کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) حکمران اور اپوزیشن جماعتوں نے انتخابی اصلاحات کے نام پر عوام کو بے وقوف بنانے اور دو جماعتی اقتدار کو تحفظ دینے کا جو طریقہ ڈھونڈا ہے محب وطن روشن پاکستان پارٹی اسے مسترد کرتی ہے کیونکہ متناسب نمائندگی کو لازم قرار دیئے بناءحقیقی معنوں میں اکثریتی عوام کے منتخب نمائندوں کی بجائے مسترد افراد کے ایوان اقتدار میں پہنچنے کی روایت برقرار رہے گی۔
محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ شفاف انتخابات کیلئے ضروری ہے کہ 70فیصد ووٹ کاسٹ لازمی قرار دیا جائے اور کامیابی کیلئے کل 30فیصد متناسب شرح نمائندگی لازم قرار دی جائے تاکہ چند ووٹوں کی سبقت و برتری کے ذریعے اکثریتی عوا م کے مسترد افراد کے اسمبلی میں پہنچنے کا راستہ رک سکے۔
امیر پٹی نے مزید کہا کہ انتخابی عمل کو شفاف بنانے کیلئے صوبوں کی متناسب نمائندگی کے ذریعے 20 ممبران پر مشتمل الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے جو خود ہی چیف الیکشن کمیشن کا انتخاب کرے اسی طرح ہر صوبے میں موجود ڈویژنوں کی متناسب نمائندگی کے ذریعے صوبائی الیکشن کمیشن تشکیل دیئے جائیں اور تمام صوبائی الیکشن کمیشن بھی اپنے اپنے چیف خود منتخب کریں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے زیر نگرانی خدمات انجام دے جبکہ عدلیہ‘ میڈیا ‘ فوج اور قومی سیاسی جماعتوں کے نمائندگان پر مشتمل قومی سلامتی کونسل تشکیل دی جائے جو الیکشن کمیشن اور انتخابی عمل کی نگرانی کا فریضہ انجام دے۔