں نے کہا کہ حیات شیرپائو محض ایک شخصیت نہیں تھے بلکہ وہ ایک ادارہ اور مشن کی حیثیت رکھتے ہیں جنھوں نے محروم طبقات کی زندگیوں کو ایک نئی جہت دی تاکہ وہ قومی سیاست میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔انھوں نے کہا کہ حیات شیرپائو نے سیاسی عمل میں انقلابی تبدیلیاں لاتے ہوئے معاشرے میں امراء طبقات کی اجارہ داری ختم کرکے غریبوں کو سیاست میں ایک اعلیٰ مقام دلاوایا۔اس موقع پر محمد فیصل میر نے کہا کہ شہید لیڈر کے بد خواہ ان کو جسمانی طور پر ہم سے جدا کرنے میں کامیاب ضرور ہوئے تاہم وہ اس کے سیاسی نظریے اور مشن کو خاموش کرنے میں ناکام ہوئے۔انھوں نے کہا کہ حیات شیرپائو کی رحلت کے بعد اس کی مشن کا بیڑا آفتاب شیرپائو نے اٹھایا اور وہ اس کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے نبرد آزما ہیں۔انھوں نے کہا کہ آفتاب شیرپاؤ نے عوام کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کیلئے جو تحریک شروع کر رکھی ہے۔

وہ اپنے مقاصد کیلئے آگے بڑھ رہا ہے تاکہ ان کو ذاتی مفاد کی سیاست کرنے والوں کی بد اعتمادیوں سے بچائے۔انھوں نے کہا کہ اس وقت عوام تاریخ کے نازک موڑ سے گزر رہے ہیں کیونکہ ہر طرف معصوم عوام کا خون بہہ رہا ہے اور ان کے نام نہاد علمبردار وں نے ان کی مشکلات پر مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہے۔انھوں نے کہا کہ اب موجودہ پس منظر میں آفتاب شیرپائو واحد سیاستدان ہیں۔

جو پاکستانی عوام کے حقیقی معنوں میں قائد ہیں اور جو ان کو موجودہ بحرانی کیفیت سے نکالنے میں ایک فعال کردار ادا کر سکتے ہیں لہٰذا تمام عوام اس کے ہاتھ مضبوط کرنے کیلئے آگے بڑھیں۔انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ہمارا پاکستان اقتصادی مشکلات سے دوچار ہے ۔انھوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ اندرونی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی ،امن کے قیام اور تاوان کیلئے ہونے والی اغواء کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔