اسرائیلی وزیراعظم پیرس کے حملہ آوروں سے بڑا دہشت گرد ہے، ترکی

Netanyahu

Netanyahu

انقرہ (جیوڈیسک) ترکی کے وزیراعظم احمد داود اوگلو نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو بھی فلسطینیوں کے خلاف اسی طرح کی دہشت گردی اور سنگین جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے جس طرح فرانس کے دارالحکومت پیرس میں گزشتہ ہفتے دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں سترہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ترک وزیراعظم نے برسلز کے لیے روانگی سے قبل انقرہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میرے نزدیک پیرس میں دہشت گردی کے مرتکب افراد اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے۔

ایک اعتبار سے نیتن یاھو فرانس میں دہشت گردی کے مرتکب عناصر سے بھی بڑا دہشت گرد ہے کیونکہ اس کے حکم پر ہزاروں معصوم فلسطینیوں کا نہایت بے رحمی کے ساتھ اجتماعی قتل عام کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہی نیتن یاھو ہے جس نے غزہ کی پٹی میں ساحل سمندر پر کھیلنے والے معصوم فلسطینی بچوں پر جنگی طیاروں کے ذریعے بم برسائے تھے جس کے نتیجے میں کئی ماﺅں کے لخت جگر شہید ہو گئے تھے۔

ہم فرانس میں ہونے والی دہشت گردی کو نہیں بھول سکتے ہیں اور ہمیں فلسطینیوں کے خلاف صیہونی ریاست کی دہشت گردی کو بھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔