کراچی : مختلف علاقوں میں دس دس گھنٹے بجلی بندش سے شہری بے حال

Load Shedding

Load Shedding

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں دس دس گھنٹے بجلی بندش نے شہریوں کو بے حال کردیاہے۔ پانی کی قلت کا مسئلہ بھی سر اٹھانے لگا ہے۔ طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں گلشن اقبال، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، شاہ فیصل، گلزارہجری، میٹروول اور کورنگی شامل ہیں۔ دن بھر بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے بعد ، رات میں بھی کئی علاقے اندھیرے میں ڈوبے نظر آتے ہیں۔

شہر میں ایک اور مسئلہ بھی سر اٹھانے لگا ہے۔ ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق حب پمپنگ اسٹیشن پر رات 8 بجے سے بجلی کی تاروں میں خرابی کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہے۔کے ای ایس سی کی جانب سے متبادل ذرائع سے بجلی فراہم کیے جانے کے باوجود پانی کی فراہمی نہیں کی جا رہی۔

بلدیہ، شیر شاہ ، اورنگی، نارتھ کراچی ، پاک کالونی، سائٹ ، سرجانی سمیت کئی علاقوں کے مکینوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ گھارو پمپنگ اسٹیشن پر بھی بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شاہ فیصل، ملیر اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل ہے۔کے ای ایس سی ترجمان کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ گیس کی فراہمی میں کمی کی وجہ سے بڑھانا پڑا ہے۔